بنگلورو میونسپل کارپوریشن انتخابات - مجلسی امیدواروں کی پرچہ نامزدگیاں درست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-12

بنگلورو میونسپل کارپوریشن انتخابات - مجلسی امیدواروں کی پرچہ نامزدگیاں درست

بنگلورو
اعتماد نیوز
گریٹر بنگلورو میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں مجلس اتحاد المسلمین کے تمام امید واروںکی پرچہ نامزدگیاں درست پائی گئیں ۔ مجلس کے انتخابی جلسوں کو روکنے کرناٹک کی کانگریس حکومت کی کوششوں کے پس منظر میں مجلس اتحاد المسلمین نے جہاں ایک طرف جلسوں کی اجازت کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھتایا ہے ، وہیں مجلس نے ایک نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ مجلس کے مبصر برائے بنگلورو انتخابات و رکن اسمبلی ریاست تلنگانہ جناب احمد بلعلہ نے کہا کہ جلسوں کی اجازت کے لئے کرناٹک اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو بھی مطلع کی اگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی کانگریس حکومت نے پولیس کے ذریعہ مجلس کی انتخابی مہم کو سبو تاج کرنے کی جو کوشش کی ہے اس کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ نامزدگیوں کی آج تنقیح کی گئی اور مجلس کے تمام امید واروں کے پرچے درست قرار پائے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی ، قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی ریاست تلنگانہ جناب اکبر الدین اویسی و دیگر قائدین کے انتخابی دوروں کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ ان قائدین کے انتخابی دوروں، جلسوں سے ہٹ کر ہر وارڈ میں مجلس کے متعین کردہ مبصر کمیونٹی میٹنگس، کارنر میٹنگس کے علاوہ گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلائیں گے ۔ جناب بلعلہ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ایک طرف جہاں مجلس کی انتخابی مہم پر پولیس کے ذریعہ تحدیدات لگائی گئی ہیں وہیں کانگریس نے ان حلقوں پر ہی توجہ دینا شروع کردی ہے جہاں سے مجلس کے امید وار مقابلہ کررہے ہیں ۔ ان حلقوں میں کانگریس، مجلس کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈہ میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلورو کے غیور عوام بالخصوص اقلیتیں دولت طبقات کانگریس کے ان ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور انتخابات کے ذریعہ اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ مجلس نے جن حلقوں میں امید وار کھڑا کئے ہیں، وہاں سہ رخی مقابلہ ہے ۔ ایک طرف کانگریس تو دوسری طرف بھارتیہ جنتا پارٹی ۔ مجلسی قائد نے کانگریسی قائدین سے سوال کیا کہ جس طرح وہ مجلس کے امید واروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ وہ کیوں بی جے پی اثر والے حلقوں میں خاموش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم کے نام پر کانگریس، بنگلورو کے رائے دہندوں کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے توقع کی کہ مجلس کے بڑے انتخابی جلسوں کے لئے عدالت سے اجازت حاصل ہوگی اور ایک دو دن میں مجلس کے مرکزی قائدین کے انتخابی جلسوں کے پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔

Bangalore Municipal Corporation elections - MIM candidates valid nomination papers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں