پی ٹی آئی ، یو این آئی
سری نگر کے قلب میں واقع لال چوک میں تاریخی گھنٹہ گھرپر دو غیر کشمیری نوجوانوں کی جانب سے ترنگا لہرانے کی کوشش کے بعد سیول لائنس بشمول لال چوک میں شدید احتجاجی مظاہروں کے درمیان بند منایا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد سیکوریٹی فورسس نے میسومہ کی طرف جانے والی سڑک کو بڈشاہ چوک کے قریب بند کردیا۔ میسومہ میں جہاں جے کے ایل ایف کا ہیڈ کوارٹر ہہے ۔ جے کے ایل ایف کے صدر نشین یسین ملک کو جنہیں آج لال چوک میں ایک احتجاجی ریالی کی قیادت کرنی تھی ، پولیس نے ایک دن قبل ہی حراست میں لے لیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ دو غیر کشمیری نوجوانوں نے آج صبح تاریخی گھنٹہ گھر پر ترنگا لہرانے کی کوشش کی ، لیکن وہاں موجود لوگوں نے انہیں گھیرے میں لیا جس کے بعد پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو اپنی حفاظت میں لے لیا۔ تاہم جوں ہی گھنٹہ گھر پر ترنگا لہرانے کی خبر علاقہ میں پھیل گئی تو وہاں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے جس دوران مظاہرین نے آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی ۔ واقعہ کے بعد سیول لائنس کے مختلف علاقوں بشمول لال چوک ، میسومہ ، بڈشاہ چوک، ککر بازار اور گاؤ کدل میں سیکوریٹی فورسس کی اضافی تعداد تعینات کردی گئی ۔ ان علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند کردئے گئے ۔ تاہم گاڑیوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے ۔ نماز جمعہ کے بعد کشیدگی اور بھی پھیل گئی ۔ جے کے ایل ایف نے اعلان کیا کہ تاریخی لال چوک پر دھرنا منظم کیا جائے گا۔ اسی دوران مسلم علماء و ائمہ نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ شہر کی مختلف مساجد میں جمعہ کے خطاب میں ائمہ نے کہا کہ وادی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی یہ سوچی سمجھی سازش ہے ۔
جموں
پی ٹی آئی
پینتھرس پارٹی نے جموں میں ایک دن کے بند کی اپیل کی ہے جس کی تائید ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن نے بھی کی ہے۔ یہ بند اودھم پور ضلع میں آزاد رکن اسمبلی انجینئر شیخ رشید کی جانب سے بیف پارٹی دینے اور گائیوں کی ہلاکت کے خلاف منایاجارہا ہے ۔ پینتھرس پارٹی نے اودھم پور ضلع میں کل تین گائیوں کو ہلاک کئے جانے کے واقعہ کے خلاف دن بھر جموں بند کا اعلان کیا ہے ۔ جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن نے انجینئر شیخ رشید کی جانب سے بیف پارٹی دئیے جانے کے خلاف بھی احتجاجی بند کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ بار اسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ جموں میں ٹرانسپورٹرس یونین نے ابھی تک احتجاج میں حصہ لینے یا نہ لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں