رام مندر اور دفعہ 370 بی جے پی ایجنڈہ کا حصہ - وزیر قانون سدانند گوڑا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-17

رام مندر اور دفعہ 370 بی جے پی ایجنڈہ کا حصہ - وزیر قانون سدانند گوڑا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایودھیا میں رام مندر اور دستور کی دفعہ370 کی تنسیخ ہنوز بی جے پی ایجنڈہ میں شامل ہے ۔ لیکن ان کے بارے میں وسیع تر مشاورت کے بعدہی فیصلہ لیاجائے گا۔ وزیر قانون ڈی وی سدانند گوڑا نے آج یہ ادعا کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی توجہ کا مرکز بہترین حکمرانی اور ترقی ہے ، جسے سابق یو پی اے حکومت کی جانب سے گزشتہ10برسوں میں نظر انداز کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ راجیہ سبھا میں بھی یہ بیان دے چکے ہیں اور یہ حقیقت ہے کہ مسائل بی جے پی کے ایجنڈہ میں شامل ہیں ، کیونکہ پارٹی نے اپنے منشور میں دفعہ370 میں ترمیم کی ضرورت کا اظہار کیا تھا ۔ اس سلسلہ میں ایک قدم پیشرفت ہوئی ہے اور وہ ایک بار پھر یہ کہنا چاہیں گے کہ یہ مسئلہ مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلہ خیال کے ذریعہ حل کیاجانا چاہئے ۔ یاد رہے کہ دفعہ370 جموں و کشمیر کو خصوصی اختیارات سے متعلق ہے ۔ گوڑا نے کہا کہ معاملے کے کئی فریق ہیں جن سے مشورہ ہونا چاہئے ، جس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیاجاسکتا ہے ۔ اتفاق رائے کے بغیر کوئی فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہے ۔ وزیر قانون نے کہا کہ آراستہ اور متواتر انداز میں ہمیں پیشرفت کرنا چاہئے ، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے انہیں بھلا دیا ہے ۔ حکومت کا بنیادی مقصد بہتر حکمرانی اور ترقی کی فراہمی ہے ۔ کئی اہم مسائل ہیں جنہیں گزشتہ 10برس سے نظر انداز کردیا گیا تھا۔

دریں اثنا ایودھیا سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب بابری مسجد کے مدعی ہاشم انصاری نے وزیرا عظم نریندر مودی سے ایودھیا میں شہید بابری مسجد کو دوبارہ تعمیر کرانے کا آج مطالبہ کیا ہے۔ بابری مسجد کے مدعی ہاشم انصاری نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے قائدین کو مندر ۔ مسجد تنازعہ کو سیاسی شکل نہیں دینی چاہئے بلکہ ایک دوسرے سے مل کر مسئلہ کا حل نکالنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مندر۔ مسجد کا تنازعہ ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ میں چلا گیا ہے ۔ اس کے باوجود ہندو اور مسلمانوں کو ایک ساتھ مل بیٹھ کر اس مسئلہ کا حل نکالنا چاہئے تاکہ یہ تنازعہ کم از کم اب ختم ہوجائے۔92سالہ ہاشم انصاری کافی علیل ہیں ۔ انہوں نے مسجد کی فکر کرنے والوں سے کہا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کو اپنے اراکین کے ساتھ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کر کے بابری مسجد کی دوبارہ تعمیر کے سلسلہ میں مطالبہ کرنا چاہئے ۔

Ram temple, Article 370 on BJP's agenda, but focus on development: Sadananda Gowda

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں