عبدالقدیر کی انسانی بنیادوں پر رہائی - وزیر اعلیٰ سے اسد اویسی اور اکبر اویسی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-10

عبدالقدیر کی انسانی بنیادوں پر رہائی - وزیر اعلیٰ سے اسد اویسی اور اکبر اویسی کا مطالبہ

حیدرآباد
اعتما نیوز
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق کانسٹبل عبدالقدیر کو انسانی بنیادوں پر جیل سے مکمل رہا کیاجائے جو گزشتہ25سال سے قید ہے ۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین اور جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی نے8جولائی کی شب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤسے ملاقات کرتے ہوئے قدیر کی رہائی کے سلسلہ میں نمائندگی کی ۔ صدر مجلس نے ایک مکتوب چیف منسٹر کے حوالے کرتے ہوئے بتایا ہے کہ31دسمبر1992کو قدیر کو اے سی پی ستیہ کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا ہوئی تھی ۔ سابقہ ریاست آندھرا پردیش میں یوم آزادی یوم جمہوریہ اور گاندھی جینتی کے موقع پر کئی قیدیوں کی سزا پر نظر ثانی کرتے ہوئے انہیں رہا کیا گیا ۔ ان میں قتل کے الزامات میں عمر قید کی سز اپانے والے دوسرے قیدی بھی شامل ہیں ۔ اس وقت کی حکومت نے قیدیوں کی رہائی کے لئے جو رہنمایانہ خطوط اور حکمانہ وقتیہ طور پر جاری کئے تھے اس میں جانبداری سے کام لیا گیا۔ اس وقت کی حکومت نے گنگولا سوری اور اس کے ساتھیوں کی بھی سزا معاف کردی تھی جو 1997ء میں جوبلی ہلز میں پیش آئے بم دھماکہ میں ملوث تھے ۔ اس واقعہ میں26افراد ہلاک ہوگئے تھے اسی طرح سابق ماؤسٹ اور دوسرے قیدیوں کو بھی رہا کیا گیا جو پولیس ملازمین اور دوسرے عہدیداروں کے قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔ مجلس کی مسلسل نمائندگی کے باوجود عبدالقدیر کو رہائی نہیں دی جارہی ہے ۔ جب کہ سابق میں قدیر کو مجلس کی نمائندگی پر کئی مرتبہ عید کے مواقعوں پر جیل سے پیرول پر رہا کیا گیا۔ بیرسٹر اویسی نے چیف منسٹر کو بتایا کہ قدیر کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور وہ کئی بیماریوں میں مبتلا ہے۔ ان کا ایک پیر بھی ڈاکٹرس نے کاٹ دیا ہے ۔ اس لئے وہ حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ انسانی بنیادوں پر قدیر کو فوری رہا کرے ۔ صدر مجلس نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کے حوالے دیتے ہوئے چیف منسٹر کو بتایا کہ حکومت کو یہ پورا دستوری اختیار ہے کہ وہ کسی بھی مجرم کی سزا کی معافی کے لئے صدر جمہوریہ ریاستی گورنر سے درخواست کرسکتی ہے ۔ قدیر نے جو جرم کیا تھا وہ اس کی سزا بھی مکمل کرچکے ہیں ۔ اس لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ قدیر کو معافی دیتے ہوئے انہیں ایک اور موقع فراہم کرے ۔ تاکہ وہ اپنی زندگی کے آخری دن اپنے ارکان خاندان کے ساتھ گزار سکے ۔

Asad and Akbar Owaisi demand KCR to release Abdul Qadeer Ex-Constable

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں