صدر جمہوریہ کی شریک حیات سورا مکرجی کی آخری رسومات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-20

صدر جمہوریہ کی شریک حیات سورا مکرجی کی آخری رسومات

نئی دہلی
آئی اے این ایس
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی شریک حیات سورا کی آخری رسومات آج یہاں انجام دی گئیں جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بنگلہ دیش کی ان کی ہم منصب شیخ حسینہ کے علاوہ دیگر افراد نے شرکت کی ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی جو غمزدہ دکھائی دے رہے تھے ، کے علاوہ ان کے بچے شرمستہ، ابھیجیت، اندر جیت اور نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی جو صدر جمہوریہ کے قریب تصور کی جاتی ہیں، وہ بھی وہاں موجود تھیں ۔ آخری رسومات میں شرکت کرنے والی دیگر ممتاز شخصیتوں میں کابینی وزرا سشما سوراج و راج ناتھ سنگھ، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال ، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ، صدر کانگریس سونیا گاندھی ، دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ ، سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی اور نوبل امن انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی کے بموجب وزیر اعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ نے آج صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی شریک حیات سورا کے انتقال اظہار تعزیت کیا ۔ انہوں نے صدر جمہوریہ کے فرزند ابھیجت مکرجی کی رہائش گاہ3تال کٹورہ روڈ کا بھی دورہ کیا اور سورا مکرجی کی نعش پر پھول چڑھائے جو آخری دیدار کے لئے وہاں رکھی گئی تھی۔ شیخ حسینہ آج صبح سورا کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے ڈھاکہ سے یہاں پہنچیں ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ اپنے ایک روزہ دورہ دہلی کے دوران وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی سرکاری قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے بات چیت کریں گی ۔ ڈھاکہ میں ہوئی بات چیت کے بعد یہ دوسری ملاقات ہوگی۔مودی نے گزشتہ6اور7جون کو ڈھاکہ کا دورہ کیا تھا جس کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعاون میں اضافہ کے لئے22سمجھوتوں پر دستخط کئے تھے ۔ اس کے علاوہ تاریخی زمینی سرحدی معاہدہ کی توثیق کی تھی ۔ شیخ حسینہ کے پریس سکریٹری احسان الکریم نے ڈھاکہ میں بتایا کہ وزیر اعظم بنگلہ دیش کے ہمراہ وزیر خارجہ اے ایچ محمود علی ، ان کی چھوٹی بہن شیخ ریحانہ اور دختر صائمہ واجدرہیں گی ۔ شیخ حسینہ کے مکرجی خاندان سے قریبی تعلقات ہیں اور15اگست 1975کی بغاوت کے بعد جس کے دوران بنگلہ دیش کی آزادی کے معمار شیخ مجیب الرحمن اور ان کے بیشتر ارکان خاندان کو ہلاک کردیا گیا تھا۔ دہلی میں جلا وطنی کی زندگی کے دوران حسینہ نے سورا سے قریبی تعلقات قائم کرلئے تھے ۔ شیخ حسینہ اور ریحانہ اس وقت خونریزی سے بچ گئی تھیں، کیوں کہ وہ بیرون ملک تھیں ۔ ہندوستان نے بغاوت کے بعد تقریبا چھ سال تک حسینہ اور ریحانہ کو سیاسی پناہ دی تھی۔
یو این آئی کے بموجب بنگلہ دیش کی دورہ کنندہ وزیر اعظم شیخ حسینہ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے یہاں ان کی7ریس کوس روڈ قیامگاہ پر رسمی ملاقات کی ۔ لودھی روڈ اسمشان مین خاتون اول سورا مکرجی کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد وزیر اعظم بنگلہ دیش نے مودی سے ملاقات کی ۔

President Pranab Mukherjee's Wife Suvra Mukherjee Cremated in Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں