دنیا بھر میں یوم آزادی ہند منایا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-16

دنیا بھر میں یوم آزادی ہند منایا گیا

ملبورن، بنکاک
پی ٹی آئی
دنیا بھر کے ہندوستانی سفارتخانوں میں آج قومی پرچم کو فخریہ انداز میں لہرایا گیا جب کہ ہندوستانی سفیروں نے قومی ترانے کے دوران پرچم کشائی کی رسم انجام دی ۔ ہندوستانی عوام کی کثیر تعداد اور ان کے دوست ملک کے69ویں یوم آزادی کی تقاریب کے موقع پر شرکت کی ۔ آسٹریلیا میں سینکڑوں ہندوستانیوں نے ملبورن میں واقع مقبول عام فیڈریشن اسکوائر عمارت میں جمع ہوکر یوم آزادی تقریب منائی اور قومی پرچم لہرایا۔ ہائی کمشنر نودیپ سوری اور بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے دیگر نہایت اہم شخصیات اور عہدیداروں کے علاوہ کثیر مجمع کے روبرو پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ اس موقع پر سورینے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن اسکوائر کی عمارتمیں پرچم کشائی آسٹریلیا میں رہنے والے ہندوستانیوں کے لئے قابل فخرلمحہ ہے۔ انیل کپور نے جن کا یہاں پرجوش خیر مقدم کیا گیا ، کہا کہ ہمارے لئے یہ نہایت ہی جذباتی لمحہ ہے ، کیوں کہ فیڈریشن اسکوائر پر ہندوستانی پرچم لہرا رہا ہے ۔ بنکاک میں ہندوستانی سفیر برائے تھائی لینڈ ہرش وردھن شرنگلا نے ہندوستانی سفارت خانہ کے احاطہ میں پرچم لہرایا ۔ اس تقریب میں کم از کم 750ہندوستانیوں نے شرکت کی ۔ شرنگلا نے اس موقع پر صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کے اقتباسات پڑھ کر سنائے ۔ اس کے بعد مارڈن انٹر نیشنل اسکول آف بنکاک اور دیگر اسکولوں کے طلبہ نے حب الوطنی کے گیت گائے ۔ ہندوستانی سفیروں نے مختلف ممالک بشمول میانمار ، سنگاپور، ملیشیا، ویتنام، فلپائن، لاوس، کمبوڈیا اور انڈونیشیا میں بھی قومی پرچم لہرایا ۔ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہندوستانی سفیر دپا ودھوا نے پرچم کشائی انجام دی ۔ اس پروگرام میں زائد از500ہندوستانیوں نے شرکت کی ۔ انڈین انٹر نیشنل اسکول جاپان ، گلوبل انڈین انٹر نیشنل اسکول اور دیگر اسکولوں کے طلبہ نے حب الوطنی کے گیت گائے ۔

India 69th independence day celebrations all around the world

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں