پاکستانی قانون سازکے دفتر پر خود کش دھماکہ - 7 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-15

پاکستانی قانون سازکے دفتر پر خود کش دھماکہ - 7 ہلاک

لاہور
پی ٹی آئی
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف میں پی ایم ایل این کے ایک قانون ساز کے سیاسی دفتر پر ایک خود کش بم دھماکہ کیا گیا جس میں کم از کم سات افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس حملہ میں حکمراں پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سردار امجد فاروق کھوسہ کے سیاسی دفتر کو نشانہ بنایا گیا ۔ ذرائع نے مقامی پولیس عہدہ دار غلام مبشر میکن کے حوالہ سے بتایا کہ اس پر تشدد کارروائی میں ممنوعہ سنی انتہا پسند گروپ لشکر جھنگیو ملوث ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ البتہ حقائق جاننے کے لئے تحقیقات کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔ اس دھماکہ کی شدت کے بارے میں فوری طور پر علم نہیں ہوسکا ۔ تاہم دھماکہ کے بعد امجد کھوسہ کے سیاسی دفتر کو آگ لگ گئی ، جس کے شعلے دور تک سے دیکھے جاسکتے تھے ۔ یاد رہے کہ انتہا پسند تنظیم لشکر جھنگوی کے رہنما ملک اسحاق کی ہلاکت کے بعد دوسری مرتبہ امجد کھوسہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ میکن نے بتایا کہ اس تازہ حملہ میں امجد کھوسہ محفوظ رہے تاہم ان کے چھ رشتہ دار اور ایک ساتھی ہلاک ہوگیا ۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملہ کے نتیجہ میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب دھماکہ ہوا تو اس وقت امجد کھوسہ کے سیاسی دفتر میں تقریبا چالیس افراد موجود تھے ۔ دھماکہ کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طورپر موقع پر جائے واقعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملہ میں زخمی ہونیو الے چار افراد کی حالت نازک ہے ۔ دھماکہ کی جگہ کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی وہاں پہنچ چکا ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے سیاستدان امجد کھوسہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکہ کی آوا ز دو کلو میٹر تک سنی گئی ۔پاکستانی صوبہ پنجاب کے گورنر رفیق رجوانہ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور ایم این اے امجد کھوسہ نے اس دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مہلوکین کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔

Suicide bombing at lawmaker's office kills 7 in Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں