دالوں کی قیمتوں پر مرکزی حکومت اور نتیش حکومت میں تکرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-21

دالوں کی قیمتوں پر مرکزی حکومت اور نتیش حکومت میں تکرار

نئی دہلی، پٹنہ
پی ٹی آئی
ایک ایسے وقت جب کہ دالوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے مرکز اور حکومت بہار کے درمیان آج الزامات کا تبادلہ ہوا ۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی سے یہاں تک کہا کہ وہ اچھے دن اپنے پاس رکھیں اور لوگوں کو پرانے دن ہی لوٹا دیں ۔ کانگریس نے بھی دالوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے نمٹنے کے لئے مودی حکومت کی پالیسیوں پر سوال اٹھایا۔ تور کی دال ریٹیل قیمت میں آج مزید اضافہ کے ساتھ دو سو دس روپے فی کلو ہوگئی جب کہ اڑت کی دال کی قیمت رٹیل مارکٹ میں198روپے فی کلو ہوگئی۔ حالانکہ حکومت نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی اور سپلائی کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کا دعویٰ کیا ہے ۔ بہار کے جاریہ انتخابات میں دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ایک مسئلہ بن گیا ہے ایسے میں مرکز نے نتیش کمار حکومت پر دالوں کی پیداوار میں کمی کی ذمہ داری تھوپی اور الزام لگایا کہ انہوں نے قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لئے مرکز کے خصوصی فنڈس کا استعمال نہیں کیا۔ مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے پٹنہ میں صحافیوں کو بتایا کہ مرکز نے ریاستی حکومتوں بشمول حکومت بہار کو6خطوط لکھے تاکہ وہ صارفین کو راحت پہونچانے کے لئے قیمتوں کے استحکام کے فنڈ کا استحکام کریں لیکن سیاسی کھیل کھیلنے والے نتیش کمار کی حکومت نے جان بوجھ کر اس کا استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھر اپردیش ، تلنگانہ ، دہلی اور مغربی بنگال نے اس فنڈ کا استعمال کیا اور دالیں ریٹیل مارکٹ میں120سے130روپے فی کلو بیچی جارہی ہیں۔ نتیش کمار نے دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں وزیر اعظم سے کہا کہ اچھے دن آپ اپنے پاس ہی رکھئے ۔ لوگوںکو ان کے پرانے دن ہی لوٹا دیں۔ نتیش کمار نے کہا کہ مرکزی وزراء دالوں کی قیمتوں کے لئے مجھے ذمہ دار ٹھہرارہے ہیں جس پر مجھے ہنسی آرہی ہے ۔ اگر ایسی بات ہے تو دالوں کی قیمت صرف بہار میں دو سو روپے کلو ہونی چاہئے تھی ۔ گجرات مہاراشٹرا اور مدھیہ پردیش میں دالیں200روپے فی کلو کیوں فروخت ہورہی ہیں ۔ کانگریس نے دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اس نے صرف6لاکھ ٹن دالیں درآمد کی ہیں حالانکہ ضرورت50لاکھ ٹن کی تھی۔ پارٹی کے سینئر ترجمان آنند شرما نے دہلی میں صحافیوں کو یہ بات بتائی۔

Nitish Kumar govt responsible for rise in prices of pulses

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں