آدھار کارڈ کے لئے اسکارف نکالنے پر اصرار - حیدرآباد میں ایک ملازم برطرف دو معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-05

آدھار کارڈ کے لئے اسکارف نکالنے پر اصرار - حیدرآباد میں ایک ملازم برطرف دو معطل

karvy
حیدرآباد
پی ٹی آئی
کاروی ڈاٹا مینجمنٹ سرویسیس نے، جسے آدھار کارڈ اندراج کی بھی ذمہ داری دی گئی ہے ، نے آج آدھار کارڈ سے متعلقہ سرکاری محکمہ یو آئی ڈی اے آئی کی جانب سے ہدایت کے بعد اپنے ایک ملازم کو خدمات سے برخاست کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں مزید دو ملازمین کو بھی معطل کردیاگیا ہے جیسا کہ ان تینوں نے ایک خاتون پر ہیڈ اسکارف نکالنے کے لئے زور دیا تھا۔ ہمایوں نگر کی ساکن سکینہ فاطمہ کی ایک شکایت کے بعد کہ کمپنی ملازمین نے آدھار کارڈ کی تصویر بناتے وقت اس پر ہیڈ اسکارف نکالنے کے لئے دباؤ ڈالا تھا، یو آئی ڈی اے آئی نے کمپنی کو حکم دیا تھا کہ وہ کاروی کے ملازمین کے خلاف کاروائی کرے ۔ ذرائع نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ جیسے ہی کاروی کو ہدایات موصول ہوئیں تینوں ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ۔ ریاستی مینار یٹی کمیشن میں نمائندگی کے لئے کاروی نے ایک سینئر افسر بھی نامزد کیا ہے ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے ریاستی اقلیتی کمیشنوں نے یو آئی ڈی اے آئی اور کاروی دونوں کو اس موضوع پر سماعت کے لئے11ستمبر کو حاضر ہونے کے لئے دوسری نوٹس جاری کی تھی ۔ کمیشن کے چیئر مین عابد رسول خان نے کاروی کے ان ملازمین کے خلاف کارروائی کی توثیق کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یو آئی ڈی اے آئی کے ڈپٹی ڈائرکٹر امیتا بندرونے کاروی کو لکھے گئے اپنے ایک مکتوب میں کہا کہ ان ملازمین کو ماہ اگست میں ان کی جانب سے کی جانے والی سنگین غلطی کی بناء پر فوری اثر کے ساتھ معطل کیاجائے ۔ کمیشن کی جانب سے نوٹسیں اجرا ہونے کے بعد کاروی نے اردو روزناموں میں فوٹوز لینے کے مختلف طریقوں کے بارے میں بیداری کے لئے اشتہارات بھی شائع کروائے۔

Karvy fires employee for insisting woman to remove headscarf

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں