شام کے داخلی معاملات میں ایران اپنی مداخلت ختم کرے - سعودی وزیر خارجہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-12

شام کے داخلی معاملات میں ایران اپنی مداخلت ختم کرے - سعودی وزیر خارجہ

ماسکو
رائٹر
سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے آج کہا کہ شام کے بحران پر ریاض کا موقف تبدیل نہیں ہوا ہے اور ملک کے مستقبل میں شامی صدر بشار الاسد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ عادل الجبیر ماسکو میں بشار الاسد کے دیرینہ حلیف روسی وزیر خارجہ سرگئی لاورف کے ساتھ مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ واضھ رہے کہ دعاش کی کامیابیوں کے مد نظر شام میں بحران ختم کرنے کے لئے نئی سفارتی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ قبل ازیں عادل الجبیر نے اپنی جرمن ہم منصب کے ساتھ برلن میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کئی عرب ممالک بشمول عراق، لبنان اور شام کے داخلی معاملات میں بڑھ چڑھ کر مداخلت کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مملکت ایران کے ساتھ اچھے تعلقات میں دلچسپی رکھتا ہے لیکن اسے علاقہ کے ممالک کے معاملات میں مداخلت کی اپنی پالیسی کو تبدیل کرنا ہوگا ۔ الجبیر نے کہا کہ شام میں صدر بشار الاسد کو ایران کی حمایت شامی عوام کے لئے ایک المیہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران واقعی اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے تو اسے اپنی معاندانہ پالیسی میں تبدیلی لانی ہوگی۔ گزشتہ ماہ مغربی طاقتوں کے ساتھ ایران نیو کلیر سمجھوتہ کے مسئلہ پر الجبیر نے کہا کہ معائنہ کاروں کو ایران کی جانب سے اپنی بعض فوجی تنصیبات کا معاینہ کرنے کی اجازت دینے سے بار بار انکار سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ نیو کلیر اسلحہ کی تیاری کے لئے آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت یورانیم افزودگی کے لئے ایران کی تگ و دو پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔ جرمن وزیر خارجہ والٹر اسٹن مائر نے کہا کہ وہ ایران نیو کلیر سمجھوتہ پر ریاض اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی تشویش کو سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے بھی ایران کو انتباہ دیا کہ اگر وہ معاہدہ کی کسی شق کو خاطر میں نہ لائے تو تحدیدات نافذ کی جائیں گی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مہینوں میں وہ سعودی عربیہ کا دورہ کریں گے ۔ الجبیر نے یمن اور اس کے عوام کے تحفظ کے لئے مملکت کی فکر مندی کا اظہار کیا اور کہا کہ سعودی عرب اور اتحادی ملکوں کو یمن کی قانونی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی گزارش پر مداخلت کی ہے ۔

Iranian interference in the region must end: Saudi Arabia's Foreign Minister, Adel Al-Jubeir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں