بہار میں جنتادل یو کی شبد واپسی مہم کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-12

بہار میں جنتادل یو کی شبد واپسی مہم کا آغاز

پٹنہ
پی ٹی آئی
جنتادل یو نے آج شبد واپسی مہم شروع کی جس کے ایک حصہ کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی کو دستخطوں کے ساتھ ڈی این اے کے نمونے روانہ کئے جائیں گے اور مطالبہ کیاجائے گا کہ وہ چیف منسٹر نتیش کمار کے خلاف ڈی این اے کا ریمارک واپس لیں۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے اپنی پارٹی کی جانب سے شبد واپسی مہم کے آگاز پر نامہ نگارون کو بتایا کہ آپ کوئی ایسی بات کہنے کے بعد بچ نہیں سکتے جو وزیر اعظم کے اعلیٰ دستوری عہدہ پر فائز شخص کے لئے نازیبا ہو۔ ہم اس مسئلہ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ انہیں(وزیر اعظم) کو سوچنا چاہئے تھا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں، لیکن اب چونکہ وہ اپنے ڈی این اے کے ریمارک کے ذریعہ بہار کے عوام کی توہین کرچکے ہیں ، انہیں عوام کے احتجاج کا سامنا کرنا ہوگا ۔ جنتادل یو کے کارکنوں کو اپنے بال اور ناخن کاٹتے اور پیکٹوں میں بھرتے دیکھا گیا تاکہ ڈی این اے معائنہ کے لئے انہیں وزیر اعظم کو روانہ کیا جاسکے۔ گردنی باغ میں جنتادل یو کے کیمپ کے ساتھ ساتھ آر جے ڈی یوتھ ونگ نے بھی ایسا ہی کیمپ قائم کیا تھا ۔ بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی کے استفسار کے بارے میںسوال پر کہ ان نمونوں کے معائنے کے اخراجات کون برداشت کرے گا ، جس پر زائد از تین ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے ، کمار نے کہا کہ ہم وزیر اعظم کو محض نمونے روانہ کررہے ہیں اور ان کا معائنہ کرانے کے اخراجات انہی کو برداشت کرنے ہوں گے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ وہ آر جے ڈی صدر اور کانگریس قائدین کے ساتھ کل ایک پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے اتحاد کے پروگرام کا اعلان کریں گے ۔ نتیش کمار نے کل ڈی این اے کے بارے میں تبصرے کو واپس لینے کے لئے وزیر اعظم پر دباؤ ڈالنے شبد واپسی مہم کا اعلان کیا تھا۔ مودی نے25جولائی کو مظفر پور ریالی میں یہ تبصرہ کیا تھا۔ نتیش کمار نے کل کہا تھا کہ پٹنہ مین29اگست کو مہم کے پہلے مرحلہ کے اختتام کے موقع پر ایک سوابھیمان ریالی نکالی جائے گی۔ اسی دوران آر جے ڈی صدر لالو پرسادنے سوال کیا کہ بی جے پی، ویاپم اسکام کے مسئلہ پر خاموش کیوں ہے ۔ انہوں نے توئٹر پر کہا جنگل راج، جنگل راج چلانے والے ویاپم راج پر خاموش کیوں ہیں ؟ اگر وہ اس مسئلہ پر لب کشائی کریں تو پارلیمنٹ کام کرنے لگے گی ۔ کتنے دوہرے معیارات ہیں ۔ آر جے ڈی سربراہ گیا میں منعقدہ ریالی میں وزیر اعظم کی تنقیدوں کا نشانہ بنے تھے ۔

JD(U) launches 'Shabd Wapsi' campaign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں