ہندوستانی جارحیت کا جواب محدود نیوکلیائی اسلحہ سے دیا جائے گا - پاکستان خارجہ سکریٹری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-21

ہندوستانی جارحیت کا جواب محدود نیوکلیائی اسلحہ سے دیا جائے گا - پاکستان خارجہ سکریٹری

اسلام آباد
یو این آئی
پاکستان کے سکریٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان نے محدود اثرات والے جوہری ہتھیار تیار کرلیے ہیں ۔ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ وہ ہندوستان کے مبینہ، کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرین، یا پروایکٹیو اسٹریٹٰجی بھی کہاجاتا ہے کا جواب کس طرح دے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کے سلسلہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اعزاز چودھری نے بتایا کہ اس دورے کے دوران پاکستان ، امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے جوہری معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف امریکا کے چار روزہ دورے کے دوران22اکتوبر کو امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات کریں گے ۔ رپورٹوں کے مطابق اوباما انتظامیہ پاکستان پر نیو کلیائی معاہدے پر دستخط کروانے کے لئے دباؤ ڈالے گی ، جسے قبول کرنے سے پاکستان نیو کلیائی سپلائزر گروپ کا حصہ نہیں بن سکے گا۔ پاکستان کے سکریٹری خارجہ نے کہا کہ ہمارا نیو کلیائی پروگرام صرف ایک رخی ہے، تاکہ ہندوستان کو جارحیت سے قبل ہی روکا جائے ۔ اس کا مقصد جنگ کو شروع کرنا نہیں ، بلکہ اپنا تحفظ کرنا ہے ۔ کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن کی تفصیلات بتاتے ہوئے اعزاز چودھری نے کہا کہ ہندوستان اس حکمت عملی پر عمل در آمد کرتے ہوئے پہلے ہی ا پنی چھاؤنیاں پاکستانی سرحد کے قریب تر لاچکا ہے ۔ یہ حکمت عملی ہندوستان کو اپنے روایتی ہتھیار وں سمیت دیگر گاڑیوں اور ایندھن کی فراہمی کو پاکستان کے قریب لانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے محدود اثرات والے نیو کلیائی ہتھیار ہندوستان کو پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑنے میں مشکلات پیدا کردیں گے ، خاص کر ایسی صورتحال میں جب کہ ان کی جوہری طاقت محدود ہے ۔ پاکستان کے سکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ ہمارا یہ ماننا ہے کہ جب آپ کے پاس جوہری طاقت موجود ہو تو آپ کو جنگ کے لئے ساز گار ماحول نہیں پیدا کرنا چاہئے، کیونکہ جنگ واحد انتخاب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہندوستان کا پیدا کیا ہوا خلا پر کیا ہے اور ہم ایسا کرنے کا حق رکھتے ہیں ، امریکی میڈیا میں آنے والی رکاوٹوں کے مطابق واشنگٹن چاہتا ہے کہ پاکستان اپنے ٹیکنیکل ہتھیاروں کے سلسلے میں موجود حکمت عملی کا روکے کیونکہ یہ جنوبی ایشیاء میں نیو کلیائی جنگ کے آغاز کا باعث بن سکتے ہیں۔ امریکہ سے نیو کلیائی معاہدے کے لئے پاکستان کی شرائط کے سلسلے میں سوال کے جواب میں اعزاز چودھری نے کہا کہ ہم نیو کلیائی معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے ، کسی بھی قسم کے معاہدے پر نہیں۔۔ اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستان بحیثیت نیو کلیائی طاقت اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی جانتا ہے اور اس کی جانب سے ایٹمی تنصیبات کی حفاظت کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو بین الاقوامی طور پر تسلیم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک بھی نیو کلیائی حادثہ نہیں ہوا ، ہمارے پاس انتہائی سخت کنٹرول سسٹم موجود ہے اور ہم اپنے اس ریکارڈ پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔

Pakistan with ‘tactical nukes’ ready to counter Indian aggression: Aizaz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں