آندھرا صدر مقام کی تعمیر - زمین کے حصول کے لئے حکومت کا نوٹیفیکشن جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-22

آندھرا صدر مقام کی تعمیر - زمین کے حصول کے لئے حکومت کا نوٹیفیکشن جاری

وجے واڑہ
یو این آئی، پی ٹی آئی
سرکاری حکام نے آندھرا پردیش کے صدر مقام کی تعمیر کے لئے حصول اراضی سسٹم کے تحت3800ایکر زمین حاصل کرنے کے عمل کی شروعات کردی ہے اور کسانوں کی جانب سے مخالفت کے باوجود گنٹور ضلع کلکٹر نے اس تعلق سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس نو ٹیفکیشن کے تحت دریائے کرشنا کے کنارے واقع زمین حاصل کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے لینڈ پولنگ ایکٹ کے تحت کسانوں کو پر کشش پیکیج دیتے ہوئے ان کی33ہزار ایکر زمین حاصل کرلی ہے ۔ تاہم چند کسانوں نے اس ایکٹ کے تحت حکومت کو زمین دینے سے انکار کردیا ہے اور حکومت حصول اراضی ایکٹ کے تحت حکومت کو زمین دینے سے انکار کردیا ہے اور حکومت حصول اراضی ایکٹ کے تحت ان کی زمین حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ ابتدا میں تلورو، بوروپالیم، ابورا جوپالیم اور ڈونڈا پاڈو گاؤں کی زمین حاصل کی جائے گی اور کل ایک اور نو ٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے دیگر گاؤں کی زمین حاصل کی جائے گی ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔اس دوران اس علاقہ کے کسانوں نے آج کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دفترکے سامنے دھرنا منظم کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اقدام سے فوری دستبرداری اختیار کرے جیسے کہ وہ اپنی زمینیں دینا نہیں چاہتے ۔ کسانوں نے ایک منفرد طریقہ احتجاج اختیار کرتے ہوئے اس علاقہ میں اگنے والی 50ترکاریوں و پھلوں کی نمائش کی ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایک کسان ایم وی ریڈی نے بتایا کہ یہ زمین کافی زر خیز ہے اور وہ یہاں ہر سال تین فصلیں اگاتے ہیں چنانچہ وہ یہ زمین نہیں دینا چاہتے ۔ کئی سیاسی پارٹیوں نے ان کسانوں کی حمایت کرنے کا اعلان کیا۔پی ٹی آئی کے مطابق کسانوں نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ صدر مقام کی تعمیر کے لئے اتنی زیادہ زمین کی ضرورت کیوں ہے؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت ریاست کی سب سے زیادہ زر خیز زمین ہتھیانا چاہ رہی ہے جس کی قیمت دو کروڑ روپے فی ایکر ہے ۔ کسانوں کے احتجاج کے بعد ایم ایل اے ملاڈٰ وشنو اور سی پی آئی ایم سٹی سکریٹری سی بابو راؤ نے اس مسئلہ پر اے پی سی آر ڈی اے کمشنر این سریکانت سے بات چیت کی اور ان سے کسانوں کی رائے کا احترام کرنے کی درخواست کی۔ اطلاع کے مطابق آج جاری کردہ نو ٹیفکیشن کے تحت904ایکر زمین حاصل کی جائے گی۔

AP govt to acquire land in 10 villages under Land Acquisition Act

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں