اپوزیشن جماعتوں کا آج تلنگانہ بند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-10

اپوزیشن جماعتوں کا آج تلنگانہ بند

حیدرآباد
آئی اے این ایس
کسانوں کی خود کشی ، واقعات کو فوری اثر کے ساتھ روکنے کے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست کی اپوزیشن جماعتوں نے ہفتہ کو تلنگانہ بند کا اعلان کیا ہے ۔ اہم اپوزیشن جماعتوں کانگریس، تلگو دیشم، بی جے پی کے علاوہ بائیں بازو کی پارٹیوں نے بھی بند منظم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ مختلف عوامی تنظیموں نے بھی اس بند کی تائید کی ہے۔ پولیس نے آج بند کی تائید میں یہاں ریالی نکالنے کی کوشش پر کانگریس کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے سابق وزیر ڈی ناگیندر کے علاوہ سابق ایم پی انجن کمار یادو کو پارٹی کے دیگر کارکنوں کے ساتھ اس وقت حراست میں لے لیا جب کہ وہ تاریخی چار مینار سے بند کی تائید میں ریالی منظم کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ کانگریس، دراصل چار مینار تا سکندر آباد ریالی منظم کرتے ہوئے عوام کو کل کے بند میں حصہ لینے کی ترغیب دینا چاہتی تھی تاہم پولیس نے ان کی اس کوشش کو ناکام بنادیا ۔ پولیس نے کانگریس قائدین کو یہ کہتے ہوئے آگے بڑھنے سے روک دیا کہ شہر میں ریالی نکالنے کی اجازت نہیں لی گئی جس کے سبب کچھ دیر کے لئے حالات کسی قدر کشیدہ ہوگئے ۔ پولیس کی مداخلت پر برہم کانگریس کارکنوں نے صبح کے اس مصروف ترین اوقات میں سڑکوں پر بیٹھ گئے اور حکومت کے خلاف نعرے لگانے لگے جس کے باعث گاڑیوں کی حمل و نقل پر اثر پڑا ۔ پولیس نے تمام احتجاجیوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں کنچن باغ پ ولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ ریاست کی تمام اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے کسانوں کے قرض کو یکمشت معاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے10اکتوبر کو تلنگانہ بند کا اعلان کیا ہے ۔ درایں اثناء قائد حزب اختلاف و سینئر کانگریس لیڈر کے جانا ریڈی نے عوام کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ ہفتہ کو منائے جانے والے ریاست گیر بند کو کامیاب بنائیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کسانوں کو انتہائی اقدام سے باز رکھنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو انصاف ملنے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت، کسانوں کے قرض معافی اسکیم کو روبہ عمل لانے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسمبلی میں بھی اس تعلق سے کوئی واضح بیان نہیں دیا ہے اور کسانوں کے ساتھ انصاف کرنے کے مطالبہ پر اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو ایوان سے معطل کردیا گیا حکومت کا یہ اقدام غیر جمہوری ہے۔ تلگو دیشم اور بی جے پی نے بھی مختلف مقامات پر احتجاج منظم کرتے ہوئے کسانوں کے قرض کو یکمشت معاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس، تلگو دیشم اور بی جے پی کی زیر قیادت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ طور پر10اکتوبر کو تلنگانہ بند کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد ٹی آر ایس حکومت پر کسانوں کے قرض کو یکمشت معاف کرنے کے وعدہ کی تکمیل کے لئے دباؤ بنانا ہے ۔ ضلع کھمم میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کے جانا ریڈی نے آج کہا کہ اگر کسانوں کے قرض کو یکمشت معاف کیاجاتا ہے تو ربیع سیزن کے لئے کسانوں کو نہ صرف تازہ قرض فراہم ہوسکیں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں