آر ایس ایس نفرت پھیلانے والی فیکٹری - لالو پرساد یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-09

آر ایس ایس نفرت پھیلانے والی فیکٹری - لالو پرساد یادو

پٹنہ
آئی اے این ایس
راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد نے آج آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی جانب سے تحفظات کی پالیسی پر نظر ثانی کے مطالبہ کے بعد دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو تحفظات کے مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ لالو پرسادنے آج بہار میں4ریالیوں سے خطاب کے لئے مودی کے دورہ سے قبل یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آر ایس ایس سربراہ کی جانب سے تحفظات ختم کرنے کے مطالبہ کے بعد مودی اس پر خاموش کیوں رہے ۔ انہیں یا تو اس بیان کی مذمت کرنی چاہئے تھی یا پھر اپنے موقف کی وضاحت کرنی چاہئے تھی ۔ لالو پرساد نے کہا کہ اگر مودی تحفظات کی تائید نہیں کرتے تو وہ نقلی او بی سی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کی آبادی کے تناسب سے تحفظات دئیے جائیں۔ ہم تحفظات میں اضافہ کرنے کے خواہاں ہیں ، جب کہ آر ایس ایس اسے ختم کرنے کی سازش رچ رہی ہے ۔ لالو پرساد نے بی جے پی صدر امیت شاہ کو بھی نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ امیت شاہ مودی کو پیچھے ہٹاتے ہوئے وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے آر ایس ایس کو ایک ایسی فیکٹری قرار دیا جو ملک میں نفرت پھیلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا ایجنڈہ دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو غلام بنائے رکھنے کا ہے ۔ لالو پرساد نے انتخابات میں بی جے پی کے ترقیاتی ایجنڈے پر بھی سوالیہ نشان لگایا اور کہا کہ اگر پارٹی کو ترقی کے عدے کے بارے میں یقین ہے ، تو وہ ٹی وی ، لیاپ ٹاپ اور اسکوٹی تقسیم کرنے عوام کو رشوت دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے عوام کو انتباہ دیا کہ مودی نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورانہ کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بہار میں پیسے کی طاقت کا استعمال کررہی ہے ۔ ایسا اس نے پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔ پارٹی نے بیسیوں ہیلی کاپٹرس منگوائے ہیں اور اس کے قائدین نے مہنگے ہوٹل کمرے بک کیے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے بموجب آر جے ڈی سربراہلالو پرساد نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو چیلنج کیا کہ یہ ثابت کریں کہ انہوں نے ان کے بارے میں شیطان کا ریمارک کیا تھا یا پھر طعنہ دیتے ہوئے ان کی توہین کرنے پر بہار کے عوام سے معافی مانگیں ۔ لالو پرساد نے ٹوئٹر پر کہا کہ میں مودی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ میری جانب سے انہیں شیطان کہے جانے کو ثابت کریں یا پھر مجھے طعنہ دیتے ہوئے بہار کے عوام کی توہین کرنے پر ان سے بر سر عام معافی مانگیں ۔ واضح رہے کہ مودی نے آج بہار کے ضلع مونگیر اور بیگو سرائے میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد کے اس ریمارک کا حوالہ دیا کہ شیطان ان کی زبان میں گھس گیا ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے بیف کے بارے میں تبصرہ کیا تھا ۔ مودی پر سخت جوابی وار کرتے ہوئے آر جے ڈی سربراہ نے ٹوئٹر پر کہا کہ مجھے شیطان کہتے ہوئے مودی کو بہار کے عوام کی مزید توہین نہیں کرنی چاہئے ۔ میں انہیں اور ان کے چاپلوس میڈیا والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ میرا وہ بیان پیش کریں جس میں انہیں شیطان کہاگیا ہے ۔

RSS a factory of hate, NaMo against Dalits : Lalu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں