ہندوستانی فضائیہ کا 83 واں یوم تاسیس - صدر جمہوریہ کی مبارکباد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-09

ہندوستانی فضائیہ کا 83 واں یوم تاسیس - صدر جمہوریہ کی مبارکباد

نئی دہلی
یو این آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے ہندوستانی فضائیہ کے83ویں یوم تاسیس کے موقع پر فضائیہ کے عملے اور عہدداران کو مبارکباد دی ہے۔ مسٹر مکرجی نے فضائیہ کے لئے اپنی مبارکباد کے پیغام میں کہا مجھے یہ جان کر بڑی مسرت ہوئی کہ ہندوستانی فضائی( آئی اے ایف)8اکتوبر کو اپنی83واں یوم تاسیس منارہی ہے۔ مکرجی نے ہندوستانی فضائیہ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ ہندوستانی آسمانوں کے مضبوط محافظ کی حیثیت سے ملک و قوم کی خود مختاری کی حفاظت کرتی رہی ہے ۔ گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران ہندوستانی فضایہ کی شاندار خدمات ہمیشہ لائق تحسین رہی ہیں۔ پچھلے کچھ عرصہ کے دوران آئی اے ایف جدید ترین مشینیں اور اسلحہ حاصل کرکے ایک ناقابل شکست طاقت کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئی ہے ۔ آج آئی اے ایف کو دنیا بھر میں بہترین فضائیہ کی حیثیت حاصل ہے ۔ صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ آج کے عالمی نظام میں آئی اے ایف کا کردار محض ایک جنگ لڑنے تک محدود نہیں ہے ۔ بلکہ ہماری فضائیہ قومی بحران کے دوران بر وقت اور قابل قدر خدمات انجام دیتی ہے ۔ ماضی میں متعدد آفات ناگہانی کے دوران ہندوستانی فضائیہ بر وقت امداد و راحت پہنچانے کے کام میں آگے رہی ہے ۔یمن سے ہمارے ہندوستانی شہریوں کو بذریعہ طیارہ واپس لانے ، سری نگر کے سیلاب کے دوران لوگوں کی جانیں بچانے اور نیپال میں حالیہ انتہائی خوفناک ترین زلزلے کے بعد راحت اور بچاؤ کے کام میں جو غیر معمولی اور قابل قدر خدمات انجام دی ہیں وہ محض لائق ستائش ہی نہیں بلکہ ناقابل فراموش ہیں۔ ہندوستانی قوم ہمارے ان بے لوث فضائی جنگجوؤں کی قربانی اور خدمات کی ہمیشہ مقروض رہے گی ۔ مجھے یقین ہے کہ آئی اے ایف میں جاری جدید کاری کا موجود ہ عمل اسے مزید توانا اور حکمتی فوج کی شکل دینے کے نتیجے میں ہماری ہندوستانی فضائیہ مزید فعال طاقت کی صورت میں ابھر کر سامنے آئے گی اور پوری خود سپردگی اور عہد بستگی کے ساتھ ملک و قوم کی خدمات جاری رکھے گی ۔ میں اس موقع پر آئی اے ایف کے عہدداران اور عملے، اس کے شہری ملازمین اور ان کے خاندانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ مجھے آئی اے ایف کی ان کامیابیوں پر فخر ہے جو اس نے پچھلے کچھ برسوں کے دوران حاصل کی ہیں۔ میں اس کی مستقل کوششوں میں کامیابی کی دعا کرتا ہوں ۔

President Pranab Mukherjee wishes IAF on 83rd anniversary

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں