پاکستانی فائرنگ - یوم آزادی پر مٹھائیوں کے بجائے گولیوں کا تبادلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-16

پاکستانی فائرنگ - یوم آزادی پر مٹھائیوں کے بجائے گولیوں کا تبادلہ

جموں
پی ٹی آئی
سرحدی کشیدگی میں آج اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب پاکستانی سپاہیوں نے ہندوستانی مورچوں پر زبردست فائرنگ اور شل باری کی جس سے ایک سرپنچ کے بشمول پانچ شہری ہلاک ہوگئے ۔ پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کی گئیں۔ ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ ہندوستانی سپاہیوں نے پر زور جواب دیا اور فائرنگ کا تبادلہ رات دیر گئے تک بھی جاری رہا ۔ پاکستان نے جموں علاقہ میں مسلسل سات ویں دن جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پانچ شہری زخمی بھی ہوئے لیکن ایک سرکاری اطلاعات کے مطابق یہ تعداد بائیس بتائی گئی ہے۔ جموں علاقہ میں ہندوستانی مورچوں پر یہ فائرنگ ایک ایسے وقت کی گئی جب ملک نے اپنا69واں یوم آزادی منایا اور پاکستانی وزیرا عظم نواز شریف نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں پڑوسیوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کا فروغ باہمی مفاد میں ہے ۔ بارڈر سیکوریٹی فورس نے اٹاری میں یوم آزادی منایا لیکن پاکستانی رینجرسکے ساتھ مٹھائی کا روایتی تبادلہ عمل میں نہیں آیا ۔ قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ سرحد پار سے ہونے والی مسلسل فائرنگ سے کرامت خان نامی ایک سرپنچ اور محمد شرافت خان نامی ایک عام شہری سمیت تین افراد ہلاک جب کہ چار دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لئے جموں میں واقع گورنمنٹ کالج و اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سرحد پار سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دفاعی ذرائع نے کل بتایا تھا کہ جموں و کشمیر میں پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر جاری کشیدگی میں امکانی طور پر یوم آزادی کی تقریبات کے بعد اور ہند۔ پاک قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان 23اگست کو نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات سے قبل اضافہ ہوسکتا ہے ۔ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے پہلے ہی23اگست کو نئی دہلی میں ہونے والی قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح کے مذاکرات کی تصدیق کی ہے ۔

No exchange of sweets at the border this Independence Day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں