یواین آئی
موسم سرما کے سرد ترین چالیس دنوں کا عرصہ یعنی، چلہ کلاں شروع ہونے کے ایک روز قبل ہی پوری وادی کشمیر شدید سردی کی گرفت میں آئی جس دوران گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4اعشاریہ 4ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں بیشتر آبی ذخائر بشمول سیاحوں کی تفریح کا مرکز شہرہ آفاق جھیل ڈل کے بیشتر حصے منجمد ہوگئے ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چند روز کے دوران موسم خشک رہے گا جس کے نتیجے میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج کی جاسکتی ہے ۔ وادی کشمیر میں موسم سرما کے سرد ترین چالیس دنوں کا عرصہ یعنی چلہ کلان کل نصف شب سے شرو ہوگا۔ چلہ کلان کے دوران نہ صرف رات بلکہ دن کے وقت بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیاجاتا ہے ، جب کہ بیشتر آبی ذخائر بشمول شہرہ آفاق جھیل ڈل، جھیل ولر منجمد رہتی ہیں اور دریائے جہلم اور لدر میں پانی کی سطح میں کمی دیکھی جاتی ہے ۔ ڈل جھیل1965میں پہلی بار مکمل طور پر منجمد ہوگئی تھی جب ایک جیپ اس کے اوپر دوڑی تھی۔ بعد میں1986ء میں پھر ایک بار یہ مشہور جھیل مکمل طور پر منجمد ہوگئی تھی اور مقامی لوگوں و سیاحوں کی توجہ کا مرکزبن گئی تھی جو جھیل کے بیچوں تصاویر لے رہے تھے جب کہ بچے ہاکی کھیلتے ہوئے دیکھے گئے تھے ۔ وادی کشمیر اور خطہ لداخ کے لوگ چلہ کلان سے قبل ہی غذائی اجناس اور اشیاء ضروریہ کا وافر اسٹاک اپنے گھروں میںموجود رکھتے ہیں جبکہ اس دوران لوگ سردی سے بچنے کے لئے روایتی کانگڑیوں اور گرم ملبوسات کا خوب استعمال کرتے ہیں۔ ماضی میں وادی کشمیر کے لوگ گرمی کے موسم میں سبزیاں اور چھوٹی چھوٹی مچھلیاں سکھاتے تھے اوربعد میں یہ سکھائی ہوئی سبزیاں اور مچھلیاں چلہ کلان مین استعمال کی جاتی تھیں چونکہ سرما میں سبزیوں کی قلت پیدا ہوجاتی ہے ۔ تاہم یہ چلن اب ختم ہوچکا ہے ۔ اس کے علاوہ سرما میں استعمال کے لئے گاجر، مولی اور شلغم زیر زمین اسٹور کرتے تھے ۔ تاہم یہ چلن دیہی علاقوں میں ابھی بھی موجود ہے ۔ کسانوں کا ماننا ہے کہ چلہ کلان کے چالیس دنوں کے عرصہ کے دوران زمین مردہ ہوجاتی ہے اور کوئی بھی فصل نہیں اگتی ہے ۔
Kashmir Cold Wave: Fringes Of Dal Lake Frozen
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں