منیٰ سانحہ کے ذمہ داروں کو جواب دہ بنایا جائے - امام مسجد الحرام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-27

منیٰ سانحہ کے ذمہ داروں کو جواب دہ بنایا جائے - امام مسجد الحرام

مکہ
پی ٹی آی
امام مسجد الحرام نے مطالبہ کیا ہے کہ منیٰ بھگدڑ کے ذمہ داروں کو جوابدہ بنانا ہوگا ۔ انہوں نے سعودی حکومت سے کہا کہ وہ یہ یقینی بنائے کہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو ۔ امام مسجد الحرام شیخ صالح الطالب نے اپنے خطبہ جمعہ میں کہا کہ ضیوف اللہ کی خدمت میں مصروف ہزاروں افراد کی کوششیں رائیگاں نہیں جانی چاہئیں ۔ الطالب نے سعودی حکام سے خواہش کی کہ وہ یہ یقینی بنائے کہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔ اس سلسلہ میں لا پرواہی برتنے والوں کو ان کی غلطی کے لئے جوابدہ بنایاجائے ۔ بھگدڑ پر سعودی حکومت پر تنقید کرنے والوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ پیش آنے والے کسی بھی واقعہ کو دنیوی یا سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت اپنے تمام وسائل اور صلاحیتوں سے لیس ہے ۔ وہ عازمین حج و عمرہ کے علاوہ مسجد الحرام اور مسجدنبوی کی زیار ت کرنے والے ہزاروں افراد کی خدمت کے لئے تمام کوششیں کررہی ہے ۔ زبردست ہجوم یا بھگدڑ کے باعث حادثہ کا پیش آجانا مملکت کو حاصل اعلیٰ مقام کی نفی نہیں کرتا۔ الطالب نے کہا کہ سعودی عرب حج انتظامات کو موثر طور پر انجام دینے کا پوری طرح اہل ہے ۔ اسے مسجدالحرام اور مسجد نبوی اور اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا پورا اختیار حاصل ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ سعودی حکام نے حج کی بہ آسانی تکمیل کے لئے قواعد و ضوابط بنائے ہیں۔ الطالب نے عازمین و حجاج سے کہا کہ وہ سختی سے ان قواعد و ضوابط پر عمل کریں تاکہ مناسک حج کی ادائیگی آسانی کے ساتھ ہو ۔ کل10لاکھ سے زائد افراد بشمول ہزاروں حجاج نے مسجد الحرام میں نمازجمعہ ادا کی ۔
دریں اثنا تہران سے اے ایف پی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ایران نے آج سعودی عرب سے کہا کہ وہ منیٰ بھگدڑ کے بعد لا پتہ ہونے والے اس کے340حاجیوں کا پتہ لگائے ۔ ایرانی حج تنظیم کے سربراہ اوہادی نے کہا کہ ابھی تک136ایرانی حجاج کے جاں بحق ہونے اور 102کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز منیٰ میں پیش آنے والے حادثہ پچھلے25سالوں میں اپنی طرز کا بد ترین سانحہ تھا۔ اوہادی نے قومی ٹیلی ویژن پر کہا کہ سانحہ کے دو دن بعد بھی ابھی تک344ایرانی حجاج کا پتہ نہیں چل پایا ہے ۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان نے کہا کہ لا پتہ حاجیوں کی فہرست سعودی عرب کے حوالے کردی گئی ہے ۔ مکہ میں جمعرات کے دن ہونے والے حادثہ مین زخمی ہونے والے ایرانی حجاج کے معاملے کو دیکھنے کے لئے وزیر ثقافت علی جنتی پیر کے روز ایک وفد کے ساتھ سعودی عرب جائیں گے ۔ ساتھ ہی وہ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے حجاج کرام کی نعشوں کو بھی ایران منتقل کریں گے ۔ ایرانی رہنماؤں نے اس سانحہ کے بعد سعودی عرب پر تنقید کی ہے اور کہا کہ صحیح انتظامات نہ ہونے کی بنا پر یہ واقعہ پیش آیا ۔ ایران کے اٹارنی جنرل ابرائیم رئیسی نے کہا کہ یہ صرف نا اہلی کا واقعہ نہیں ہے بلکہ ایک جرم کا ارتکاب ہے ۔ قومی ٹی وی چینل پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملہ میں سعودی عرب کے حکمراں خاندان السعود پربین الاقوامی کورٹ میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

Those responsible for Mina tragedy must be held accountable: Imam at Grand Mosque

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں