جموں و کشمیر میں پی ڈی پی - بی جے پی اختلافات میں اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-25

جموں و کشمیر میں پی ڈی پی - بی جے پی اختلافات میں اضافہ

جموں
یو این آئی
بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ گاؤ کشی کے مسئلہ پر جموں و کشمیر کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے ، اور حکومت گر بھی سکتی ہے ۔9ستمبر کو یہ تنازعہ اس وقت پید اہوا تھا جب جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے ریاست میں بیف کی خریدوفروخت پر پابندی لگادی تھی ۔ اس مسئلہ پر چیف منسٹر مفتی محمد سعید کی حکومت زبردست دباؤ میں آگئی ہے ۔ اسمبلی میں سی پی آئی کی جانب سے بیف پر سے ریاست میں پ ابندی ہٹانے کے لئے قانون سازی کرنے بل پیش کیا گیا ہے ۔ اس سال مارچ میں جب جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہوئے تھے اس وقت مشرق اور مغرب کے ملن کی طرح بی جے پی اور پی ڈی پی نے اتحاد کرتے ہوئے حکومت بنائی تھی ۔ تاہم دونوں پارٹیوں کے نظریاتی اختلافات بار بار سامنے آرہے ہیں ۔ ایک طرف پی ڈی پی کشمیر کے عوام کو سمجھانے کی کوشش کررہی ہے تو دوسری طرف بی جے پی اور اس کی حلیف تنظیمیں ریاست میں بیف پر امتناع کو اپنی انا کا مسئلہ بنارہی ہیں۔ پہلی مرتبہ بی جے پی کو جموں میں25اسمبلی نشستوں پر کامیابی ملی ہے جس کے بعد اس علاقہ میں زعفرانی بریگیڈ مزید سرگرم ہوگیا ہے ۔ ابھی تک بی جے پی، پی ڈی پی کو یہ سمجھانے کی کوشش کرتی رہی ہے کہ وہ اس معاملہ کو زیادہ اہمیت نہ دے لیکن مسلم اکثریت والی ریاست جموں و کشمیر میں صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں