گجرات میں بر قراری امن کو یقینی بنانے ریاستی حکومت کو ہائی کورٹ کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-31

گجرات میں بر قراری امن کو یقینی بنانے ریاستی حکومت کو ہائی کورٹ کا حکم

احمد آباد
یو این آئی
گجرات ہائی کورٹ نے پولیس حراست میں ایک نوجوان شویتانگ پٹیل کی موت کے بعد اس کی آخری رسومات کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ریاستی حکومت کو حکم دیا ہے ۔ شویتانگ کی ماں کی جانب سے داخل کردہ درخواست کی سماعت کرتے ہوئے گجرات کے چیف جسٹس جینت ایم پٹیل اور جسٹس نلے انجاریا نے ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے چیف سکریٹری ، داخلہ سکریٹری ، قانون و انتظام کے ڈائرکٹر جنرل اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور انٹلیجنس کے ڈائرکٹر جنرل سمیت پانچ رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ باپو نگر میں پٹیل کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے کم از کم ایک لاکھ افراد کے پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کی موت پولیس حراست میں ہوگئی تھی۔ اعلیٰ سطحی کمیٹی باپو نگر میں امن و امان کا جائزہ لے گی۔ ہائی کورٹ نے ضرورت پڑ نے پر کرفیو نافذ کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ حکومت نے ہائی کورٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر گرفتار پولیس جوان قصور وار پائے جاتے ہیں تو ان پر کارروائی کرتے ہوئے ان کا تبادلہ کیاجاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاٹی دار پٹیل برادری کی جانب سے ریزرویشن کے مطالبہ کے بعد گجرات میں25اور26اگست کو ہونے والے پر تشدد واقعات میں دس افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ دریں اثنائ100سے زائد بسوں سمیت200گاڑیوں ،14پولیس اسٹیشنوں اور متعدد سرکاری دفاتر کو نذر آتش کردیا گیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں