ویاپم اسکام کے خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا - مدھیہ پردیش وزیر اعلیٰ چوہان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-03

ویاپم اسکام کے خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا - مدھیہ پردیش وزیر اعلیٰ چوہان

ترواننتاپورم
پی ٹی آئی
مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ ویاپم اسکام کے کسی بھی خاطی کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے اس مسئلہ پر استعفیٰ دینے کانگریس کے مطالبہ کو مسترد کردیا ۔ چوہان نے کہا کہ سب سے پہلے میں نے ویاپم میں بے قاعدگیوں کا نوٹ لیتے ہوئے2013میں ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا ۔ کیس کی پیچیدہ نوعیت کے مد نظر ہم نے اس کی تحقیقات کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی تھی ۔ یہ ہائی کورٹ کی تقرر کردہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے تحت کام کررہی ہے ۔ انہوں نے بذریعہ ای میل دئیے گئے انٹر ویو میں پی ٹی آئی کو بتایا کہ اسمبلی میں دو سال قبل میں نے اپنے جواب میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ویاپم کی جانب سے کئے گئے لاکھوں تقررات کے منجملہ چند سو تقررات میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں، جن کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ہم کسی بھی خاطی کو نہیں بخشیں گے، چاہے وہ کتنا ہی بڑا شخص کیوں نہ ہو۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ویاپم اسکام میں ملوث ہونے کے سلسلہ میں جو لوگ تحویل میں ہیں ، ان میں سے چند سیاسی قائد، سیاسی کارکن اور چھوٹے و بڑے عہدیدار شامل ہیں ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم اسے(اسکام کو) چھپانے کی کوشش نہیں کررہے ہیں ۔ در حقیقت ہم شفاف تحقیقات کرارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ میں ہی تھا جس نے تحقیقات شراع کرائی تھیں۔ میں نے ہی تحقیقات ایس ٹی ایف کو منتقل کی تھیں، لہذا میرے استعفیٰ دینے کا سوال ہی کہاں پیدا ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی ٹاسک فورس نے ایس آئی ٹی کی زیر نگرانی شفاف تحقیقات کی ہیں ۔ اب سی بی آئی اس کی تحقیقات کررہی ہے ۔ ہمیں اور تمام اہل وطن کو سی بی آئی اور عدلیہ پر بھروسہ ہے ۔ ویاپم سے تعلق رکھنے والے47افراد کی موت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے لئے کسی کی بھی موت دردناک ہے ۔ انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ اعداد و شمار کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ، متوفیوں کے ارکان خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کے بجائے اس مسئلہ پر سیاست کرہی ہے اور متوفیوں کی تعداد کوبڑھا چڑھا کر پیش کررہی ہے۔ میں اموات کی تعداد پر تبصرہ نہیں کروں گا بلکہ میرا یہ ماننا ہے کہ ویاپم سے جڑے ہوئے بعض افراد کی غیر طبعی اور اچانک موت ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ جن اموات کو ویاپم سے جوڑا جارہا ہے وہ اچھی سیاست نہیں ہے اور اس کا مقصد تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ پارلیمنٹ کے جاریہ مانسون اجلاس کی کارروائی ویاپم اسکام اور للت گیٹ پر اپوزیشن جماعتوں کی خلل اندازی کے سبب آگے نہیں بڑھ رہی ہے ۔
--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں