آندھرا کے نئے دارالحکومت کی کل سنگ بنیاد تقریب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-21

آندھرا کے نئے دارالحکومت کی کل سنگ بنیاد تقریب

حیدرآباد
یو این آئی
آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت امراوتی کی22اکتوبر کو منعقد ہونیو الی سنگ بنیاد کی تقریب کے سلسلہ میں محکمہ نظم و نسق عامہ کی جانب سے مہمانوں کے استقبال کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نئے دارالحکومت امراوتی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ دنیا کے کئی ممالک سے اس تقریب میں آنے والے مہمانوں کی سہولت کے لئے ٹرانسپورٹ انتظام پر توجہ دی گئی ہے ۔ اب تک تقریبا50انتہائی اہم ترین شخصیتوں نے اس تقریب میں شرکت کی توثیق کردی ہے۔ حکومت آندھرا پردیش نے تقریبا چار ہزار شخصیتوں کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے جس میں سیاسی قائدین ، تاجر طبقہ کی اہم شخصیتیں اور اہم صنعتکار بھی شامل ہیں ۔ ان مہمانوں کے قیام کے لئے ہوٹلوں کے کمروں، سیکوریٹی اور کھانے کے انتظامات پر بھی توجہ دی جارہی ہے ۔ میگھالیہ، آسام، ٹاملناڈو کے گورنروں نے دسہرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں شرکت کی توثیق کی ہے ۔ پنجاب کے چیف منسٹر پرکاش سنگھ بادل نے بھی تقریب میں شرکت کی توثیق کی ۔ نئے دارالحکومت کی تعمیر میں اہم رول ادا کرنے والے سنگا پور اور جاپان کے وزراء کی خصوصی ٹیمیں بھی اس تقریب میں شرکت کرنے والی ہیں۔ اس دوران آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی کی سنگ بنیاد کے لئے ریاست کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے لائی گئی مٹی اور پانی کی گاڑیوں کو ناگرجنا یونیورسٹی سے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے جھنڈی دکھا کر امراوتی کے لئے رونہ کیا۔ 21اکتوبر کو ریاست کے مختلف حصوں سے حاصل کردہ اس مٹی میں ملک کی اہم دریاؤں کا پانی ملایاجائے گا جس کے بعد تقریبا16ٹن مٹی اور16ہزار لیٹر پانی کا استعمال یادگار کی تعمیر کے لئے استعمال کیاجائے گا جس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم نریندر مودی رکھیں گے ۔

دریں اثنا حیدرآباد سے اعتماد نیوز کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وائی ایس آر کانگریس نے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیدو پر الزام عائد کیاکہ ریاست کے نئے دارالحکومت کے نام پر وہ خود کو اور اپنے ساتھیوں کو دولتمند بنانے میں مصروف ہیں ، اس کا ریاست کے عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس کی جانب سے آج اس سلسلہ میں وضاحت کی گئی کہ چندرا بابو نائیڈو نے خود واضح طور پر اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ ریاستی حکومت، دارالحکومت کے قیام کے سلسلہ میں کمر شیل وینچرس پر کام کررہی ہے اور خود مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے ۔ پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف منسٹر آندھرا پردیش سے ایک انٹرویو کے دوران جب پوچھا گیا کہ ریاستی حکومت رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کررہی ہے اس سے انہوں نے بالواسطہ اتفاق کیا۔ مرکزی وزیر نے بھی کہا کہ دارالحکومت کے لئے فنڈس جمع کئے جارہے ہیں، اس سے ظاہر ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کو دور رکھتے ہوئے صرف چیف منسٹر اور ان کے ہمنوا دولت جمع کرنے میں مصروف ہیں ۔ وائی ایس آر کانگریس کے ترجمان کے پارتھا سارتھی نے کہا کہ تلگو دیشم کے قائدین نے دارالحکومت اور اس کے آس پاس بڑے پیمانہ پر اراضیات خریدلی ہیں ۔ ایک بیرونی ریسرچ اسکالر نے اپنے مقالہ میں یہ تحریر کیا کہ چندرا بابو نائیڈو نے ہمیشہ اپنے قریبی ساتھیوں کی مدد کی ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ دارالحکومت کے نام پر چندرا با بونائیڈو اور ان کے ساتھی رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کررہے ہیں ۔

AP Capital Amaravathi Foundation Ceremony today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں