نئی سڑک کو عبدالکلام کا نام دیا جانا چاہئے - اعظم خان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-31

نئی سڑک کو عبدالکلام کا نام دیا جانا چاہئے - اعظم خان

رامپور
یو این آئی
اتر پردیش کے وزیر شہری ترقیات محمد اعظم خان نے آج قومی دارالحکومت میں اورنگ زیب مارگ کو ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام مارگ میں حالیہ تبدیلی پر وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی ۔ اعظإ خان نے یہ کہتے ہوئے کہ وزیر اعظم نے ڈاکٹر کلام کی موت پر مگر مچھ کے آنسو بہایا۔ لیکن ان کے نام پر نئی سڑک تعمیر نہیں کی اور کہا کہ دہلی کی ایک سڑک کا نام تبدیل کر کے وزیر اعظم نے تنگ دلی ثابت کی ہے۔ حال ہی میں قومی دارالحکومت میں اورنگ زیب روڈ کا نام تبدیل کر کے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ دیا گیا ہے۔ اپنے اسمبلی حلقہ میں یہاں100کروڑ روپے مالیتی سیویج پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے خان نے الزام عائد کیا کہ مودی، گجرات میں حالیہ تشدد کے ذمہ دار ہیں اور یہ تشدد سال2002میں گجرات کے فرقہ وارانہ فسادات جیسا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی لاپرواہی کے نتیجہ میں گجرات میں9افراد ہلاک ہوئے اور کئی کروڑ روپے مالیتی سرکاری املاک تباہ ہوئیں۔ رامپور کو اسمارٹ سٹی بنانے مرکزی حکومت کے اعلان پر سماج وادی پارٹی لیڈر نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرکز کی موجودہ بی جے پی زیر قیادت حکومت سے کوئی توقع نہیں کرتے ، کیوں کہ وہ عوام سے ہمیشہ جھوٹی وعدے کرتی رہی ہے ۔ دریں اثناء اعظم خان ، رامپور اور مرادآباد کے عہدیداروں کی ایک ٹیم کی جنوبی امریکہ کے شہر کولمبیا کو کل روانگی کی قیادت کریں گے ۔ اس دورہ کا مقصد رامپور اور مرادآباد کو کیونکر اسمارٹ شہر بنایاجاسکتا ہے کا جائزہ لینا ہے ۔ اعظم خان کے علاوہ اس ٹیم میں سکریتری محکمہ شہری ترقیات ایس پی سنگھ، مرادآباد کے کمشنر سنجے کمار سنگھ اور غازی آباد کے کمشنر عبدالصمد شامل رہیں گے ۔ چھ رکنی وفد میں منیجنگ ڈائرکٹر جل نگم اور ڈائرکٹر کنسٹرکشن وڈیزائن سرویسس بھی شامل رہیں گے ۔ جو کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں کچرے کی نکاسی اور آبی وسائل کے انتظامیہ کے ورک شاپ میں شرکت کرے گا۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب سابق مرکزی وزیر ور کن پارلیمنٹ طارق انورنے اورنگ زیب روڈ کا نام ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ رکھنے کی مرکزی حکومت کے فیصلہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ این سی پی کے سینئر لیڈر اورنگ زیب روڈ کا نام ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ رکھنے پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخ کے ساتھ کھلواڑ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اورنگ زیب عالمگیر کو ہندو مخالف بتاتے ہیں، شاید وہ تاریخ سے نابلد ہیں ، اور ہندوستان کی اس تاریخ کے ساتھ کھلواڑ کرنا چاہتے ہیں جس کو لے کر ہم پوری دنیا میں اپنے اعلیٰ اور فاضل ہونے کا ڈنکا بجاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اورنگ زیب کو ہندو مخالف بتانے والے ڈاکٹر بی این پانڈے کی اس تقریر کو ضرور سنیں جو انہوں نے پارلیمنٹ میں کی تھی اور پوری پارلیمنٹ پر سکتہ طاری ہوگیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ زیب نے ہندو راجاؤں اور مہا راجاؤں کے لئے جو کچھ کیا، اسے آپ اپنی کم ظرفی کے سبب تاریخ سے نہیں مٹا سکتے ۔ انہوں نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بی این پانڈے نے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ اورنگ زیب ہندو مندروں کے لئے کس قدر فراخ دل تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں