کثرت میں وحدت ہندوستان کی خوبصورتی - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-26

کثرت میں وحدت ہندوستان کی خوبصورتی - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ملک میں فرقہ واریت اور ذات پات کے مسئلہ پر بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کے پس منظر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ مذاہب اور ذات پات کی کثرت ہندوستان کی خوبصورتی ہے اور اتحاد کے منظر کو سوچ اور اظہار کے ذریعہ آگے بڑھانا چاہئے ۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش پر ان کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کثرت میں وحدت کی پروزور وکالت کی اور کہا کہ امن ہم آہنگی اور اتحاد ترقی کی کلید ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ ، ہمارے رویہ اوراظہارکا وسیلہ اتحاد کا منتر ہونا چاہئے۔ وزیر اعظم نے اپنے ماہانہ من کی بات ریڈیو پروگرام کے ذریعہ ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مکمل تکثیریت ہے ۔ یہاں مختلف طبقات ، مذاہب، زبانیں ، اور ذاتیں پائی جاتی ہیں ۔ ہمارے ملک میں کئی قسم کے تنوع ہیں اور یہی ہماری خوبصورتی ہے۔ اگر یہ تکثیریت نہ ہوتی توہم فخر کرنے کے قابل نہ ہوتے چنانچہ تنوع اتحاد کا منتر ہے ۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ دیوالی کے موقع پر حکومت سونے سے متعلق اہم اسکیمات شروع کرے گی ۔ جن میں سونے کو بطور زر استعمال کرنے کی اسکیم شامل ہوگی ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے معاشی ترقی کو ایک نیا رخ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ سونے کے بطور زر استعمال کے علاوہ سونے کے بانڈس اور اشوک چکر والے سونے سکے بھی حکومت جاری کرے گی۔ مودی نے کہا کہ ہمارے ملک میں سونا سماجی زندگی کا اہم حصہ ہے ۔ معاشی سیکوریٹی اور مشکل وقت میں مدد کا ایک وسیلہ سمجھا جاتا ہے ۔ سونے سے عوام کی اس محبت کو کوئی کم نہیں کرسکتا لیکن موجودہ دور میں اسے منجمد اثاثہ بناکر رکھنا فائدہ مند نہیں ہے ۔سونا معاشی طاقت بن سکتا ہے ۔ سونے کو ملک کی معاشی خوشحالی کے لئے استعمال کیاجاسکتا ہے اور ہر ہندوستانی کو اس میں حصہ ادا کرنا چاہئے ۔ مودی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ بجٹ میں کئے گئے وعدہ کے مطابق حکومت دیوالی تہوار سے چند اہم اسکیمات شروع کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سونے کے بطور زر استعمال کی اسکیم کے تحت لوگ اپنا سونا بینک میں رکھ سکتے ہیں ۔ جس پر بینک انہیں اسی طرح سودا ادا کرے گا جیسے رقم پر ادا کرتا ہے ۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ مرکزی حکومت نے گروپ، ڈیسی اور بی نان گزیٹیڈ جائیدادوں پر تقررات کے لئے آئندہ سال جنوری سے انٹر ویوز کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اپنے یوم آزادی خطاب میں انہوں نے اس کا وعدہ کیا تھا چنانچہ حکومت نے نچلے درجہ کی ملازمتوں کے لئے انٹر ویو ختم کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یکم جنوری2016سے مرکزی حکومت میں نان گزیٹیڈ ڈی، سی اور بی زمروں کی جائیدادوں کے لئے انٹر ویو کی ضرورت باقی نہیں رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر ویو سسٹم کرپشن کے خاتمہ کے لئے برخاست کیاجارہا ہے ۔ اس کے ذریعہ غریب افراد کو دلال لوٹ رہے تھے ۔مودینے امید ظاہر کی کہ انٹر ویو کا طریقہ کار ختم کرنے سے بالخصوص غریبوں کو مدد ملے گی ۔ اس دوران نان گزیٹیڈعہدوں کے لیے انٹر ویوز کا طریقہ ختم کرنے کے وزیر اعظم کے اعلان پر ایک تنازعہ پیدا ہوگیا ہے اور ان پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ بہار کے مخالف بی جے پی عظیم اتحاد نے الزام لگایا کہ مودی کا یہ اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں ۔ اس سے نہ صرف ضابطہ اخلاق کیخلاف ورزی ہوئی ہے بلکہ تحفظات پر نظر ثانی کے لئے آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کے بیان پر عمل شروع ہوگیا ہے ۔

Diversity is India's beauty, take forward unity mantra: PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں