آندھرا پردیش کے نئے صدر مقام کی دس روزہ تقاریب کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-10

آندھرا پردیش کے نئے صدر مقام کی دس روزہ تقاریب کا اعلان

وجئے واڑہ
پی ٹی آئی
آندھرا پردیش کے نئے صدر مقام امراوتی کی افتتاحی تقاریب کا آغاز13اکتوبر کو ہوگا اور وہ22اکتوبر تک چلیں گی ۔ ریاستی چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج یہ بات بتائی ۔ چیف منسٹر نے آج تمام ضلع کلکٹروں کے ساتھ ایک اپنے کیمپ ہیڈ کوارٹر پر ایک ٹیلی کانفرنس منعقد کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی 22اکتوبر کو وجیا دشمی کے موقع پر نئے صدر مقام کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ریاستی حکومت اس موقع کو ایک بڑا ایونٹ بنانا چاہتی ہے ۔ حکام کو ریاست کے تمام16ہزار مواضعات کے عوام کو تحریک دینے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ یہ عوام اپنے اپنے گاؤں کی مٹی لاکر20اکتوبر کو امراوتی میں جمع کریں گے ۔ اس جمع کردہ مٹی کا ایک استو پا بنایاجائے گا۔ ساتھ ہی ریاست میں بہنے والی ندیوں کا پانی جمع کرکے22اکتوبر کو امراوتی لایاجائے گا۔ نائیڈو نے ساتھ ہی تمام ضلع کلکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ امراوتی سنکلپ جیوتی ، ٹارچ کو پوری ریاست میں گھمائیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کا ہر شہری کم از کم اپنی طرف سے اس نئے صد ر مقام کے لئے ایک اینٹ عطیہ دے ۔
حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے22اکتوبرکو آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے سنگ بنیاد کی عظیم الشان تقریب میں شرکت سے متعلق تذبذب کا شکار ہیں۔ ذرائع کے بموجب چیف منسٹرنے تا حال پروگرام میں شرکت سے متعلق ہنوز اپنا ذہن نہیں بنایا ہے ۔ کے سی آر اپنے پارٹی رفقاء سے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ تاہم ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے ۔ پارٹی قائدین کے ایک گروہ کا کہنا ہے کہ تقریب میں شرکت سے یہ پیام ملے گا کہ وہ آندھرا کے عوام کے خلاف نہیں ہیں ۔ بعض دیگر قادین نے کہنا ہے کہ شندرابابو اور کے سی آر میں تاریخی مخاصمت کے پیش نظر کے سی آر تقریب میں شرکت سے احتراز کریں ۔ کے سی آر ایک دہے سے آندھرا علاقہ میں داخل بھی نہیں ہوئے ہیں۔ رقم برائے ووٹ اسکام نے کے سی آر اور چندرا بابو نائیڈو کے مابین تنازعہ کو اور بھی پیچیدہ کردیا ہے۔ اے پی حکومت نے ملک و بیرون ملک سے زائد از 15ہزار افراد کو مدعو کیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں