گیا میں وزیر اعظم کی ریلی - ماؤ نوازوں کا بند کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-09

گیا میں وزیر اعظم کی ریلی - ماؤ نوازوں کا بند کا اعلان

پٹنہ
یو این آئی
وزیر اعظم نریند رمودی کی کل 9اگست کو گیا میں ریالی کے پیش نظر ممنوعہ تنظیم سی پی آئی (ماؤ نواز) نے مگدھ بند کا اعلان کیا ہے ۔ نکسلائٹس کے علاقائی ترجمان مانس نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کی ریالی کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مگدھ سب ڈیویژن میں گیا جہاں آباد، اورنگ آباد ، نواڈہ اور ارول اضلاع آتے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ نکلسلائٹس کے اس اعلان کے بعد ریاست اور مرکز کی سیکوریٹی ایجنسیان چوکس ہوگئی ہیں۔ نکسلائٹس نے مودی کی ریالی کے لئے لوگوں کو لے جانے اپنی گاڑیاں دینے والے لوگوں کو بھی دھمکیاں دی ہیں اور بندنہ منانے والوں کو خطرناک انجام بھگتنے کی دھمکی دی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ بہار کا مگدھ علاقہ طویل عرصہ سے نکسلائٹس کے زیر اثر رہا ہے ، اسی لئے ضلع انتظامیہ پولیس انتظامیہ اور خفیہ محکمہ کے عہدیدار کافی احتیاط برت رہے ہیں تاکہ ریالی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ پیش آئے۔ دریں اثناء بودھ گیا کے مہا بودھی مندر کا درشن کرنے کا وزیر اعظم کا پروگرام منسوخ کردیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ پہلے گیا کے گاندھی میدان میں اپنے خطاب کے بعد وزیر اعظم بودھ گیا مہابودھی مندر جانا تھا، لیکن وقت کے کمی کی وجہ سے پروگرام ملتوی کردیا گیا ۔ دریں اثناء وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر بر سر اقتدار جنتادل متحدہ اور بی جے پی کے درمیان پوسٹروں کی جنگ شروع ہوگئی ہے ۔ ضلع انتظامیہ کے عہدہ داروں نے بتایا کہ بی جے پی کارکنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مودی کے استقبال کے لئے جو پوسٹرس اور بیانرس لگائے تھے، انہیں پھاڑ کر ایسے پوسٹرس لگائے گئے ہیں جن میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو نمایان دکھایا گیا ہے اور اس پر یہ نعرہ تحریر کیا گیا ہے کہ ہم دھوکہ نہیں کھائیں گے اور نتیش کمار کی فتح کو یقینی بنائیں گے ۔ جنتادل متحدہ کے کارکنوں نے ان الزامات کی ترید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی کارکنوں نے نتیش کمار کے پوسٹرس ہٹا کر وزیر اعظم کے پوسٹرس لگائے ۔ گیا ضلع مجسٹریٹ سنجے کمار اگروال نے بتایا کہ ہمیں پوسٹروں سے متعلق شکایتیں ملی ہیں ، الزامات اور جوابی الزامات کی وجہ سے ہم معاملات کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں اور جہاں بھی ضرورت پڑے گی کارروائی کی جائے گی۔ اسی دوران گیا میں وزی راعظم کے دورے کے پیش نظر سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر میں آنے اور جانے والی ہر گاڑی کی تلاشی لی جارہی ہے ۔ تقریبا دو ہزار پولیس کانسٹبلس ، ایک ہزار پولیس عہدہ داروں کو ریالی کی ڈیوٹی کے لئے تعینات کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم کو خصوصی پروٹیکشن گروپ کی سیکوریٹی حاصل ہے ۔ اس کے باوجود بھی مقامی پولیس سخت انتظامات کررہی ہے ۔ گاندھی میدان کے لئے جہاں وزیر اعظم خطاب کریں گے دس نئے دروازے لگائے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے اور میٹل ڈیٹکٹرس بھی لگائے گئے ہیں۔توقع ہے کہ مودی دوپہر میں گیا پہونچیں گے اور ریالی سے خطاب کرنے کے بعد واپس ہلی کاپٹر کے ذریعہ روانہ ہوجائیں گے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد بہار کا یہ ان کا دوسرا دورہ ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں