بی جے پی کے لئے آر ایس ایس سپریم کورٹ کی مانند - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-24

بی جے پی کے لئے آر ایس ایس سپریم کورٹ کی مانند - نتیش کمار

پٹنہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے اتحاد کے242امید واروں کی فہرست جاری کی جن میں بیشتر کا تعلق درج فہرست ذاتوں یا درج فہرست قبائل اور پسماندہ طبقات سے ہے ۔ انہو ں بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحفظات کی مخالف ہے ، لیکن وہ آر ایس ایس کے بتائے ہوئے راستہ پر نہیں چل پائے گی۔ جو اس کے لئے سپریم کورٹ کے مانند ہے۔ نتیش کمار نے جنتادل یو ، آر جے ڈی اور کانگریس پر مشتمل عظیم اتحاد کے امید واروں کی مشترکہ فہرست جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس میں سماج کے تمام طبقات کو نمائندگی دی گئی ہے۔ عام زمرہ کے16فیصد، پسماندہ طبقات کے 55فیصد،درج فہرست ذاتوں یا قبائل سے تعلق رکھنے والے15فیصد اور اقلیتی فرقہ کے14فیصد امید واروں کو نمائندگی دی گئی ہے ۔ نتیش کمار نے دعویٰ کیا کہ ان کا اتحاد متحد ہے اور این ڈی اے کے برعکس اس میں کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے عوام بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیں گے کیوں کہ وہ اس کی تفرقہ پسند سیاست کو دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ تحفظات کے مخالف ہیں اور کہا کہ آر ایس ایس جو بی جے پی کی نظریاتی رہنما ہے ،تحفظات پر نظر ثانی کے لئے ایک ماورائے دستور ادارہ بننے کی کوشش کررہی ہے ۔ نتیش کمار نے آر ایس ایس کے ترجمان آرگنائزر اور پنچ جنیہ میں آر ایس ایس سربراہ کے انٹر ویو کے اقتباسات پڑھ کر سناتے ہوئے کہا یہ واضح ہے کہ وہ(موہن بھاگوت)یہ محسوس کرتے ہیں کہ تحفظات کی موجودہ پالیسی درست نہیں ہے ۔ وہ کوئی اور نظام چاہتے ہیں ۔ دستور میں کوئی بھی ترمیم صرف پارلیمنٹ میں کی جاسکتی ہے ۔ وہ لوگ کوئی اور دستور اور ماورائے عدالت اتھاریٹی چاہتے ہیں جو اس بات کا فیصلہ کرے کہ کسے تحٖفظات ملنا چاہئے اور کب تک۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ دستور یا پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ اشرافیہ کی کمیٹی کے ہاتھ میں رہے ۔ یہ بہت ہی خطرناک خیال ہے اور اسے قبول نہیں کیا جاسکتا ۔ تحفظات کے مسئلہ پر بی جے پی کے موقف پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا حکمراں جماعت چاہے کچب بھی کہے وہ آر ایس ایس کے نظریات کے خلاف نہیں جاسکتی۔ بی جے پی مرکز میں حکومت رکھتی ہے جس نے بارہا یہ دعوے کئے ہیں کہ انہیں سیوم سیوک ہونے پر فخر ہے ۔ آر ایس ایس کا نظریہ قطعی ہوتا ہے ۔ بی جے پی چاہے کچھ بھی کہے اس کی کوئی اہمیت نہیں ۔ جس طرح سپریم کورٹ کا دستوری بنچ کسی معاملہ کافیصلہ کرتا ہے اور وہ قطعی ہوتا ہے ۔ اس کے بعد کچھ نہیں کیاجاسکتا ۔ اسی طرح آر ایس ایس میں اگر آر ایس ایس سربراہ کچھ کہتے ہیں تو پھر بی جے پی کچھ نہیں کہہ سکتی۔ نتیش کمار نے بی جے پی پر تحفظات کی مخالف ہونے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آر ایس ایس کی سیاسی تنظیم ہے اور سیوم سیوک و پرچارک ، اس حکومت کا ایک حصہ ہیں۔ بھاگوت جو کچھ کہتے ہیں وہ قطعی ہوتا ہے ۔اور پھر کوئی رائے قائم نہیں کی جاسکتی ۔ چیف منسٹر بہار نے کہا کہ ترقی، ان کے اتحاد کا اصل موضوع ہوگا۔ انہوں نے این ڈی اے کو طعنہ دیا ، جہاں اتحادی شراکت داروں کے مابین اختلافات منظر عام پر آچکے ہیں ۔

RSS is Like Supreme Court for BJP, Nitish Kumar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں