چین اور ملائشیا نے آندھرا دارالحکومت کی تعمیر میں دلچسپی ظاہر کی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-11

چین اور ملائشیا نے آندھرا دارالحکومت کی تعمیر میں دلچسپی ظاہر کی

حیدرآباد
پی ٹی آئی
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ دنیا کے کئی ممالک بشمول چین اور ملائشیا آندھرا پردیش کا دارالحکومت تعمیر کرنے کے خواہاں ہیں ۔ یہاں منعقدہ کیپٹل اڈوائزری گروپ( سی اے جی) اجلاس میں انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک دارالحکومت کی تعمیر میں آندھرا پردیش کے شراکت دار بننے دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کی تعمیر میں جاپان کی جانب سے دلچسپی ظاہر کئے جانے کے بعد چین اور ملائشیا کی متعدد کمپنیاں بھی اس سلسلے میں آگے آئی ہیں۔ نائیڈو کے حوالے سے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ عوامی دارالحکومت بنانے کے لئے امراوتی کو متحرک، متنوع اور مشمولاتی اور جدید شہر کے طور پر قائم کیاجائے گا جو آندھرا پردیش اور ہندوستان کے عوام کے لئے فخر کی علامت ہوگا۔ دارالحکومت کی تعمیر کو شراکت کا ماڈل بنانے پر زور دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے صنعت کاروں کو بھی اس تاریخی کوشش میں شراکت دار بننا چاہئے ۔ چوں کہ دارالحکومت کے لئے بے حد سر مایہ کاری آرہی ہے نائیڈو نے کمپنیوں کی جانب سے یہاں اپنی صنعتیں قائم کرنے کے لئے جھنجھٹ سے عاری طریقہ کار پر زور دیا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ سی اے جی کے ارکان اصل دارالحکومت ، کیپٹل سٹی اور کیپٹل ریجن علاقوں کے ماسٹر پلان کا تفصیلی تجزیہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کا دارالحکومت دیگر ممالک کے لئے نظیر ہونا چاہئے۔ انہوں نے عہدیداروں کو انرجی اسمارٹ گرڈ ، چوڑی سڑکوں کے جال اور ڈرین کی تعمیر میں عالمی معیار نافذ کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے انہیں ایک ایسے ایک لائحہ عمل پر کام کرنے کو کہا جو شہر میں سر سبزی کو فروغ دینے اور صاف صفائی برقرار رکھنے مقامی وسائل کے موثر طریقے سے استعمال کو یقینی بناتا ہو ۔ استنبول کے اپنے حالیہ دورہ کو یاد کرتے ہوئے نائیڈو نے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس شہرکو محض سات سالوں میں جدید شہر کے طور ترقی دینے کی ترک حکومت کی کوششوں کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ2کروڑ آبادی کا حامل استنبول دنیا کی تیزی سے ترقی پذیر شہر کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ نائیڈو نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں قازقستان اور ترکمنستان کے دارالحکومتوں آستانہ اور اشک آباد کے حیرت انگیز تعمیرات کے تعلق سے مختصراً بتایا اور ان شہروں کو ایک وفد روانہ کرنے کا مشورہ دیا تاکہ یہاں رائج بہترین طریقہ کاروں کو مطالعہ کر کے انہیں نافذ کیاجاسکے ۔انہوں نے کمیٹی کو گاندھی نگر ، چندی گڑھ اور انیا رائے پور اور نوی ممبئی کے بھی بہترین طریقہ کاروں کا نوٹ لینے کا مشورہ دیا تاکہ امراوتی میں اعلیٰ معیار زندگی فراہم کیاجاسکے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دارالحکومت کی تعمیر امسال 22اکتوبر کو سنگ بنیاد رکھے جانے کے بعد تیز ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی کو دو صنعتی ٹاؤن شپس کے درمیان بندرگاہ پر مبنی دارالحکومت کے طور پر ترقی دی جائے گی جو معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا ۔ نائیڈو نے تعلیمی اداروں، طبی مراکز اور عالمی معیار کے ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کے اپنے منصوبے سے بھی واقف کروایا۔

China, Malaysia show interest in building AP's capital: Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں