کشمیر میں بعض مقامات پر احتجاج اور جھڑپیں - 6 افراد زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-21

کشمیر میں بعض مقامات پر احتجاج اور جھڑپیں - 6 افراد زخمی

سری نگر
پی ٹی آئی
اودھم پور پٹرول بم حملہ میں زاہد رسول بھٹ کی موت کے خلاف کشمیر کے بعض حصوں میں آج دوسرے دن بھی احتجاج کیا گیا اور سیکوریٹی فورسس کے ساتھ مظاہرین کی جھڑپیں ہوئیں ، جن میں کم از کم6افراد زخمی ہوگئے۔ سری نگر کے قلب میں واقع لال چوک بھی مظاہروں کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ جب کہ پولیس نے جے کے ایل ایف صدر نشین یسین ملک کے بشمول پانچ علیحدگی پسند قائدین کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب انہوں نے ضلع اننت ناگ میں متوفی زاہد بھٹ ے گھر کا دورہ کیا۔ ملک کو گرفتار کئے جانے کی خبر جوں ہی سری نگر کے میسومہ پہنچی تو یہاں نہ صرف آنا ً فاناً تمام دکانیں بند ہوئیں بلکہ مظاہرین اور سیکوریٹی فورسز کے مابین پر تشدد جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران فورسزنے سنگبار ی کررہے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا ۔ اننت ناگ کے بیشتر علاقوں میں زاہد کی موت کے خلاف آج دوسرے دن بھی مکمل بند دیکھا گیا۔ یہاں سیکوریٹی فورسس اور برہم مظاہرین کے درمیان دن بھر جھڑپیں ہوتی رہیں، جس میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کہا کہ اننت ناگ میں عوام کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن حساس علاقوں میں نظم و ضبط کی برقراری کے لئے سیکوریٹی فورسس تعینات کی گئی ہیں۔ بٹنگو سے بھی سیکولر فورسس اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں ۔ بٹنگو زاہد کا آبائی موضع ہے ۔ پولیس کے مطابق کلگام اور دوسرے علاقوں سے بھی جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ اننت ناگ اور بجبہارا کو چھوڑ کر وادی کشمیر مین آج عام زندگی بحال ہوگئی جہاں اودھم پور حملہ کے خلاف بطور احتجاج ہڑتال منظم کی گئی تھی ۔ جموں علاقہ کے اودھم پور میں بیف کی افواہوں پر پٹرول بم کے حملہ میں ٹرک ڈرائیور زاہد اور دیگر دو افراد بشمول پولیس اہلکار جھلس کر زخمی ہوگئے تھے ۔ زاہد18اکتوبر کو نئی دہلی کے صفدر جنگ ہسپتال میں جانبر نہ ہوسکے ۔ پانچ ملزمین کے خلاف قانون عوامی سلامتی( پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا بعد میں حکومت نے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور مہلوک کے ورثاء کو ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا۔ حکام نے آج صبح شہر خاص اور پرانا شہر میں پابندیاں برخاست کردیں ۔ اننت ناگ، بجبہارا، بٹنگو اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں آج دوسرے دن بھی تمام دکانیں اور کاروبار بند رہے اور پابندیاں اٹھا لینے کے باوجود سڑکوں سے ٹریفک غائب رہی ۔ سرکاری دفاتر ، بینکوں اور دیگر سرکاری شعبوں میں کام کاج متاثر رہا جب کہ تعلیمی ادارہ جات ویران نظر آئے ۔ سری نگر، جموں قومی شاہراہ بھی آج صبح کھول دی گئی جو سیکوریٹی وجوہات سے کل بند کردی گئی تھی ۔ جنوبی کشمیرمیں صورتحال بحال ہوگئی جہاں کاروباری سرگرمیاں پرسکو ن انداز میں چل رہی ہیں اور تمام راستوں پر ٹریفک بحال ہے ۔ اسی دوران جنوبی کشمیر کے بجبہارا، اننت ناگ اور کلگام علاقوں میں نوجوان مظاہرین اور سیکوریٹی فورسس پر پتھراؤ کیا۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ چند نوجوانوں نے کلگام میں قائمہ بازار اور خدوانی میں پتھراؤ کیا۔

Fresh Violence in Kashmir as Protesters Clash With Police

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں