رائے دہی کو لازمی قرار دینے حکومت گجرات کے فیصلہ پر روک - ہائی کورٹ حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-22

رائے دہی کو لازمی قرار دینے حکومت گجرات کے فیصلہ پر روک - ہائی کورٹ حکم

احمد آباد
پی ٹی آئی، یو این آئی
گجرات ہائی کورٹ نے ریاست میں آئندہ بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں لازمی ووٹنگ کے ضابطہ کو نافذ کرنے کی ریاستی حکومت کے حالیہ تاریخی فیصلہ پر آج تا حکم ثانی روک لگا دی ہے ۔ ریاستی حکومت نے گزشتہ ماہ اس سلسلہ میں ایک اعلامیہ جاری کیا تھا اور مناسب وجہ کے بغیر ووٹ نہ ڈالنے والوں پر100 روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی گجرات لازمی ووٹنگ کے ضابطہ کو نافذ کرنے والا ملک کی پہلی ریاست بن گئی تھی ۔ کارگزار چیف جسٹس جینت پٹیل اور جسٹس این وی انجاریا کی بنچ نے آج یہ فیصلہ سنایا۔ ایک مقامی وکیل کے آر کوشٹی نے مفاد عامہ کے تحت ایک درخواست دائر کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ووٹ دینا کوئی قانونی ذمہ داری نہیں ہے اور ریاستی حکومت کے فیصلہ سے لوگوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے ۔ انہوں نے اس فیصلہ کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ کے کئی دفعات کا حوالہ بھی دیا تھا۔ عدالت عالیہ نے ان کی درخواست کو سماعت کے لئے آج قبول کرتے ہوئے اس اعلامیہ پر اگلی سماعت تک روک لگا دی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ووٹنگ کے حق میں ہی ووٹ نہ دینے کا حق بھی شامل ہے ۔ گجرات کے گورنر اوپی کوہلی نے گجرات لوکل اتھاریٹی ایکٹ بل2009کو منظوری دی تھی جس کے تحت گزشتہ ماہ اعلامیہ جاری ہوا تھا ۔ ماضی میں اسے اس وقت کے چیف منسٹر نریندر مودی کی حکومت نے2009اور 2011ء میں دو مرتبہ اس وقت کی گورنر کملا بینی وال کو منظوری کے لئے بھیجا تھا لیکن انہوں نے اس پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ریاستی حکومت کی دلیل تھی کہ لازمی ووٹنگ رائے دہی کا تناسب بڑھانے میں مدد ملے گی ، جو جمہوریت کے لئے بہتر ہوگا حالانکہ کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے اس کی شدت سے مخالفت کی تھی۔ گجرات253بلدیات،208تعلقہ پنچایتوں،26اضلاع پنچایتوں اور 6میٹرو پولیٹن کونسلوں کے لئے اگلے دو ماہ کے دوران انتخابات ہونے والے ہیں ۔

High Court stays compulsory voting rule in Gujarat civic polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں