ملک میں پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کا وعدہ - راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-28

ملک میں پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کا وعدہ - راجناتھ سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا ہے کہ حکومت آنے والے سالوں میں ملک میں پر امن محفوظ اور ہم آہنگ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران سیکوریٹی کی صورتحال بالخصوص کشمیر اور شمال مشرقی علاقہ میں بہتر ہوئی ہے ۔ پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم ملک میں پر امن محفوظ اور ہم آہنگ ماحول کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔اور خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ سال2016ء کے دوران ہم جرائم اور تشدد کی سطح کو کم کرنے کے رجحان کو مزید تقویت پہنچانا چاہتے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے سال2015ء کو ان کی وزارت کے لئے غیر معمولی سال قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی کی صورتحال میں بہتری دیکھی گئی ہے ۔ جموں و کشمیر اور بائیں بازو کی شدت پسندوں کے متاثرہ علاقوں میں تشدد کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم نے سیکوریٹی کی صورتحال کو بہترب نانے کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء کے دوران خواتین کے خلاف جرائم کی تحقیقات کے لئے تحقیقاتی یونٹ کا قیام اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت خواتین کے تحفظ کے تعلق سے کتنی فکر مند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں خواتین کے لئے33فیصد تحفظات کو متعارف کروانا2015کے دوران ایک اہمیت کا حامل قدم ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قبل از وقت احتیاطی اقدامات کی وجہ سے ہند۔ بنگلہ دیش بارڈر کے ذریعہ مویشیوں کی اسمگلنگ کے واقعات میں قابل لحاظ حد تک کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحدات پر وزارت داخلہ کے تحت نیم فوجی دستے نگرانی کرتے ہیں ۔ جہاں پر امن و امان کی فضا برقرار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ سال2016کے دوران نیشنل ایمر جنسی ریسپانس سسٹم خاص ٹیلی فون نمبر112کے ساتھ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ تمام ایمرجنسی کا ل وصول ہوتے ہی فوری طور پر شہریوں کی مدد کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں کے دوران انڈین سائبر کرائم کوارڈینیشن سنٹر کے ذریعہ سائبر سیکوریٹی نیٹ ورک کو مزید مستحکم کیاجائے گا۔ رن آف کچ میں حال ہی میں اختتام پذیر بی جے پی کانفرنس میں وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن فون کے ذریعہ نوجوانوں کی انتہا پسندی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطرناک دہشت گرد گروپ آئی ایس آئی کی سر گرمیاں ہندوستان میں دیکھی جارہی ہیں۔ انہوں نے آئی ایس آئی ایس کے خطرہ کو روکنے کے لئے ریاستی اور مرکزی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروپ ہندوستان کے پڑوسی ممالک اور بنگلہ دیش اور افغانستان میں قدم جمانے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیکوریٹی کی صورتحال میں اس سال پہلے کی بہ نسبت بہتری آئی ہے ۔

Indian family values act as deterrent to IS, says Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں