بہار میں سیاسی جماعتوں کو تحمل برتنے الیکشن کمیشن کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-10

بہار میں سیاسی جماعتوں کو تحمل برتنے الیکشن کمیشن کی ہدایت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
الیکشن کمیشن نے آج بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تقریروں کے دوران اوچھی ، نازیبا اور جارحانہ زبان کے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو صبروتحمل برتنے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے بلند ترین معیار پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ کمیشن نے تمام جماعتوں کو یہ ہدایت ایسے وقت جاری کی ہیں جب گزشتہ ایک ہفتہ سے ریاستوں میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غیر مہذب اور ناشائستہ زبان کا استعمال کررہے ہیں ۔ اور الیکشن کمیشن سے ایک دوسرے کی شکایتیں بھی کررہے ہیں ۔کمیشن کے چیف سکریٹری اجئے کمار نے آج تمام قومی سیاسی جماعتوں کے صدور اور جنرل سکریٹری کے علاوہ بہار کی تمام سیاسی جماعتوں کے صدور اور جنرل سکریٹری کے علاوہ بہار کی تمام سیاسی جماعتوں کے صدور اور جنرل سکریٹری کو لکھے گئے خط میں قائدین کی تقاریر میں اوچھی اور نازیبا زبان کے استعمال کا باعث تشویش بتایا ہے ۔ کمیشن نے خط میں لکھا کہ گزشتہ17دسمبر کو ہی کمیشن نے انتخاب کے سلسلہ میں تمام جماعتوں کو ہدایتیں جاری کی تھیں لیکن اس کے بعد بھی اسپر کوئی عمل نہیں کیاجارہا ہے ۔ سیاسی تقریروں کا لہجہ نفرت پھیلانے والا اور لوگوں میں مذہب ، ذات برادری کی بنیاد پر اختلافات پیدا کرنے والا ہے ۔ان تقریروں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی نیت اور ایک دوسرے کے تئیں غلط ارادے ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ کمیشن نے کہا کہ انتخابات میں اس طرح کی تقریریں کی جارہی ہیں اور انتخابی ضابطہ اخلاق میں اس طرح کی تقاریر کی ممانعت ہے۔ کمیشن نے ان تمام سیاسی جماعتوں اور امید واروں کو یاد دلایا ہے کہ دستور کی دفعہ19(1)Aکے تحت اظہار رائے کی آزادی کا استعمال اس طرح نہیں ہونا چاہئے کہ اخلاقیات اور وقار کا خیال رکھاجائے اور قانون اور نظام تحلیل نہ ہو یا ایک دوسرے کی بد نامی ہو یا ایک دوسرے کو اکسایا جائے ۔ کمیشن نے ان تمام سیاسی پارٹیوں اور ان کے قائدین اور امید واروں کی توجہ دلاتے ہوئے بالا صاحب وکھے پاٹل بنام جی وائی کنکر اؤ کے معاملہ مٰں سپریم کورٹ کے اس تبصرہ کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ ملک کی تمام قومی جماعتوں کے سرکردہ قائدین کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ رائے دہندوں کو ضروری معلومات فراہم کرنے میں معیار کو برقرا رکھیں تاکہ پر امن اور منصفانہ انتخابات کے لئے سازگار ماحول بنے لیکن اگر وہ اس طرح کی تقریر یں نہیں کرتے ہیں تو انتخابی مہم گندی ہوجاتی ہے کیونکہ یہ نچلے سطح تک چلا جاتا ہے اور تشدد کو بھی پھلنے پھولنے کا موقع مل جاتا ہے اور اس طرح سیاست جرائم کا شکار ہوجاتی ہے ۔ جمہوریت کے لئے یہ لمحہ فکریہ ہے اور یہ ملک کے اعلیٰ قائدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس رجحان کو ختم کریں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں