معطل شدہ آئی پی ایس آفیسر سنجیو بھٹ حکومت کے عتاب کا شکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-20

معطل شدہ آئی پی ایس آفیسر سنجیو بھٹ حکومت کے عتاب کا شکار

احمد آباد
پی ٹی آئی
معطل شدہ آئی پی ایس آفیسر سنجیو بھٹ کو آج خدمات سے غیر مجاز غیر حاضری کی بنیاد پر برطرف کردیا گیا ہے جنہوں نے2002ء گجرات فسادات کے مسئلہ پر اس وقت کے چیف منسٹر نریندر مودی سے لوہا لیا تھا ۔ برطرفی کی اس کاروائی پر انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں بالکلیہ من گھڑت الزامات لگائے گئے اور پر فریب تحقیقات کی گئی ۔ سنجیو بھٹ نے آج شام کہا کہ ہاں یہ صحیح ہے کہ میری خدمات ختم کردی گئی ہیں ۔ یہ متوقع ہے ۔ یہ لوگ بالکلیہ جانبدارانہ تحقیقات کررہے تھے ۔ مجھے خط (برطرفی کا حکم) وزارت داخلہ سے مل چکا ہے ۔ گجرات کے چیف سکریٹری جی آر الوریا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ۔ انہوں نے کہا کہ سنجیو بھٹ کی خدمات ختم کردی گئی ہیں۔ سنجیو بھٹ 2011ء کے بعد سے معطل ہیں جنہوں نے2002ء کے گجرات فسادات کے بارے میں نریندر مودی حکومت سے ان الزامات کا مقابلہ کیا تھا کہ وہ اجازت کے بغیر ڈیوٹی سے غائب رہے اور سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال کیا۔ اس وقت وہ جونا گڑھ میں تعینات تھے ۔1980بیاچ کے آئی پی ایس آفیسر سنجیو بھٹ نے سپریم کورٹ میں حلفنامہ داخل کرتے ہوئے ادعا کیاتھا کہ انہوں نے27فروری2002ء کو گاندھی نگر میں مودی کی قیامگاہ پر ایک میٹنگ میں شرکت کی تھی جس کے دوران مودی نے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ہندوؤں کو گودھرا ٹرین واقعہ کے بعد اپنا غصہ نکالنے کا موقع دیں ۔ تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے مقررکردہ ایس آئی ٹی نے ان کے اس دعوے کو مسترد کردیا جس نے گجرات فسادات سے متعلق9اہم واقعات کی تحقیقات کی تھی ۔ سنجیو بھٹ نے فیس بک پر کہا کہ اگر حکومت وقت کو میری خدمات کی ضرورت نہیں ہے تو کوئی بات نہیں ہے ۔ میں بھگوان سے پرارتھنا کرتا ہوں کہ وہ مجھ میں اس جوش حوصلے کو برقرار رکھے جو ان تمام برسوں میں ان کے ساتھ رہا ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا وہ برطرفی کو چیالنج کریں گے ، بھٹ نے کہا کہ وہ حکومت کو خود پر مسلط کرنا نہیں چاہتے ۔ آئی پی ایس آفیسر حال ہی مٰں ایک نئے تنازعہ میں پھنس گئے تھے جب حکومت گجرات نے انہیں ایک ویڈیو کے بارے میں وجہ نمائی نوٹس جاری کی تھی جس میں انہیں ایک عورت کے ساتھ دکھایا گیا تھا ۔ حکومت نے ایک عورت سے جائز تعلقات کے بارے میں ان سے وضاحت طلب کی تھی لیکن سنجیو بھٹ نے ویڈیو میں اپنی موجودگی کی تردید کی تھی۔

Suspended Gujarat IPS officer Sanjiv Bhatt sacked

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں