نوٹ برائے ووٹ اسکام - تلگو دیشم قائد وینکٹ ویریا سے اے سی بی کی پوچھ تاچھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-10

نوٹ برائے ووٹ اسکام - تلگو دیشم قائد وینکٹ ویریا سے اے سی بی کی پوچھ تاچھ

حیدرآباد
آئی اے این ایس
نوٹ برائے ووٹ اسکام کی جانچ کے ضمن میں محکمہ انسداد رشوت ستانی (اے سی بی) تلنگانہ نے آج تلگو دیشم رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا سے بنجارہ ہلز میں واقع اے سی بی ہیڈ کوارٹرس پر پوچھ تاچھ کی۔ متعلقہ عہدیداروں نے مذکورہ اسکام میں ویریا کے ملوث ہونے اور اس معاملہ میں ان کی مبینہ ادا کئے گئے کردار سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ تحقیقاتی ایجنسی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ نامزد رکن اسمبلی ایلویس اسٹیفنس کو رشوت دینے کی کوشش میں ویریا نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ایجنسی نے قبل ازیں عدالت کو اطلاع دی کہ تلگو دیشم قائد نے اس معاملہ میں ماخوذ ایک ملزم سے32مرتبہ فون پر رابطہ قائم کرتے ہوئے گفتگو کی ہے ۔ تحقیقاتی عہدیدار کسی جناردھن نامی شخص کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کا تذکرہ تلگو دیشم قائد ویریا نے ٹیلی فون پر اپنی گفتگو میں متعدد مرتبہ کیا ہے۔ شہر کی عدالت نے ویریا کو دو روز کے لئے کل اے سی بی کی تحویل میں دیے جانے کی ہدایت دی تھی ۔ اے سی بی عہدیداروں نے ویریا کو آج جمعرات کی صبح چیرلہ پلی جیل سے اپنی تحویل میں لے لیا ۔ بعد ازں بنجارہ ہلز میں واقع سی بی آئی ہیڈ کوارٹرس پر رکن اسمبلی سے پوچھ تاچھ کا آغاز کیاگیا جو شام5:30بجے تک جاری رہا۔ بتایا گیا کہ جمعہ کو صبح نو بجے قائد سے دوبارہ پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ دریں اثناء عدالت نے ویریا کی درخواست ضمانت پر12جولائی تک سماعت ملتوی کردی ہے ۔ واضح رہے کہ اے سی بی عہدیداروں کے گزشتہ پیر کو ویریا سے تقریبا7گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔ انہیں مذکورہ مقدمہ میں بحیثیت پانچویں ملزم کے شامل کیا گیا ہے ۔اے سی بی نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ معاملہ میں ویریا کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہین ۔ عدالت نے رکن اسمبلی کو گزشتہ منگل کے روز14دن کی عدالتی تحویل کے تحت چیرلہ پلی جیل بھیج دیا تھا ۔ تلنگانہ کے ضلع کھمم میں حلقہ اسمبلی ستوپلی کی نمائندگی کرنے والے ویریا تلگو دیشم کے دوسرے رکن اسمبلی ہیں جنہیں نوٹ برائے ووٹ اسکام کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ قبل ازیں تلگو دیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو31مئی کو اے سی بی نے گرفتار کرتے ہوئے جیل ریمانڈ کروایا تھا ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نامزد رکن اسمبلی ایلویس اسٹیفنس کو ریاستی مجلس کونسل کے انتخابات میں تلگو دیشم بی جے پی امید کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کے لئے مبینہ پچاس لاکھ روپے نقد بطور رشوت پیش کی تھی ۔ اسٹیفنس کی شکایت پر اے سی بی نے جال بچھا کر ریونت ریڈی کے دو ساتھیوں کو گرفتار کیا تھا ۔ تاہم ان تینوں کو حیدرآباد ہائی کورٹ نے مشروط ضمانت پر گزشتہ ہفتہ رہا کردیا۔

Cash for vote scam - Sandra Venkata Veeraiah Attends ACB Inquiry

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں