منصف نیو زبیورو
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کے دیہاتوں کی ابتر صورتحال کو افسوسناک قرار دیا ۔ آج ضلع میدک کے گجویل اسمبلی حلقہ میں اپنے آبائی مقام ایراولی میں مسلسل دوسرے دن گرام جیوتی پروگرام میں شرکت کے دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹرنے کہا کہ ترقی کی علامت کے طور پر دیہاتوں کو ابھر کر سامنے آنا چاہئے تھا مگر دیہاتوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے ۔ حالات کو دیکھتے ہوئے دکھ ہوتا ہے ۔ ہم سب کو دیہاتوں کی صورتحال میں تبدیلی لانے جنگی خطوط پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہر دیہات کے مکینوں کو ایک طاقت بن کر گرام جیوتی کی روشنی پھیلانے کا عزم کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فنڈس کی اجرائی کے باوجود جب تک ترقی کے عمل میں مقامی عوام شریک نہ ہوں ترقی حاصل ہونا ممکن نہیں ہے۔ ہر شخص کو اپنے دیہات کی ترقی کی فکر ہونی چاہئے اور تب ہی حالات میں بہتری لائی جاسکتی ہے ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ صاف پینے کے پانی کی سربراہی، آبپاشی کے لئے پانی، برقی جیسے موضوعات حکومت پر چھوڑتے ہوئے عوام کو دیہاتوں میں مسائل کے خلاف جنگ شروع کرنا چاہئے ۔ دیہاتوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے دیہاتوں کے روپ میں تبدیلی لانے کا مشورہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تبدیلی کا آغاز کہیں سے تو شروع ہونا ہے ۔ ایراولی دیہات کے عوام کو سنہری موقع ہے کہ وہ ترقی کے نقیب بنیں۔ قبل ازیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایراولی دیہات کا دو گھنٹوں تک پیدل دورہ کیا ۔ صاف صفائی کے کاموں میں حصہ لیا ۔ عوام سے ملاقات کرتے ہوئے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ کچے مکانات میں مقیم عوام سے ملاقات کی ۔ موضع کی خستہ حالت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے آبائی موضع کی حالت دیکھتے ہوئے انہیں دلی صدمہ پہنچا ہے ۔ آج بھی موضع کے عوام اپنی اپنی فکر کررہے ہیں کسی کو بھی مل جل کر حالات میں بہتری لانے کی فکر نہیں ہے ۔ انکا پور اور گنگا دیوی پلی جیسے دیہاتوں کی مثال پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ان دیہاتوں کا مشاہدہ جہاں خوشی دیتا ہے وہیں دیگر دیہاتوں کی صورتحال مایوس کردیتی ہے ۔ تمام دیہاتوں کی حالت ایک جیسی ہی ہے۔ کہیں بھی بنیادی سہولتیں بہتر نہیں ہیں ۔ کچرے کی نکاسی کے لئے ڈمپنگ یارڈس نہیں ہیں ۔کیا زندگی بسر کرنے کا طریقہ یہی ہے ۔ چیف منسٹر نے عوام سے دریافت کیا کہ کہ ہم میں شعور اور احساس کب بیدار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو عہد کرنا چاہئے کہ ماضی کی کوتاہیوں کو بھلا کر آپسی اتحاد کے ذریعہ اپنے دیہاتوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے آگے آئیں اور گرام جیوتی پروگرام شروع کرنے کا مقصد یہی ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اندرون چھ اہ ایراولی دیہات کی ترقی کے ذریعہ دیگر دیہاتوں کے لئے مثالی بنا دیا جائے گا۔ تمام بے گھر افراد کو دو کمرون پر مشتمل فلیٹس فراہم کئے جائیں گے ۔ پکی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی ۔ ڈروپ اریگیشن طریقہ کے ذریعہ زراعت کو نفع بخش بنانے میں مدد کی جائے گی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے ایراولی جے اے سی تشکیل دینے کا اعلان کیا اور کمیٹی وموضع کے عوام کو ایراولی کو بنگارو پلی( سنہرے دیہات) میں تبدیل کرنے کے لئے جدو جہد کرنے عہد دلایا ۔ چیف منسٹر کے مسلسل دو دن ایراولی میں قیام سے صورتحال بالکل تبدیل ہوگئی ۔ ایراولی دیہات بالکل تبدیل ہوگیا۔ ہر طرف صاف صفائی دیکھی گئی ۔ سڑکیں مٹھی سے ہی سہی مرمت کردی گئی۔ نالے صاف کردئے گئے پورے دیہات کامنظر کچھ اور ہی دیکھا گیا ۔ اس موقع پر سیاسی قائدین سرکاری عہدیداروں اور مقامی عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
CM KCR Grama Jyothi at Erravelli Village in Medak
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں