مغل حکمراں بھی گاؤ کشی کی کھلی حمایت سے گریز کرتے تھے - راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-09

مغل حکمراں بھی گاؤ کشی کی کھلی حمایت سے گریز کرتے تھے - راجناتھ سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ گائے کا تحفظ کیاجانا چاہئے، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ مغل بادشاہ بھی اس حقیقت سے آگاہ تھے کہ اگر انہیں حکومت کرنا ہے تو ذبیحہ گاؤ کی کھل کر تائید کرنا مناسب نہیں ہوگا جب کہ انگریز اس پہلو کو سمجھنے میں ناکام رہے۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ انہوں نے بحیثیت وزیر داخلہ اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ بنگلہ دیش کو مویشیوں کی اسمگلنگ کی روک تھام ہو۔ اس سلسلہ میں بارڈر سیکوریٹی فورس ( بی ایس ایف) سے مدد لی گئی ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا مجھے مغل بادشاہوں کے بارے میں جتنی بھی معلومات ہیں ان کی بنیاد پر میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ مغل حکمراں اس حقیقت سے آگاہ تھے وہ یہ سمجھتے تھے کہ گاؤ کشی اور ذبیحہ گاؤ کی کھل کر تائید کرنے پر وہ زیادہ عرصہ تک حکمرانی نہیں کرسکتے ۔ بابر نے تک اپنی وصیت میں تحریر کیا ہے کہ ہم بیک وقت دو کام نہیں کرسکتے ، یا تو عوام کے دلوں پر راج کریں یا پھر گائے کا گوشت کھائیں۔ صرف ایک کام کیا جاسکتا ہے ، دونوں کام بیک وقت نہیں کیے جاسکتے ۔ وہ یہاں راشٹریہ اودھان مہا سنگھ کے زیر اہتمام اور وزارت زراعت کے تعاون سے منعقدہ تحفظ گاؤ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے ہندوستان آنے کے بعد جس انداز میں ہندوستانی روایات کا احترام کیا جانا چاہئے، ویسا نہیں کیا گیا۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ اور بھی ابتر ہوگیا ۔ پہلی جنگ آزادی(1857) کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ گائے کی چربی کارتوسوں میں استعمال کی جاتی تھی ۔ اس سے گائے پر عوام کے عقیدہ کا پتہ چلتا ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا مرکز، ذبیحہ گاؤ پر امتناع عائد کرے گا جیسا کہ کانفرنس کے بعض شرکاء نے مطالبہ کیا ہے، مرکزی مملکتی وزیر ماحولیات و جنگلات پرکاش جاؤدیکر نے کہا کہ یہ فیصلہ ریاستی حکومتوں کو لینا ہوگا ۔ سنگھ نے کہا کہ گائے سے متعلق تمام سائنسی، تاریخی و ثقافتی پہلوؤں پر غور وخوض ضروری ہے ۔ ان کے بحیثیت وزیر داخلہ جائزہ لینے کے بعد گایوں کے تحفظ کے لئے کئے گئے کام کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بی ایس ایف عملہ کی کوششوں کے سبب بنگلہ دیش کو مویشیوں کی اسمگلنگ میں کمی آئی ہے ۔

Even Mughals Knew They Couldn't Rule with Open Support to Cow Slaughter: Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں