دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ملت اسلامیہ کو اجتماعی حلف لینے کی ضرورت - نجمہ ہپت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-16

دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ملت اسلامیہ کو اجتماعی حلف لینے کی ضرورت - نجمہ ہپت اللہ

نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے فرانس میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پوری دنیا کی ملت اسلامیہ کو اجتماعی طور پر حلف لے کر اس پر عمل درآمد کرناچاہئے ۔ محترمہ ہبت اللہ نے آج یہاں یو این آئی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز دہشت گردوں نے فرانس میں سلسلے وار حملے کے ذریعہ بے قصور خواتین بچوں اور بزرگوں کا قتل عام کیا ہے ، اس کی مذمت کے لئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں 9/11کے حملے کے بعد تقریبا دو ہزار لوگوں نے دہشت گردی کے خاتمے کا عہد کیا تھا اور اس عہد پر امریکی عوام نے اتنی مضبوطی سے عمل کیا کہ وہاں اس کے بعد کبھی9/11جیسا کوئی حملہ نہیں ہوا ۔ اس لئے اب وہ وقت آگیا ہے کہ پوری دنیا کے امن پسند لوگوں اور امن پسند مسلمانوں کو دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے لئے اجتماعی عہد کرنا چاہئے تاکہ اس کا خاتمہ کرکے پوری دنیا میں امن پسند اسلام کی حقیقی تصویر پیش کی جاسکے ۔ محترمہ نجمہ ہبت اللہ نے فرانس کے سانحہ کے ہلاک شدگان کے تئیں شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند مٹھی بھر گمراہ افردا پر مشتمل نام نہاد مسلم تنظیموں کی حرکتوں سے پوری دنیا کے امن پسند مسلمان شرمندہ ہیں جنہیں سماج میں ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسند نام نہاد اسلامی تنظمیں معصوم بچوں اور خواتین اور بزرگوں پر مظالم کرکے پوری دنیا کے مسلمانوں پر ظلم کررہے ہیں۔ کیونکہ اسلام نے بے قصوروں ، بچوں اور عورتوں کے قتل کی ہرگز اجازت نہیں دی ہے اور اس طرح کے جرائم کا ارتکاب کرنے والے گناہ عظیم کے مرتکب ہیں ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ جو تنظیمیں اور جو افراد دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آگے آئیں گے وہ ان کے ساتھ ہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے مذہبی رہنماؤں، دانشوروں اور سرکردہ نمائندوں کو اپنی اجتماعی کوششوں سے ایسی گمراہ تنظیموں اور اس میں شامل نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ وہ دہشت گردی کا راستہ ترک کر کے اصل قومی دھارے میں شامل ہوجائیں ۔ ملت یہ نیک قدم اٹھا کر ایک طرف جہاں پوری دنیا کے مسلمانوں کو شرمندہ ہونے سے بچائے گی وہیں ان گمراہ نوجوانوں کو گناہ عظیم کرنے سے بھی بچایاجاسکے گا ۔ محترمہ ہبت اللہ نے کہا کہ دہشت گردانہ حملوں کو انہوں نے بہت قریب سے دیکھا ہے ، پارلیمنٹ پر حملے اور ٹرکی کے بازار میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی وہ عینی شاہد ہیں ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ9/11کے حملے میں ان کی بیٹی بال بال بچی تھیں کیونکہ متاثرہ عمارت کی37ویں منزل پر ان کا دفتر تھا اور خوش قسمتی سے اس روز وہ اپنے دفتر نہیں گئی تھیں۔ اس لئے خدا نے انہیں بچالیا ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کے دو گھنٹے کے بعد ان کا اپنی بیٹی سے رابطہ ہوسکا اور وہ دو گھنٹے محترمہ ہبت اللہ کے لئے قیامت خیز تھے ۔

Muslims should unite against terror : Najma Heptullah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں