یعقوب میمن کو پھانسی کے واقعات کا ٹیلی کاسٹ - وزارت اطلاعات کی وجہ بتاؤ نوٹس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-09

یعقوب میمن کو پھانسی کے واقعات کا ٹیلی کاسٹ - وزارت اطلاعات کی وجہ بتاؤ نوٹس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ممبئی1993بم دھماکہ کے سزا یافتہ یعقوب میمن کی پھانسی کے موقع پر ٹیلی ویژن چینلوں پر دکھائے جانے والے مناظر سے ناراض وزارت اطلاعات و نشریات نے تین چینلوں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جانی چاہئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا، وزارت کا یہ احساس ہے کہ ان چینلوں کی جانب سے اس واقعہ کو جو غیر معمولی اہمیت دی گئی ، وہ نا مناسب تھی ۔ ان سے پوچھا گیا ہے کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ جس انداز سے انہوں نے ان واقعات کو دکھایا، اس سے پروگرام کوڈ کے دفعات کی خلاف ورزی ہوتی ہے یا نہیں ۔ عہدہ داروں نے بتایاکہ پروگرام کوڈ میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسا کوئی پروگرام پیش نہیں کیاجائے گا جس میں کوئی بھی قابل اعتراض مواد ہو یا حقائئق کو توڑ مروڑ کر یا پھر نصف سچ پر مبنی باتوں کو پھیلانے کی کوشش کی گئی ہو۔ ایسے کسی بھی پروگرام کو پیش کرنے کی اجازت نہیں جس سے تشدد کے بھڑکنے کا اندیشہ ہو یا پھر امن و ضبط کی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے ۔ مخالف قوم احساس یا جذبات پیدا کرنے والے پروگراموں کو بھی پیش کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ مختلف چینلوں کو اس بات ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ وہ صد رجمہوریہ یا عدلیہ کے وقار کے خلاف کوئی بھی مواد پروگرام میں پیش نہ کریں ۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت الکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ سنٹر قائم کیا گیا ہے جو24گھنٹے ان چینلوں پر نظر رکھتا ہے ۔ یہ یونٹ زائد از600چینلوں کے پروگراموں کا جائزہ لیتا ہے ۔ جن چینلوں کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں ، ان میں سے دو نے انڈرورلڈ ڈان چھوٹا شکیل کے فون کی ریکارڈنگ پیش کی تھی ۔ ایک اور چیانل نے میمن کے وکیل کے ریمارکس ٹیلی کاسٹ کئے تھے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چینلوں کی جانب سے اس نوٹس کا جواب دیئے جانے کے بعد ایڈیشنل سکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی اس کا جائزہ لے گی اور مناسب کارروائی کرے گی۔ یعقوب میمن کو30جولائی کی صبح ناگپور جیل میں پھانسی دے دی گئی تھی، اس سے چند گھنٹے پہلے ہی سپریم کورٹ میں سزائے موت کو رکوانے کے لئے کافی بھاگ دوڑ ہوئی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں