اردو کتابوں کی اسکیننگ - ایک دیرینہ خواب کی تکمیل میں مزید پیش رفت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-27

اردو کتابوں کی اسکیننگ - ایک دیرینہ خواب کی تکمیل میں مزید پیش رفت



اخبارات ، خواہ وہ ہندوستان کے ہوں یا پاکستان کے ، یا انٹرنیٹ کی دنیا ہو ، اکثر راشد اشرف صاحب کے نام نامی سے جگمگایا کرتے ہیں۔ ویسے تو راشد صاحب کیمیکل انجینئر ہیں اور ماشاءاللہ نوجوان نسل کے نمائندے بھی ، مگر فی الوقت اردو ادب کی جو خدمت دلجمعی اور سنجیدگی کے ساتھ وہ کر رہے ہیں اور اردو ادب کے لاکھوں صفحات کو ای-بک میں منتقل کرنے کا جو قیمتی اور بےلوث فریضہ انجام دے رہے ہیں ، اس کی "شہرت" ضروری بھی ہے اور اردو والوں کے لیے فائدہ مند بھی۔
تعمیر نیوز بیورو (ٹی۔این۔بی) ، برادرم راشد اشرف کا شکرگزار ہے کہ اپنے اس اہم کاز کا ایک مفصل جائزہ انہوں نے مضمون کی شکل میں عنایت فرمایا۔

تعمیر نیوز پر راشد اشرف کے مضامین
راشد اشرف - فیس بک پروفائل
راشد اشرف ویب سائیٹ : وادئ اردو
راشد اشرف ای-کتب : scribd.com/zest70pk

دیکھو یہ میرے خواب تھے، دیکھو یہ میرے زخم ہیں
میں نے تو سب حسابِ جاں برسرِ عام رکھ دیا

صاحبو!راقم الحروف پرانی کتابوں کی اسکیننگ گزشتہ تین برسوں سے کررہا ہے۔ مقصد یہی ہے کہ ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ اس سے استفادہ کرسکیں۔اس عرصے میں پاک و بھارت کی مختلف جامعات سے وابستہ درجنوں طلبہ نے رابطہ کیا ، بہتیروں کی طلب فوری طور پر اپنے چھوٹے سے کتب خانے سے یا چند اہل دانش کے تعاون سے پوری کی گئی۔آپ میں سے اکثر احباب ان ’’اہل دانش‘‘ کے ناموں سے بخوبی ہیں ، ان میں سب کے سب وسیع القب اور وسیع المشرب لوگ ہیں۔(خدا کا شکر ہے کہ ’’وسیع المشروب‘‘ نہیں ہیں)۔ کئی طلبہ کو اسکین شدہ کتابوں کے موجودہ ذخیرے سے مطلوبہ کتب فراہم کی گئیں۔ایک محتاط اندازے (جو راقم کا اپنا ہی ہے)کے مطابق راقم السطور پونے دو لاکھ اوراق اسکین کرچکا ہے۔ یہ تما م ذخیرہ scribd.com پر موجود ہے۔ان تمام کتابوں کو تادم تحریر دنیا بھر میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار لوگ دیکھ چکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ادب الاطفال سے متعلق چند کتابیں کھام گاؤں کے برادرم محمد انیس الدین اور کینیڈا میں قیام پذیر برادرم محمد فرحان نے بھی اسکین کرکے بھیجیں ہیں۔ دو برس قبل علی گڑھ میں قیام پذیرراقم کے دیرینہ کرم فرما پروفیسر اطہر صدیقی نے اپنے کتب خانے سے کم و بیش چالیس خودنوشتیں اسکیننگ کے لیے فراہم کی تھیں۔

راقم کی اسکین کردہ کتا بوں کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے:
نمبر شمارموضوع اسکین شدہ کتابوں کی تعداد
1ادب الاطفال۔سنہ چالیس۔ پچاس تا ستر کی دہائی میں شائع ہوئے ناول 310
2پاک بھارت کی خودنوشتیں مع زندانی ادب 113
3سفرنامے اور رپورتاژ 20
4شخصی خاکے و تذکرے 38
5تحقیقی مقالے(مختلف ذرائع سے حاصل کیے گئے) 24
6ادب الاطفال پر کتابیں اور مقالے 5
7متفرق موضوعات (کالم، تحقیق، تاریخ، وفیات، تصوف، جناب ابن صفی، اکرم الہ آبادی،مسعود جاوید،اظہار اثر، مشفق خواجہ کی کتابوں کے سرورق، فلمی موضوع پر کتابوں کے سرورق اے حمید ،محمد خالد اختر ، عبادت بریلوی کی کتابوں کے سرورق مع یادگار تصاویر، ڈائجسٹوں سے چند یادگار کہانیاں تین حصوں میں، بلونت سنگھ کی تحریریں، قیسی رام پوری کے تقسیم سے قبل شائع ہوئے افسانے وغیرہ) 55
8خطوط کے مجموعے 5
9پرانی کتابوں کے اتوار بازار کی کتابوں کے سرورق وغیرہ 27
10رسائل و جرائد سے منتخب کردہ اوراق 33
-کل تعداد 630

کتابوں کی اسکیننگ اور انٹرنیٹ پر ان کتب کی دستیابی (uploading) ایک ایسا طریقہ ہے جس کی مدد سے کتابوں کو ایک طویل عرصے تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ بصورت دیگر ان کی "آخری آرام گاہ" پرانی کتابوں کے اتوار بازار وں ہی میں بنتی ہے ۔ اسی سوچ کے پیش نظر ڈاکٹر معین الدین عقیل نے اپنا کتب خانہ جاپان کی کیوتو یونیورسٹی کو سونپ دیا جہاں ان کی ستائیس ہزار کتابوں کی اسکیننگ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ ڈاکٹر نے اپنے اس فیصلے کے جواز میں 2012 ء میں ایک کتابچہ شائع کیا تھا جس میں ایک جگہ وہ لکھتے ہیں:
حمیدالدین شاہد کا کتب خانہ دکنیات کے لحاظ سے اہم تھا۔ڈاکٹر سہیل بخاری، ڈاکٹر شوکت سبزواری، ڈاکٹریاض الحسن ، ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہانپوری جیسے متعدد نام ہیں جن کے کتب خانے کبھی شہرت اور اہمیت رکھتے تھے لیکن اب ان کے نام و نشان بھی نہیں۔ان میں سے مرزا علی اظہر برلاس اور ڈاکٹر ریاض الحسن اور دیگر کئی افراد نے اپنے کتب خانے اور قیمتی نوادرات و مخطوطات مشفق خواجہ کی نذر کردیے تھے۔ڈاکٹر ابوسلمان شاہجہانپوری صاحب نے اپنا کتب خانہ ایک دارالعلوم کے کتب خانے کو دے دیا۔لیکن دیگر ذاتی کتب خانوں کا اب وجود نہیں رہا۔ایسے بیشتر کتب خانے کراچی ہی نہیں لاہور بلکہ ہر شہر میں کباڑیوں اور ردی فروشوں یا فٹ پاتھوں پر فروخت ہوئے۔اب ان کا نام و نشان نہیں۔ آج ہمارے اکابر میں کراچی میں ڈاکٹر جمیل جالبی اور ڈاکٹر فرمان فتح پوری کے کتب خانے بہت وقیع سمجھے جاتے ہیں۔ان کے علاوہ سحر انصاری صاحب یالاہور میں محمد عالم مختار حق، افضل حق قرشی ، اکرام چغتائی، ڈاکٹر تحسین فراقی اور اقبال مجددی صاحبان وغیرہ کے کتب خانے بھی ایک مثال ہیں۔لیکن ان سب کا مستقبل کیاہے؟
یہ سوال ہر ایک کے لیے، جس جس کے پاس ذاتی کتب خانہ موجود ہے، اذیت ناک ہے۔زیادہ سے زیادہ وہ یہ سوچتے ہیں کہ ان کے بعد ان کا کتب خانہ کسی لائبریری کو دے دیاجائے گا یا لائبریری میں پہنچ جائے گا۔لیکن کراچی یونیورسٹی ، ہمدرد یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی میں کئی ذاتی کتب خانے جمع ہوئے لیکن ان کا کیاحشر ہوا؟ یہ عبرت ناک ہے۔کراچی یونیورسٹی میں احسن مارہروی، مولوی بشیر الدین احمد،ڈاکٹر ابواللیث صدیقی اور دیگر متعدد اکابر و مشاہیرکے کتب خانے بھی آئے لیکن منوں مٹی تلے دبے ہوئے ہیں اور کوئی ان کا پرسانِ حال نہیں۔بعض ذخائر ابھی تک بوریوں میں بند پڑے ہیں اور یوں ہی تباہ ہورہے ہیں، کوئی نہیں جو انھیں کھولنے اور ترتیب دینے تک کا سوچے، ان کی حفاظت اور دیکھ بھال اور انھیں ترتیب دینا اور قابلِ استفادہ رکھنا تو دور کی بات ہے۔ یونیورسٹیوں کے خود اپنے ذخائر اب انتہائی کس مپرسی کی حالت میں ہیں اور تباہ ہوچکے ہیں اور جو بچ گئے ہیں ان کا مستقبل بھی مختلف نہیں۔ جس طرح ہم اور ہمارا معاشرہ، ہماری اقدار، ہماری روایات ہر چیز تباہی کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے اورذمے داروں میں کوئی نہیں جو اس تباہی کو روکنے کے لیے کوشاں یا مستعد ہو۔اسی طرح لائبریریاں بھی اور خاص طور پر جامعات کی لائبریریاں اپنے اربابِ اقتدار کی بے نیازی اور نااہلی کے سبب تباہی اور کس مپرسی کا شکار ہیں۔
بظاہر اقبال کا یہ شعر بطور ضرب المثل بھی ہمارے دلوں کو چھوتارہتاہے:
مگر وہ علم کے موتی کتابیں اپنے آباء کی
جو دیکھیں ان کو یورپ میں تو دل ہوتا ہے سی پارہ
لیکن یورپ وامریکہ کا وہ کون سا کتب خانہ ہے جس کے بارے میں ہم یہ کہہ سکیں کہ وہاں کتابیں کس مپرسی کی حالت میں برباد ہورہی ہیں؟ یقیناًان کتابوں پر قوم و ملت کا زیادہ حق ہے لیکن اگر وہ یہیں رہتیں تو کیا اب تک وہ باقی رہتیں؟ ہندوستان میں مسلم عہد حکومت کے کتنے ہی بے مثال اور عالی شان کتب خانوں کے ذکر سے ہماری علمی تاریخ بھری پڑی ہے، لیکن آج وہ کہاں ہیں؟ ان کی کتابوں کی فہرستیں بھی مرتب ہوئی تھیں لیکن وہ فہرستیں تک اب یہاں موجود نہیں وہ بھی یورپ ہی کے کتب خانوں کی زینت ہیں!یوں دیکھیں توعلمی حوالے سے مغرب کے جو احسانات ہم پر ہیں، میں تو اسے بھی ان کے سامراجی اقدامات کے ساتھ ساتھ ایک ایسا اقدام بھی سمجھتاہوں کہ جس کی وجہ سے ہماری علمی و تہذیبی فضیلتیں ایک ثبوت اور حقیقت کے طور پروہاں محفوظ ہیں اور خود ہمارے استفادے کے لیے بھی موجود ہیں اور ہم ان سے حسبِ استطاعت فائدہ بھی اٹھاتے ہیں۔اگر وہ سب کچھ، جو مغربی کتب خانوں میں آج محفوظ ہے،وہاں محفوظ نہ رہتا تویہاں ہمارے عبرت ناک اور نہ رُکنے والے زوال کے باعث وہ سب بھی ضائع ہوچکاہوتا۔آج یہ بھی ہمارا دورِ زوال ہی ہے کہ ہم اپنے معاشرے اور اپنی اقدار کو محفوظ رکھنے کے لیے رمق بھر بھی کوشش نہیں کررہے۔ ان ساٹھ پینسٹھ سالوں میں ہم نے ادارے بنائے نہیں، جو موجود تھے یا اگر کچھ بن بھی گئے تھے تو ہم نے انھیں بربادی کی حد تک پہنچادیاہے۔ماضی تو ایک طرف جب ہمارا حال بھی تیز تر زوال کا شکار ہے اور ہمارے نظام میں اب کوئی ایسی امید افزا صورت نظر نہیں آتی کہ ہم اپنی حالت کو سنبھالا دے سکیں اور اس مزید زوال کو ، جو ہمارا مقدر لگ رہاہے، روک بھی سکیں۔

rashid-ashraf
یہ تو ہوئیں چند ابتدائی باتیں، کچھ تمہید ، کچھ دل کے پھپھولے۔
مگر سچ پوچھئے تو کچھ عرصے سے راقم کی ہمت جواب دے گئی ہے۔ 650 کتابوں کی اسکیننگ ایک تھکا دینے والا کام ہے۔ یہ اپنا خراج طلب کرتا ہے۔ مشفق خواجہ لائبریری میں ایک برس سے کتابوں کی اسکیننگ پر مامور ایک دوست کے بقول "شام کو جب گھر واپس جاتا ہوں تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ میری گردن اور کمر پر گویا کسی نے سیمنٹ کا لیپ کر دیا ہے۔"
کچھ عرصہ قبل فرزند قابل اجمیر ی جناب ظفر قابل کا فون آیا۔ کہنے لگے کہ میں اپنے والد سے متعلق چند اہم کتابیں اور ان کے ہاتھ کا تحریر کردہ مسودہ "دیدۂبیدار" (1958ء) بھیج رہا ہوں۔ان کے الفاظ یہ تھے:
"چونکہ آپ کتابوں کی اسکیننگ کرتے ہیں لہذا ان کو بھی انٹرنیٹ پر محفوظ کردیجئے۔میرے دل کا بائی پاس آپریشن ہونے والا ہے، ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ آپ کی زندگی کو خطرہ ہے، زندہ بچنے کا امکان کم ہے لہذا یہ امانت آپ کو بھیج رہا ہوں۔"
قابل اجمیری مرحوم کی کتابیں اور مسودہ جب میرے پاس پہنچے تو انہیں دیکھ کر حیران رہ گیا۔ ایک ایسا قیمتی اثاثہ جسے لوگ سینے سے لگا کر رکھتے ہیں مگر شاید ظفر صاحب کو اس بات کا احساس ہوگیا تھا کہ انٹرنیٹ پر اسے محفوظ کردینا ہی ان حالات میں سب سے مناسب ہے۔ (الحمد اللہ کہ ظفر قابل اجمیری صاحب کی سرجری کامیاب رہی اور وہ رو بہ صحت ہیں)۔
راقم الحروف اسی ادھیڑ بن میں تھا کہ مزید کام کیسے کیا جائے ۔ کیا سبیل ہو۔
پھر یوں ہوا کہ اللہ تعالی نے ایک مہربان کو بھیج دیا۔ یہ نوجوان بیرون ملک سے آئے،راقم کے غریب خانے پر ملاقات کو تشریف لائے ،کہا کہ ایک عرصے سے "بزم قلم" پر آپ کے اسکیننگ کے کام کو دیکھ رہا ہوں۔خواہش ہے کہ اسے وسعت دی جائے۔اس سلسلے میں مالی تعاون کی پیشکش کی۔طے پایا کہ کسی ایسے شخص کی خدمات حاصل کی جائے گی جو مناسب معاوضے پر ماہانہ بنیادوں پر اسکیننگ کا کام کرسکے۔طے ہوا کہ ایک ماہ
میں کم و بیش15 کتابیں (فی الحال صرف نثری کتابیں)اسکین کی جائیں گی جن کی اسکیننگ کی لاگت وہ ماہانہ بنیادوں پر راقم کو ارسال کیا کریں گے۔
تمام معاملات طے پاجانے کے بعدہمارے ممدوح نے ابتدائی طور پر ایک معقول رقم اس کام کے لیے فراہم کردی۔
اس سلسلے میں بھی حیرت انگیز پیش رفت ہوئی اور دو ہفتے قبل ایک ایسا نوجوان مل گیا جو بخوشی اس کام پر تیار ہوگیا۔ ڈاکٹر معین الدین عقیل سے درخواست کی گئی کہ اپنے باقی ماندہ کتب خانے سے متفرق موضوعات (تحقیق، خودنوشت، وفیات، سفرنامہ وغیرہ) پر مبنی 20 کتابیں عنایت کردیں ۔۔۔آپ نے بخوشی حامی بھرلی، اٹلانٹس پبلی کیشنز کے جناب فاروق احمد نے کتابیں فراہم کرنے کا کہا،راقم نے اپنے کتب خانے سے 50 کتابیں علاحدہ کیں، سید معراج جامی صاحب نے اپنے کتب خانے سے 12 اہم ہندوستانی کتب فراہم کیں۔ HP کا ایک مناسب سا 'جواں سال' اسکینر خریدا گیا اور مذکورہ نوجوان کو فراہم کردیا گیا۔ابتدائی طور پر قابل اجمیری کے دو مسودات اور چند کتابیں اسکیننگ کے لیے دے دی گئیں۔
دو ہی ہفتے قبل اسکیننگ کا آغاز ہوگیا اور ان دنوں بھی روزانہ کی بنیادوں پر یہ کام جاری ہے۔
اب تک اسکین کی گئی کتابوں/مسودوں کے نام یہ ہیں:
  • دریچوں میں رکھے چراغ ۔ رام لعل
  • عطریات و تنقیحات ۔ قابل اجمیری
  • دیدۂ بیدار ۔ قابل اجمیری
  • یادوں کی پرچھائیاں ۔ خاکے، تحقیقی مضامین ۔ رحمت امروہوی، دہلی
  • مشرقی پاکستان کی کہانیاں ۔ ابصار عبدالعلی
جبکہ درج ذیل کتابیں اسکیننگ کے مراحل سے گزر رہی ہیں:
  • نقد بجنوری از ڈاکٹر حدیقہ بیگم (بھارت)
  • میرا جی شخصیت اور فن،سیمنار میں پڑھے گئے مقالوں کا مجموعہ(بھارت)
  • ن میم راشد شخصیت اور فن از مغنی تبسم (بھارت)
  • غالب شکن اور یگانہ از ڈاکٹر نجیب جمال
  • آزادی کے بعد دہلی میں اردو انشائیہ
  • سوالات و خیالات از پروفیسر کرار حسین
  • یادِ یارِ مہرباں ( زیڈ اے بخاری پر خاکے اور مضامین)
  • کیا صورتیں ہوں گی(موسیقی پر مضامین)
  • آئینہ خانے میں ،خاکے از اسلوب احمد انصاری

اسکرائبڈ ڈاٹ کام (scribd.com )پر گرچہ راقم الحروف کے نام سے ایک علاحدہ ویب صفحہ موجود ہے جہاں تمام کتابیں دیکھی جاسکتی ہیں اور جس تک گوگل پر راقم کا مکمل نام یعنی rashid ashraf لکھ کر بہ آسانی پہنچا جاسکتا ہے مگر راقم کا یہ خیال ہے کہ ریختہ ڈاٹ کام کی طرز پر ایک علاحدہ ویب سائٹ اسی مقصد کے لیے تخلیق کی جائے جہاں پہلے سے اسکین شدہ کتابیں جن کی تعداد 650 ہے مع ان کے کتابوں کے جو زیر موضوع اسکیننگ کے منصوبے کے تحت اسکین ہوتی جائیں گی۔
ہند میں "ریختہ ڈاٹ کام "نامی معروف سائٹ بڑے پیمانے پر کام کررہی ہے، اس کے لیے علاحدہ عملہ رکھا گیا ہے جبکہ راقم سمجھتا ہے کہ ایک ایسی سادہ سی،قابلِ انتظام ویب سائٹ بھی ہمارے ارادے کی تکمیل کے لیے فی الحال مناسب ہوگی۔ ریختہ ایک ادارے کا نام ہے جبکہ راقم نے انفرادی سطح پر جو کچھ ہوسکا، حسب مقدور و استطاعت کیا ۔کسی فردِ واحد کا کام کبھی بھی کسی ادارے کے ہم پلہ نہیں ہوسکتا۔ یہ تو چراغ سے چراغ جلنے والی بات ہے، لوگ آتے جائیں اور قافلہ نہ سہی ،پان سات افراد کی ایک ٹیم ہی بن جائے تب بھی غنیمت۔
بہرکیف، اس کے لیے راقم نے چند احباب سے مدد کی درخواست کی ہے۔ سرفہرست ہمارے عزیز دوست اور مربی جناب محمد حنیف صاحب ہیں جو ابن صفی ڈاٹ انفو کے نگران کار ہیں۔ ویب سائٹ بن جانے کی صورت میں ایک سے زائد لوگوں کو اس کے انتظامی حقوق یا administrative rights دے دیے جائیں گے تاکہ کسی ایک شخص پر مکمل انحصار نہ کیا جا سکے ۔
ویب سائٹ پر کتابیں ورق بہ ورق امیج فائل (image file) کی شکل میں دستیاب ہوں گی جنہیں پڑھا اور ہر صفحے کا پرنٹ آؤٹ لیا جاسکے گا۔ مکمل کتاب کی ڈاؤن لوڈنگ کے اختیارات دینے میں کچھ قباحتیں ہیں۔ ادب الاطفال کے معاملے میں ایسا ہی کچھ راقم کے ساتھ ہوا جب ایک مہربان نے ایک معروف سلسلے کی تیرہ کتابوں کو ڈاؤن لوڈ کیا اور پھر انٹرنیٹ ہی پر فی کتاب تین سو روپے کا اشتہار آویزاں کردیا۔ مذکورہ اشتہار کو دیکھ کر ہم نے جگر کو پیٹنے کا ارادہ کیا مگر چونکہ اس میں بھی سراسر اپنا ہی گھاٹا ہی تھا لہذا ارادہ ترک کرنا پڑا۔
امکان ہے ویب سائٹ کو بنانے اور اس کا domain name حاصل کرنے کے لیے شاید وہ مرحلہ آئے کہ' فیس بک ' احباب سے تعاون کی درخواست کی جائے۔

متفرق اہم نثری موضوعات پر کتابیں فراہم کرسکیں تو اچھا ہو۔ کتاب نئی نہ ہو۔ کسی مرحوم یا آنجہانی ادارے کی کتابیں فراہم کرنے میں کوئی قبا حت نہیں ہے۔ کتابیں احتیاط سے اسکیننگ کے بعد واپس کردی جائیں گی۔ اس سلسلے میں زیر نظر مضمون کے آخر میں راقم کا ای میل پتہ درج ہے نیز گوگل سرچ انجن پر راقم کا مکمل نام لکھ کر بھی بہ ٓاسانی فیس بک یا ٹوئیٹر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
جو حضرات مائل بہ تعاون ہونے کا ارادہ کریں ان کے لیے کتب کے انتخاب میں آسانی کے خاطر ایک excel فائل منسلک کی جا رہی ہے(ڈاؤن لوڈ لنک) جس میں راقم کی تادم تحریر اسکین شدہ کتابوں (جن کی تفصیل اوپر درج کی گئی ہے) کے نام شامل ہیں۔
یہ مکمل فہرست 'تعمیر نیوز' پر بھی یہاں آن لائن ملاحظہ کی جا سکتی ہے :
اسکربڈ [scribd.com] پر اپلوڈ شدہ راشد اشرف کی کتب
(ٹی۔این۔بی)

چند ماہ قبل دہلی میں ہوئے جشن ریختہ میں ہمارے یہاں سے جناب ضیاء محی الدین نے شرکت کی تھی۔ وہ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ :
"جس طرح ریختہ نے اردو کتابوں کی اسکیننگ کی ہے اور انہیں عوام کے استفادے کے لیے پیش کیا ہے بالکل اسی طرز پر ہمارے یہاں پاکستان میں بھی کام ہونا چاہیے۔ میں واپس جا کر اپنے لوگوں کو شرم دلاؤں گا اس جانب بھی توجہ کریں۔"
ضیاء صاحب کے علم میں شاید یہ بات نہیں کہ مشفق خواجہ مرحوم کا بے مثال کتب خانہ بھی تین برس سے کیٹلاگنگ (cataloging) اور اب اسکیننگ کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ ادھر ڈاکٹر معین الدین عقیل کے کتب خانے کی ستائیس ہزار کتابوں کی روزانہ کی بنیاد پر جاپان میں آٹھ افراد اسکیننگ میں مصروف ہیں۔ انجمن ترقی اردو کراچی(پاکستان) کی انتظامیہ بھی انہی خطوط پر سوچ رہی ہے۔ پاکستان میں دینی کتابوں کو بھی اسکین کرنے کا کام جاری ہے۔ (جس کا ایک بڑا آن لائن مرکز کتاب و سنت لائبریری بھی ہے)

مذکورہ بالا معاملے میں راقم کے' بخت' میں جو درج تھا وہ ہوگیا،اب وہ بھر پایا، اک وقفہ لیا ہے اور اب دم لے کر آگے چلیں گے ۔۔۔۔۔۔۔مگر اس میں ہمیشہ کی طرح کچھ پرخلوص لوگ شامل ہوگئے ہیں، یہی باعث طمانیت ہے، یہی اصل کمائی ہے ؂
بحمد اللہ ! تُو ہے جس کا ہم دم
کہاں اس قلب میں گنجائشِ غم؟

**
متعلقہ روابط:

***
Rashid Ashraf
ای-میل : zest70pk[@]gmail.com
ویب سائٹ : وادئ اردو
راشد اشرف

Scanning of Urdu books by Rashid Ashraf. Article: Rashid Ashraf

6 تبصرے:

  1. تعمیر نیوز کا شکریہ
    نہ صرف راشد اشرف صاحب کے مضمون کے لیے بلکہ دیگر مضامین کے لنکس کے لیے بھی
    تمام اہم لِنکس شامل کرنے سے مضمون کی افادیت دوبالا ہو گئی ہے
    تعمیر نیوز کا شکریہ
    اور راشد اشرف صاحب کے لیے خراجِ تحسین اور دعائیں
    وصی بختیاری عمری

    جواب دیںحذف کریں
  2. یہ تبصرہ مصنف کی طرف سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. بڑی خدمت انجام دے رہے ہیں آپ۔ اللہ جزائے خیر دے

    جواب دیںحذف کریں
  4. اسکینینگ پراجکٹ-اسکین شدہ کتابیں

    دریچوں میں رکھے چراغ، شخصی خاکے، رام لعل، مصنف نے لکھنو سے شائع کی -1991

    مشرقی پاکستان کی کہانیاں، ابصار عبدالعلی، فیروز سنز-1971

    بدن کا دوزخ، جبار توقیر، فیروز سنز-1971

    یادوں کی پرچھائیاں، سوانحی مضامین، رحمت امروہوی، مکتبہ جامعہ دہلی-1986

    عطریات و تنقیحات، قابل اجمیری

    دیدہ بیدار، قلمی مسودہ، قابل اجمیری-1958

    ڈاکٹر سالازار، اکرم الہ آبادی کا پہلا ناول، پاکٹ بک سیریز دہلی-1957

    نقد بجنوری، ڈاکٹر عبدالرحمان بنجوری پر پی ایچ ڈی کا مقالہ۔ ڈاکٹر حدیقہ بیگم، مکتبہ جامعہ دہلی-1984

    سوالات و خیالات، پروفیسر کرار حسین، فضلی سنز کراچی-1999

    کیا صورتیں ہوں گی، موسیقی پر کمیاب مضامین، پروفیسر شہباز علی، راول پنڈی-2012

    یاد یار مہرباں، زیڈ اے بخاری پر مضامین، مرزا ظفر الحسن، مکتبہ اسلوب کراچی-1983

    ن م راشد فن اور شخصیت، مغنی تبسم -شہریار، مارڈرن پبلشنگ ہاؤس دہلی-1990

    آزادی کے بعد دہلی میں اردو انشائیہ، ڈاکٹر نصیر احمد خان، اردو اکادمی دہلی-1993

    غالب شکن اور یگانہ، ڈاکٹر نجیب جمال، کاروان ادب لاہور-1990

    میرا- شخصیت اور فن، سیمنار میں پیش کیے گئے مقالات کا مجموعہ، ثروت خان، ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس دہلی-2009

    اور میں زندہ رہا، جبار توقیر، شیخ غلام علی اینڈ سنز

    قصہ چہار درویش، محمد یونس حسرت، فیروز سنز-1977

    نیکی کا بدلہ، عماد صدیقی، شیخ غلام علی اینڈ سنز

    کھلاڑی، ریاض احمد، شیخ غلام علی اینڈ سنز

    خطرناک مہم، زبیدہ سلطانہ، فیروز سنز-1975

    کالا ہیرا، مقبول جہانگیر، فیروز سنز-1975

    چچا چونچ، مرزا ادیب، نیشنل بک فاؤنڈیشن-1975

    یاسمین، طاہر لاہوری، شیخ غلام علی اینڈ سنز

    اردو میں بچوں کا ادب، پی ایچ ڈی کا مقالہ، ڈاکٹر محمود الرحمان، نیشنل پبلشنگ ہاؤس کراچی-1970

    مجربات شکار، محمد شکور خان، خیر خؤاہ اسلام پریس آگرہ-1917

    لکھنؤ کی زبان، محمد باقر شمس-1954

    بے ربط باتیں مربوط یادیں، خودنوشت، پروفیسر علاؤ الدین، جنگ پبلی کیشنز لاہور-1991

    قصہ طلب ضرب الامثل، خواجہ محمد عبدالجمید دہلوی-1937

    کرشن بھی مرگیا، یادداشتیں، محمد حسن، کراچی-1985

    کھلی کتاب، شخصی خاکے، عابد سہیل، لکھنو-2004

    آئینہ خانے میں، شخصی خاکے، اسلوب احمد انصاری، علی گڑھ-2004

    مشاہیر کا بچپن، حمایت علی

    مولینا محمد علی جوہر کے یورپ کے سفر، کتاب خانہ لاہور-1941

    دلی کے آثار قدیمہ فارسی تاریخوں میں، ڈاکٹر خلیق انجم، اردو اکادمی دہلی-1988

    آرزو لکھنوی حیات اور کارنامے، ڈاکٹر مجاہد حسین حسینی، مصنف نے بمبئی سے شائع کی-1978

    میرے گزشتہ روز و شب، یادداشتیں، جگن ناتھ آزاد، مکتبہ جامعہ دہلی-1965

    آگ کا بھوت، عبدالحمید نظامی، فیروز سنز-1962

    رہنمائے شکار، شکاریات، عبدالرحمن خان، دہلی-1932

    مرقع انقلاب المعروف داستان عجیب، میر نادر علی، مرتبہ: صابر ہمیر پوری، بھوپال-2013

    سفرناموں میں دہلی، حصہ دوم، ڈاکٹر تنویر احمد علوی، اردو اکادمی دہلی-1994

    محمد حسین آزاد کا عالم وارفتگی، آغا سلمان باقر، لاہور-1987

    تاریخ ریاست ٹونک، ہنومان سنگھل، ندیم اکادمی ٹونک-1996

    ملاقاتیں، ندا فاضلی، نیو راٹرز پبلی کیشنز بمبئی-1971

    ابن صفی کے ناولوں میں طنز و مزاح، مناظر عاشق ہرگانوی، دہلی-2013

    مخزن الفت، دیوان ملکہ جان، کراچی-2014

    کھوج، تحقیقی مضامین، گیان چند جین، ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس دہلی-1990

    اپنی محفل اپنے دوست، خاکے، جگن ناتھ‌ آزاد، کریسنٹ ہاؤس پبلی کیشنز جموں-2003

    مشاہیر کی داستان مصبیت، آتش گوجرنوالیہ، لاہور-1944

    سرمد شہید، سوانح رباعیات، ابو الکلام آزاد، لاہور-1973

    آگرہ اور آگرے والے، خاکے اور خودنوشت، میکش اکبر آبادی، جے پور-2002

    رسوم دہلی، مولوی سید احمد دہلوی

    میرا بہترین افسانہ، محمد حسن عسکری، ساقی بک ڈپو دیلی-1943

    مقالات ہاشمی، نصیر الدین ہاشمی، تاج کمپنی لاہور

    یاران شہر، شخصی خآکے، طیب انصاری، ادارہ ادبیات اردو حیدرآباد دکن-1977

    اردو ادب میں سفرنامہ, انور سدید, لاہور

    مشاہیر کے خطوط اور ان کے مختصر حالات، عبدالطیف اعظمی، مکتبہ جامعہ دہلی-1975

    آیات وجدانی، یگانہ چنگیزی، اعظم اسٹیم پریس دکن-1945

    مولانا امتیاز علی عرشی، ادبی و تحقیقی کارنامے، غالب انسٹی ٹیوٹ دہلی-1991

    مضامین شرر

    داغ کا آخری چراغ۔حالات و کلام ڈاکٹر مبارک عظیم آبادی، خواجہ ریاض الدین عطش، اسلام آباد-1998

    کاروان رفتہ- تذکرہ مشاہیر ہند، مولانا اسیر ادروی، دارلمولفین دیو بند-1994

    مہاراجہ رنجیت سنگھ، سوانح، نریندر کرشن سنہا، لاہور-1996

    ناقابل فراموش، سوانحی طرز کے مضامین، پروفیسر افضل علوی، لاہور-1993

    جواب دیںحذف کریں
  5. گھنے سائے، خاکے، اسلم پرویز، دہلی-2010

    بیگمات بھوپال، مولانا وہاج الدین چشتی، کراچی-1981

    دیار ادب، سفرنامہ، لاہور سے لکھنو و بھوپال، شاد قدوائی، لاہور-1957

    قلعہ معلی کی جھلکیاں، عرش تیموری، دہلی-1937

    موت سے پہلے، ناول، عزیز احمد، انشا پریس دہلی-1945

    خروشیف کیا چاہتا ہے، انٹرویو، خواجہ احمد عباس، دہلی-1960

    نثر ریاض خیر آبادی، خودنوشت، خطوط وغیرہ، عقیل احمد جعفری، نفیس اکیڈمی دکن-1945

    خیابان غالب، نادم سیتا پوری، مدینہ پبلشگ کمپنی کراچی-1970

    ایک کالا گوروں کے دیس میں، سفرنامہ، عرش تیموری، کراچی-1962

    عکس و شخص، شخصی خاکے، عنوان چشتی، ادارہ عارض دہلی-1968

    میرے خوابوں کی سرزمین مشرقی پاکستان، سفرنامہ، صہبا لکھنوی، کمتبہ افکار کراچی-1963

    کفر و ایماں، شاعری، ہری چند اختر، ست پال دہلی-1960

    آئسا ڈورا ڈنکن، خودنوشت، مترجم:فارغ بخاری، آئینہ ادب لاہور-1961

    رام لعل کے نام خطوط، مرتبہ: خورشید ملک، بیکن بکس ملتان-2003

    اردو سفرنامے میں جنس نگاری کا رجحان-1947 کے بعد،ذوالفقار علی احسن، مغربی پاکستان اردو اکیڈمی-2008

    ن میم راشد-ایک مطالعہ، جمیل جالبی، مکتبہ اسلوب کراچی-1986

    ملفوظات مولانا ابو الکلام آزاد، مرتبہ: محمد اجمل خاں، ایجوکیشنل پریس پاکستان-1961

    شاہ نعمت اللہ کرمانی-احوال و آثار، مرزا ضیاء الدین بیگ، کراچی-1975

    راہی اور راہ نما، خاکے، سید الطاف علی بریلوی، آل پاکستان ایجوکیشنل کانفرنس کراچی-1964

    درس زندگی، پطرس بخاری/ایڈورڈ مرو، مترجم: عبدالمجید سالک، شیخ غلام علی اینڈ سنز-1965

    غالب تاریخ کے آئینے میں اور دیگر مضامین، نظیر حسنین زیدی، مسعود اکادمی کراچی-1963

    پانچواں چراغ، خودنوشت، قرم آزاد ہاشمی، سہمت دہلی-1995

    کاروان رفتہ، شخصی خاکے، ڈاکٹر ایوب قادری، مکتبہ اسلوب کراچی-1983

    اردو میں خودنوشت سوانح حیات، ڈاکٹر صبیحہ انور، نامی پریس لکھنو-1982

    اردو سوانح نگاری آزادی کے بعد، ڈاکٹر حسن وقار گل، شعبہ اردو جامعہ کراچی-1997

    بلوچوں‌ کے رومان، لوک کہانیاں، شخصیات، انجم قزلباش، قلات پبلشرز مستونگ-1962

    ٹائیگر طلا خان سدوزئی، خودنوشت آپ بیتی، پشاور-1975

    آداب اردو، حکیم گلچیں کرنالی، ملتان-1966

    فن ترجمہ نگاری، خلیق انجم، دہلی-1996

    پشکن کے دیس میں، سفرنامہ، جگن ناتھ آذاد، دہلی-1986

    فراق گورکھ پوری کی شاعری میں المیہ عناصر، کوثر فاطمہ، لکھنؤ-1987

    نقوش حیات، خاکے، محمد منصور کاظم، مکتبہ فریدی کراچی-1979

    دلی کی آخری بہار، راشد الخیری، عصمت بک ڈپو کراچی-1963

    اردو افسانے کا ارتقاء ، ڈاکٹر مسعود رضا خاکی، مکتبہ خیال لاہور-1987

    اردو شاعری میں قرانی تلمیحات، صفیہ خان-کراچی

    تسخیر قدرت، فیروز سنز-1955

    حیات امیر خسرو مع ایجاد موسیقی، نقی محمد خاں خورجوی، کراچی-1960

    متعلقات مشفق خواجہ، ساحر شیوی، معراج جامی، یورپین اردو رائٹرز سوسائٹی برطانیہ-2008

    سن تو سہی، مشفق خواجہ کی منتخب تحریریں،انور سدید، خواجہ طارق، پورب اکادمی اسلام آباد-2008

    خامہ بگوشیاں، مشفق خواجہ کے ادبی کالم، انور سدید، خواجہ طارق، پورب اکادمی اسلام آباد-2010

    سخن ہائے گسترانہ، خامہ بگوش کی منتخب تحریریں، انور سدید، فضلی سنز-2007

    مزید خامہ بگوشیاں، ادبی کالم، انور سدید، خواجہ طارق، مقتدرہ قومی زبان پاکستان-2012

    مشفق خواجہ ایک کتاب، انور سدید، پورب اکادمی اسلام آباد-2008

    مشفق من خواجہ من، محمد عالم مختار حق، بک مین لاہور-2006

    خامہ بگوش کے قلم سے، کالموں کا انتخاب، مظفر علی سید، پاکستان رائٹرز کوآپریٹو سوسائٹی لاہور-2007

    مکاتیب مشفق خواجہ بنام ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی، ادبیات لاہور-2008

    مکتوبات مشفق خواجہ بنام نظیر صدیقی، ادبیات لاہور-2010

    مراسلت مشفق خواجہ-صدیق جاوید، مغربی پاکستان اردو اکیڈمی لاہور-2011

    رقعات مشفق خواجہ بنام ڈاکٹر سلیم اختر-طاہر تونسوی، القمر لاہور-2012

    خطوط مشفق بنام ڈاکٹر طیب منیر، پورب اکادمی اسلام آباد-2007

    مشفق خواجہ-فن اور شخصیت، محمد اسلام نشتر، مقدرہ قومی زبان پاکستان-2008

    جواب دیںحذف کریں
  6. مشفق خواجہ ایک مطالعہ، خلیق انجم، مکتبہ جامعہ دہلی-1985

    سخن در سخن، مشفق خواجہ کالم، کراچی-2004

    سخن ہائے ناگفتنی، مشفق خواجہ کالم، کراچی-2004

    خامہ بگوش ایک مطالعہ، وحید الرحمن خان، کراچی-2004

    مشفق نامے، مکتوبات مشفق خواجہ بنام محمد عالم مختار حق، اردو اکیڈمی پاکستان لاہور-2006

    اکابر صحافت، گوشہ مشفق خواجہ،جامعہ کراچی-2005

    قومی زبان،ماہنامہ، مشفق خواجہ نمبر-فروری 2005

    قومی زبان،ماہنامہ، بیاد مشفق خواجہ -مارچ 2005


    جوش اور خامہ بگوش، جوش سے متعلق کالم، فضلی سنز کراچی


    مکالمہ نمبر 15-جولائی 2005 تا جون 2006-گوشہ مشفق خواجہ

    غالب، جریدہ، گوشہ مشفق خواجہ-2013

    پروفیسر رشید احمد صدیقی اپنے مضامین کے آئینے میں، پروفیسر معین الدین دردائی، کراچی-1979


    قند، ممتاز شیریں نمبر-جنوری-فروری 1974


    یادیں ہماریاں، خودنوشت، عطا اللہ ہاشمی، کراچی-1985

    شاہد احمد دہلوی حالات و آثار-مقالہ پی ایچ ڈی-ڈاکٹر سید محمد عارف-انمجن ترقی اردو-2000


    پطرس کے خطوط، مکتبہ اردو ادب لاہور


    کاروان خیال، تراجم، فیروز سنز لاہور، فیروز سنز-1952


    انتخاب کلام آغآ حشر کاشمیری، مرتبہ آغآ جمیل کشمیری، اتر پردیش اردو اکادمی-1991


    زبان و لغت، ڈاکٹر ابو محمد سحر، مکتبہ ادب بھوپال-1983

    یونیورسٹیوں‌ میں اردو تحقیق، ڈاکٹر معین الرحمن، یونورسل بکس لاہور-1989

    رقعات اکبر (الہ آبادی)، مرتبہ: محمد نصیر ہمایوں لاہور
    -1967

    جھلکیاں، ساقی کے ادارئیے، محمد حسن عسکری، لاہور-1981

    بزم داغ، یاداشتیں، رفیق مارہروی، لکھنو-1957

    جواب دیںحذف کریں