پاکستانی ایرپورٹ پر عسکریت پسندوں کا حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-31

پاکستانی ایرپورٹ پر عسکریت پسندوں کا حملہ

کراچی
پی ٹی آئی
پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان میں بھاری اسلحہ سے لیس عسکریت پسندوں نے ایک ایر پورٹ پر حملہ کرکے اس کے راڈار نظام کو تباہ کردیا۔ اطلاع کے مطابق انہوں نے ایک الکٹرانک انجینئر کو ہلاک کرنے کے بعد ایک اور انجینئر کا اغوا کرلیا۔ موٹر بایک پر سوار تقریبا12عسکریت پسندوں نے علی الصبح گوادر ضلع میں جیوانی ایر پورٹ پر حملہ کیا۔ عین اسی مقام پر چین ، پاکستان کے لئے بندرگاہی شہر کی تعمیر میں بڑی سرمایہ کاری کررہا ہے ۔ عسکریت پسندوں نے ایسے ایر پورٹ پر حملہ کیا جو گزشتہ بیس برسوں سے کارکرد نہیں ہے ۔ حملہ کے دوران انہوں نے راڈار نظام کو بھی تباہ کردیا ۔ انہوں نے الکٹرانکس انجینئر کو بھی ہلاک کردیا جن کی شناخت صرف خلیل اللہ کی حیثیت سے ہوئی ۔ انہوں نے ایک اور انجینئر کو زخمی کرنے کے بعد تیسرے انجینئر محمود نیازی کا اغوا کرلیا ۔ گوادر ڈپٹی کمشنر عبدالحمید عبرو نے بتایا کہ انہوں نے چار مقامی افراد کی جان بخش دی ۔ غیر کارکرد ایر پورٹ پاکستان ایران کے ساحلی سرحد کے قریب واقع ہے اور فوجی حکمت عملی کی حیثیت سے انتہائی اہم ہے ۔ پولیس عہدیداروں نے اعتراف کیا کہ حملہ کے وقت ایر پورٹ پر سیکوریٹی براہ نام تھی حالانکہ حملہ نے سب کو حیرت زدہ کردیا ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کو روکنے کی کسی نے کوشش نہیں کی جس کے سبب وہ آسانی سے فرار ہوگئے ۔ دریں اثناء چیف منسٹر بلو چستان عبدالملک بلوچ نے اس حملہ کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خاطیوں کو ہرگزبخشا نہیں جائے گا اور گرفتار کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں انہیں ضرور کھڑا کیاجائے گا۔ کسی گروپ نے ہنوز اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ بلوچ قوم پسندوں کی کارستانی ہوسکتی ہے جو پاکستانی سیکوریٹی فورسیس اور صوبہ کی اہم تنصیبات کو نشانہ بناتے رہتے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں