جی ایچ ایم سی انتخابات - کانگریس کی جانب سے انتخابی مہم کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-20

جی ایچ ایم سی انتخابات - کانگریس کی جانب سے انتخابی مہم کا آغاز

حیدرآباد
ایس این بی
اب جب کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی میں گنتی کے دن باقی رہ گئے ہیں۔ ایسے میں کانگریس پارٹی نے آج یوتھ کانگریس قائد ین کا ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدو جہد کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کویقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عملا انتخابی بگل بجادیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی نے برسر اقتدار ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر سیاسی مفادات کے حصول کی خاطر حد سے زیادہ سرگرمی دکھارہی ہے ۔ گاندھی بھون پرکاشم ہال میں یوتھ کانگریس قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کے عوام کی ضروریات زندگی کی نشاندہی کے ذریعہ ابتدائی ترقیاتی سر گرمیوں کا سہرا صاف کانگریس کے سرجاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے مختلف ترقیاتی سر گرمیوں کے ذریعہ حیدرآباد شہر کو بین الاقوامی سطح کے شہر میں تبدیل کرنے کی سعی کا آغاز کردیا تھا اور اس سلسلہ کی کڑی کے طور پر کانگریس حکومت نے میٹرو ریل پروجیکٹ، آؤٹررنگ روڈ ، ایکسپریس ہائی وے ، انٹر نیشنل ایئر پورٹ، دریائے گوداوری اور کرشنا سے حیدرآباد کے لئے پینے کے پانی کی سربراہی کے اقدامات ، راشن کارڈس، وظائف ، مکانات کی فراہمی اور پرانا شہر کی ترقی جیسے اہم اقدامات کئے ۔ اب جب کہ جی ایچ ایم سی انتخابات بالکل قریب ہین ۔ ٹی آر ایس حکومت کانگریس حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی اقدامات پر اپنی مہر لگاتے ہوئے اس کا سہرا اپنے سر لے رہی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس وزراء اور قائدین حیدرآباد کے اطراف گھومتے ہوئے روز ایک نیا تماشہ دکھارہے ہیں ۔ انہوں ںے یوتھ کانگریس قائدین پر زور دیا کہ وہ حکومت کے خلاف جنگ کے لئے تیار ہوجائیں اور کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کی جدو جہد شروع کریں۔ اتم کمار ریڈی نے یوتھ کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے لیے جدو جہد کا آغاز کریں ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ یوتھ کانگریس پر اب بھاری ذمہ داری ہے ۔ چنانچہ اسے چاہئے کہ وہ اسمبلی حلقوں میں بلدی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرے ،150ڈیویژنس میں کمیٹیاں قائم کریں اور کانگریس کے کارناموں کو عوام کے درمیان لے جائیں، ٹی آر ایس کے جھوٹے وعدوں کو عوام کی عدالت میں رکھیں اور عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے ان مسائل کی یکسوئی کے ذریعہ عوام کے دلوں میں کانگریس کے لئے جگہ بنائیں ۔ ریاستی صدر انیل کمار نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ کانگریس مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے اور کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت کی مخالف عوام اور کسان پالیسیوں کے خلاف جدو جہد کا آغاز کرے ، انہوں نے پارٹی قیادت سے درخواست کی کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے لئے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ ٹکٹس دیں ۔ اس موقع پر گریٹر حیدرآباد کانگریس کے صدر وانم ناگیندر، سابق ارکان پارلیمان انجن کمار یادو، جی ویویک ، سابق ارکان اسمبلی جے گیتا ریڈی، ڈی سدھیر ریڈی ، ریاستی یوتھ کانگریس کے انچارج ہرش وردھن، این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ اور یوتھ کانگریس کے مختلف قائدین، انچارجس ، پارلیمانی اور اسمبلی حلقہ جات موجود تھے ۔ بعد ازاں یوتھ کانگریس کے قائدین نے ای آئی سی سی سربراہ سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی کو سیاسی طور پر ہراساں کرنے کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی کا علامتی پتلہ نذر آتش کیا۔ قبل ازیں یوتھ کانگریس قائدین نے ایک زبردست ریالی بھی منظم کی۔

T Congress Leaders Plans GHMC Elections Campaign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں