پی ٹی آئی
سماج وادی پارٹی کے لیڈر محمد فاروق غوثی کو جنہوں نے یہ کہہ کر تنازعہ کھڑا کردیا تھا کہ یعقوب میمن کی بیوہ کو راجیہ سبھا کی رکنیت دی جائے، پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے ۔ پارٹی کی یہ کارروائی ایسے وقت ہوئی جب مہاراشٹر ا یونٹ کے نائب صدر غوثی نے پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے خواہش کی کہ یعقوب میمن کی بیوہ راحین میمن کو پارٹی راجیہ سبھا کے لئے اپنا امید وار بنائے ۔ اس مکتوب پر بی جے پی اور شیو سینا اور کانگریس کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا۔ یہ مطالبہ اس وقت کیا گیا جب دو دن پہلے ہی یعقوب میمن کو ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے سلسلہ میں ناگپور سنٹرل جیل میں پھانسی دی گئی ۔ راحین کو ایک بے بس خاتون قرار دیتے ہوئے غوثی نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ یہ خاتون بھی کئی برسوں تک جیل میں رہ چکی ہے اور اس کا سہارا بھی اب چھین لیا گیا ہے ۔ انہوں نے لکھا کہ ملک کے کئی مسلمان راحین کی طرح بے بس ہیں جن کے لئے ہمیں لڑنے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں راحین کو راجیہ سبھا کا رکن بنانا چاہئے اور انہیں کمزوروں اور بے بس لوگوں کی آواز بنانا چاہئے ۔ ایک دہشت گرد کی بیوی ہونے کی وجہ سے ہمیں اسے بھی دہشت گرد بنانے کی ضرورت نہیں ہے ۔سماج وادی پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ یہ مطالبہ میڈیا کے سامنے پیش کرنے پر غوثی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ ہم نے انہیں مخالف پارٹی سرگرمیوں کے الزام میں معطل کردیا ہے ۔ پارٹی کے اصول کے مطابق کوئی بھی بیان دینے سے پہلے پارٹی سربراہ سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔ غوثی کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ وہ صرف شہرت حاصل کرنا چاہتے تھے۔ تاہم غوثی نے کہا کہ میں نے مکتوب میں وہی لکھا جو میرے دل کے احساسات تھے ۔ اس کے باوجود بھی اگر پارٹی سمجھتی ہے کہ میں نے غلط کیا ہے تو وہ مجھے معطل کرنے کے لئے آزاد ہے لیکن میں اپنے مکتوب سے دستبردار ہونے والا نہیں ہوں ۔ مجھے اگر موقع دیا گیا تو میں اپنے موقف سے پارٹی کو واقف کراؤں گا ۔ شیو سینا نے غوثی کے بیان کو غیر ذمہ دار قرار دیتے ہوئے میڈیا سے خواہش کی کہ وہ ایسے بیانات کو منظر عام پر نہ لائیں۔ پارٹی ترجمان نیلم شور نے کہا کہ میرا احساس ہے کہ جو لوگ سیاسی طور پر باشعور نہیں ہوتے ہیں وہ کسی بھی صورتحال سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ کانگریس لیڈر سچن ساونت اور بی جے پی ترجمان مدھو بھنڈاری نے بھی ان بیانات کو ووٹ بینک کی سیاست قرار دیا۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں