بیس لاکھ سے زائد فرزندان توحید سعادت حج سے مشرف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-24

بیس لاکھ سے زائد فرزندان توحید سعادت حج سے مشرف

جبل عرفات
پی ٹی آئی
بیس لاکھ سے زائد عازمین حج بشمول1۔5لاکھ ہندوستانیوں نے آج یوم عرفہ پر خیموں کے شہر منیٰ سے جبل عرفات اور اس سے متصل میدان کا رخ کیا۔ اس طرح حج پایہ تکمیل کو پہنچا ۔ سفید احرام میں ملبوس سبھی عمر کے عازمین، میدان عرفات پہنچے جہاں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے تقریبا1400سال قبل آخری خطبہ حجۃ الوداع دیا تھا۔ اللہ کے مہمانوں نے کل رات منیٰ میں گزاری ۔ میدان عرفات میں جرباتی مناظر دیکھے گئے۔ کئی عازمین اپنے آنسوؤں پر قابو نہیں پاسکے ۔ کئی نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ اس نے ان کا حج آسان کیا۔ نماز فجر سے چند گھنٹے قبل تین لاکھ سے زائد عازمین مسجد نمرہ کے باہر جمع تھے تاکہ وہ نماز ادا کرسکیں۔ سالانہ خطبہ حج دیتے ہوئے مفتی اعظم شیخ عبدلعزیز بن عبداللہ الشیخ نے کہا کہ داعش( اسلامک اسٹیٹ) اسلام کے نام پر امت مسلمہ کو تباہ کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ داعش جیسے گروپ اسلام کی غلط تشریح کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ داعش ایک گمراہ گروپ ہے اور انتہا پسندی کی راہ پر چلنے والی ایسی دہشت گرد تنظیم اسلام کو دور جہالت میں لے جانا چاہتی ہے ۔ انہوں ںے مسلمانوں سے کہا کہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں کوشش کریں کہ اسلام کا صحیح پیغام بحیثیت مذہب امن، بھائی چارہ عام ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک اسٹیٹ ایک انتہا پسند عسکریت پسند گروپ ہے جو چاہتا ہے کہ تمام مسلمان اس کی خلافت کی تابعداری کریں ۔ پرنس خالد الفٰصل بن عبدالعزیز مشیر خادم الحرمین الشریفین ، گورنر مکہ و صدر نشین سنٹرل حج کمیٹی نے بھی مسجد نمرہ میں نماز ادا کی ۔ میدان عرفات میں عبادت کسی بھی عازم کی زندگی کا سب سے بڑا حاصل اور حج کی ادائیگی کے اس کے خواب کی تکمیل ہوتی ہے ۔ میدان عرفان سے عازمین مزدلفہ کا رخ کریں گے جہاں وہ مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کریں گے اور رات بھر یہاں قیام کریں گے ۔مزدلفہ سے منی کا فاصلہ تقریبا نو کلو میٹر ہے اور یہاں پر عازمین مخصوص مناسک کی ادائیگی کرتے ہیں اور اسکے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ جاکر ایک طواف زیارت کریں گے اور منیٰ واپس لوٹیں گے تاکہ وادی منیٰ میں شیطانوں کو کنکر یاں مار سکیں ۔ بعد ازاں وہ حجرت ابراہیم ؑ کی پیروی میں قربانی کریں گے ۔ 11اور12ذوالحجہ کو تمام مناسک سے فارغ ہونے کے بعد عازمین ایک مرتبہ پھر مکہ مکرمہ جاکر مسجد الحرام میں الوداعی طواف کرتے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے بعد حج اختتام کو پہنچے گا ۔ عرب نیوز کے بموجب تقریبا بیس لاکھ مسلمان میدان عرفان میں جمع ہوئے۔ ان کے ہاتھوں میں رنگین چھتریاں تھیں۔ انہوں نے صبح سے جبل رحمت کا رخ کرنا شروع کردیا تھا ۔ وسیع میدان عرفات کی سڑکوں پر سیکوریٹی فورسس نے انسانی زنجیر بنائی تھی تاکہ عازمین کی آمد و رفت آسانی سے ہو ۔ راستہ میں والنٹیرس نے غذائی اشیاء کے باکس اور ٹھنڈے پانی کی بوتلیں فراہم کیں ۔ کئی عازمین کے لئے حج ان کی زندگیوں کی روحانی معراج ہوتا ہے ۔ کئی عازمین ذریعہ بس عرفات پہنچے جہاں بعض نے مکہ سے تقریبا پندرہ کلو میٹر فاصلہ پیدل طے کیا۔ منی سے کئی عازمین مشائر ریلوے کے ذریعہ پہنچے ۔
مکہ المکرمہ سے ایجنسی کی اطلاع کے بموجب خانہ کعبہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرو تقریب9ذی الحجہ کو عازمین کے عرفات پہنچنے پر منعقد کی جاتی ہے ۔ جب کہ بیت اللہ کو غسل ہر سال دو مرتبہ شعبان المعظم اور ذوالحجہ کے مہینوں میں دیاجاتا ہے۔ غلاف کعبہ خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے تحفتاً پیش کیاجاتا ہے ۔ سونے، چاندی اور خالص ریشم سے بنے غلاف کعبہ کی لاگت 2کروڑ20لاکھ ریال ہے۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کا کام نماز فجر کے بعد شروع ہوا ۔ نیا غلاف670کلو گرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے ۔ غلاف کی تیاری میں150کلو گرام خالص سونا اور چاندھی بھی استعمال کی گئی ہے اور اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں۔ غلاف کا سائز658مربع میٹر ہے اور یہ47حصوں پر مشتمل ہوتا ہے ، ہر حصہ14میٹر طویل اور95سینٹی میٹر چوڑا ہوتا ہے ۔ زمین سے تین میٹر کی بلندی پر نصب کعبہ کے دروازے کی لمبائی چھ میٹر اور چوڑائی تین میٹر ہے ۔ غلاف کعبہ چار دیواروں کے علاوہ دروازے پر بھی آویزاں کیاجاتا ہے۔ اتارنے جانے والے غلاف کے ٹکڑے بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سر براہان مملکت اور دیگر معززین کو بطور تحفہ پیش کیے جاتے ہیں ۔ اس روح پرور تقریب میں گورنر مکہ سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات نے شرکت کی ۔

20 lakhs Muslims perfomed Haj 2015

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں