پاکستان حریت قائدین سے ملاقات پر اٹل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-22

پاکستان حریت قائدین سے ملاقات پر اٹل

اسلام آباد
آئی اے این ایس
پاکستان نے جمعہ کو واضح کردیاکہ اس کے قومی مشیر سلامتی سرتاج عزیز، ہندوستان میں حریت قائدین سے ملاقات کریں گے ۔ پاکستان نے حریت قائدین کو کشمیری عوام کا حقیقی نمائندہ قرار دیا ۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ نئی دہلی کی یہ خواہش ہے کہ سرتاج عزیز اپنے دورہ نئی دہلی 23اگست کے موع پر حریت قائدین سے ملاقات نہ کریں ۔ قابل قبول نہیں ہے ۔ پاکستانی معتمد خارجہ نے ہندوستانی ہائی کمشنر متعینہ اسلام آباد کو جانکاری دے دی ہے کہ ہندوستان کا عزیز کو مشورہ اسلام آباد کو قبول نہیں ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق متازعہ علاقہ ہے ۔ پاکستانی قیادت نے اپنے ہندوستانی دوروں میں کشمیر ، حریت قیادت سے ہمیشہ بات چیت کی ہے ۔ پاکستان کو کوئی وجہ دکھائی نہیں دیتی کہ وہ اس مروجہ عمل سے باز رہے ۔ حریت قائدین کشمیری عوام کے سچے نمائندہ ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان حریت قائدین کو تنازعہ کشمیر کا دیر پا حل تلاش کرنے کی کوششوں میں حقیقی حصہ دارمانتا ہے ۔ پاکستان دو مشیران قومی سلامتی کی میٹنگ میں کسی پیشگی شرط کے بغیر حصہ لینے پر آمادہ ہے ۔ قبل ازیں نئی دہلی نے پاکستان سے کہا تھا کہ 23-24اگست کو اجیت دوول سے ملاقات سے قبل سرتاج عزیز کا حریت نمائندوں سے ملنا نامناسب ہوگا ۔ نئی دہلی سے پی ٹی آئی کے بموجب حکومت ہند پاکستانی مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز سے ملاقات کے لئے علیحدگی پسند قائدین کو جموں و کشمیر چھوڑنے کی اجازت دینے کے موڈ میں نہیں دکھائی دیتی ۔ حریت قائدین، دہلی پہنچ جائیں تو انہیں حراست میں لینے کا بھی منصوبہ ہے ۔ مرکز کا موقف یہ ہے کہ عزیز اگر بات چیت کرنا ہی چاہتے ہیں تو انہیں چیف منسٹر مفتی محمد سعید سے بات چیت کرنی چاہئے جو کہ منتخبہ نمائندہ ہٰں ۔ مشیران قومی سلامتی سطح کی بات چیت اگر طے پروگرام کے مطابق ہوتی ہے تو ہندوستان، دہشت گردی، پاکستانی زیر سرپرستی دہشت گردییا پاکستان کی اکسائی ہوئی دہشت گردی پر توجہ مرکوز کرے گا ۔ پاکستان سے کہاجائے گاکہ وہ جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کا سر چشمہ ہے ۔ اسے پہلے اپنے معاملات کی اصلاح کرنی چاہئے کیونکہ پاکستان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ اسے ہی تباہ کررہاہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجیت دوول، پاکستان سے کہیں گے کہ اس کا ایک مہذب مملکت بننا اور دہشت گردی کو پالیسی کے آلہ کار کے طور پر ترک کرنا بہتر ہوگا۔

Despite India advisory, Pakistan all set to meet Hurriyat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں