سعودی اقامہ قانون کی خلاف ورزی - سعودیوں اور غیر ملکیوں پر پانچ کروڑ ریال کے جرمانے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-28

سعودی اقامہ قانون کی خلاف ورزی - سعودیوں اور غیر ملکیوں پر پانچ کروڑ ریال کے جرمانے

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
محکمہ جوازات کے ڈائرکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحیٰ نے بتایا ہے کہ اقامہ قانون کی خلاف ورزی پر سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر5روڑ62لاکھ 43ہزار200ریال کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں ۔ مقامی اخبارات میں ان کی تشہیر ہوگی اور در اندازوں نیز اقامہ قوانین کی خلاف ورز ی کرنے والوں کو سفر کی سہولت میں استعمال کی جانے والی گاڑیاں ضبط کی جائیں گی ۔ گاڑیوں کی تعداد287ہے ۔ محکمہ نے مجموعی طور پر35010قرار دادیں جاری کی ہیں ۔ ولیعہد ، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے قرار دادوں کی منظوری دیدی ہے ۔ دوسری جانب جوازات حج فورس کے کمانڈر میجر جنرل ضیف اللہ الحویفی نے بتایاکہ سال رواں کے شروع سے 12ذی القعدہ1436ھ مطابق27اگست2015ء تک اقامہ خلاف ورزی کرنے والے پانچ لاکھ سات ہزار788تارکین کو مملکت سے بے دخل کیا گیا۔ الحویفی نے کہا کہ تمام شہری اور مقیم غیر ملکی حج قوانین کی پابندی کریں اور یاد رکھیں کہ جو شخس بغیر حج اجازت نامے کے کسی عازم کو حج مقامات پر لے جاتے پکڑا جائے گا اسے فوری سزا دی جائے گی ۔15دن قید اور فی کس10ہزار ریال جرمانہ ہوگا اور گاڑی بحکم عدالت ضبط کرلی جائے گی ۔ دوسری بار خلاف ورزی پر دو ماہ قید،25ہزار ریال جرمانہ اور تیسری مرتبہ پکڑے جانے پر6ماہ قید اور فی کس50ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں