اراضی بل کی سرمائی اجلاس سے قبل پارلیمنٹ میں پیشکشی ناممکن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-11

اراضی بل کی سرمائی اجلاس سے قبل پارلیمنٹ میں پیشکشی ناممکن

نئی دہلی
پی ٹی آئی
متنازعہ حصول اراضی بل، سرمائی اجلاس سے قبل پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جاسکے گا، کیونکہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے جو اس بل کا جائزہ لے رہی ہے، آج اپنی رپورٹ کو قطعیت دینے مزید مہلت طلب کرنے کا فیصلہ کیا، کیوں کہ کانگریس اور ٹی ایم سی نے بعض دفعات کے مطالبہ کے لئے مزید وقت دینے کی مانگ کی تھی۔ سرمائی اجلاس کے پہلے ہفتہ تک مزید توسیع حاصل کرنے کا فیصلہ آج بی جے پی اور کانگریس کے مابین تلخ الفاظ کے تبادلہ کے بعد کیا گیا۔ موخر الذکر اس بل کی استقدامی شق میں کسی بھی تبدیلی کی مخالف تھی ، جس میں1894کے قانون کے تحت حاصل کی گئی اراضی کے لئے معاوضہ کی بات کہی گئی ہے ۔ یوپی اے حکومت نے2013ء میں منظورہ قانون میں اسے تبدیل کردیا تھا ۔ پینل کے صدر نشین ایس ایس اہلووالیہ نے بعض دفعات کیا گہرائی سے مطالعہ کرنے کانگریس اور ٹی ایم سی ارکان کے مطالبات کو قبول کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کمیٹی اس اجلاس میں جو13اگست کو ختم ہورہا ہے ، اپنی رپورٹ پیش نہیں کرے گی ۔ اس کے بجائے وہ سرمائی اجلاس کے پہلے ہفتہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ کمیٹی کو قبل ازیں کل تک اپنی رپورٹ پیش کرنے کا وقت دیا گیا تھا۔ کانگریس اور ٹی ایم سی کی جانب سے مزید وقت کے مطالبہ کے بعد اہلوالیہ نے اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن سے مزید توسیع کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا، کیوں کہ وہ مقننہ رپورٹ پیش کرنا چاہتے تھے ۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ زرعی ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات کے بعد ہی یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کیاجاسکے گا ، جہاں بی جے پی کو توقع ہے کہ وہ موجودہ نتیش کمار حکومت کی جگہ لے سکے گی ۔ کانگریس اس بل کا استعمال کرتے ہوئے این ڈی اے کو کسان دشمن ٹھہرانے کی کوشش کررہی ہے۔ آج کے اجلاس میں تین کلیدی دفعات پر اتفاق رائے پیدا ہونے کی توقع تھی ، جس میں غیر مستعملہ اراضی کو پانچ سال کے بعداس کے مالکین کے حوالے کردینے سے متعلق دفعہ اور استقدامی دفعہ شامل تھی ۔ بہر حال صرف استقدامی دفعہ پر تبادلہ خیال ہوا، جس کے دوران کانگریس ارکان نے یو پی اے کے قانون کی دفعہ24(2) کی کسی بھی گنجائش میں تبدیلی کی شدید مخالفت کی۔ واضح رہے کہ اس دفعہ کو این ڈی اے کے بل میں تحلیل کردیا گیا ہے ۔

No Land Bill in Monsoon Session of Parliament

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں