صدر مصر سیسی نے وزیر تیل کو تشکیل حکومت کی دعوت دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-14

صدر مصر سیسی نے وزیر تیل کو تشکیل حکومت کی دعوت دی

قاہرہ
اے ایف پی
مصر میں بد عنوانی اور نا اہلی کے الزامات کی وجہ سے وزیر اعظم نے کابینہ سمیت استعفیٰ دے دیا ہے ۔ صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیر تیل کو نئی حکومت کی تشکیل کی ذمہ داری سونپ دی ہے ۔مصر کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے وزیر تیل شریف اسمعیل کو کہا گیا ہے کہ وہ ایک ہفتہ کے دوران کابینہ تشکیل دیں۔ اس رپورٹ میں مزید بتایاگیا ہے کہ صدر السیسی نے وزیر اعظم ابراہیم محلب اور ان کی کابینہ کے استعفیٰ قبول کرلئے ہیں ۔ ساتھ ہی السیسی نے محلب سے درخواست کی ہے کہ جب تک نئے وزیر اعظم کا انتخاب نہیں ہوجاتا وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں وہ نبھاتے رہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے ، جب ابھی گزشتہ ہفتہ ہی حکام نے وزیر زراعت صلاح ہلال اور ان کے کچھ ساتھیوں کو بد عنوانی میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا ۔ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے رشوت کے عوض زرعی اراضی کے حصول کو آسان بنایا تھا ۔ اس کے علاوہ محلب حکومت کو نااہلی کی وجہ سے گزشتہ کئی مہینوں سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ مصری حکومت کو اسلامی ریاست(داعش) کے خظرے کا سامنا ہے ۔ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ اس مسئلے پر قابو پایاجائے تاکہ بیرون ملک سے سرمایہ کاری کا راستہ کھل جائے اور ملک کی بگڑتی ہوئی معیشت کو سہارا مل سکے۔2011ء میں حسنی مبارک کی معزولی کے بعد مصرکی اقتصادیات مشکلات میں گھری ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق متوقع طور پر شریف اسماعیل ہی ملک کے نئے وزیر اعظم ہوں گے ۔ وہ پیشے کے اعتبار سے انجینئر ہیں اور توانائی کے شعبے کی کئی ملکی کمپنیوں میں اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں ۔ دیگر تمام وزراء کے مقابلے میں ان کی کارکردگی کو بہت بہتر قرار دیاجاتا ہے ۔ عرب ممالک میں آبادی کے لحاظ سے مصر سب سے بڑا ملک ہے ۔ اگلے ماہ یہاں تاخیر سے ہونے والے پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں ۔ یہ جمہوریت نافذ کرنے کے سرکاری دعوؤں کی آخری کڑی ہے۔

Egypt's president asks oil minister to form new cabinet after government resigns

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں