ترقیاتی ایجنڈہ کے نام پر مودی حکومت غریبوں کے حق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے - راہول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-18

ترقیاتی ایجنڈہ کے نام پر مودی حکومت غریبوں کے حق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے - راہول

نئی دہلی
یو این آئی
نریندر مودی حکومت کے خلاف جنگ کو آگے بڑھاتے ہوئے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے آج پارلیمنٹ اسٹریٹ پر مرکز پر غریبوں کے مفادات کو بالائے طاق رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ترقیات ایجنڈا کے نام پر غریبوں کے جائز حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ گاندھی جو چھتیس گڑھ کے دو روزہ دورہ کے بعد شہر آئے ہیں، جنتر منتر میں بالمیکی سماج کے دھرنے میں شریک ہوتے ہوئے انتہائی جارحانہ اندازمیں کہا کہ یہ ددہلی کی سڑکوں سے غلاظت صاف کرنے کے لئے نہیں بلکہ سماج اور ملک سے برائیوں کو ختم کرنے کے لئے دھرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنتر منتر کا اسٹیج صفائی ملازمین تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ غریبوں ، مزدوروں اور کسانوں کے حقوق کے لئے لڑائی کا پلیٹ فارم بھی ہے ۔ حکومت کے ترقیاتی ہوا کو بے نقاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ غریبوں کے لئے کوئی ترقی نہیں ہورہی ہے ۔ لیکن منصوبہ بند انداز میں ترقیاتی پراجکٹس کے نام پر غریبوں کی زمین چھینی جارہی ہے ۔ کانگریس نائب صدر نے یہ بات واضح کردی کہ اس مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ ترقیاتی پراجکٹس کے نام پر غریبوں کو لوٹا جارہا ہے۔ وہ بالواسطہ طور پر حصول اراضی بل کا حوالہ دے رہے تھے ۔ اپنے دورہ چھتیس گڑھ کے تعلق سے گاندھی نے کہا کہ انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ غریبوں کا درد بانٹنے والا کوئی نہیں ہے ۔ صفائی ملازمین کے تئیں اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے گاندھی نے کہا کہ یہ ان کے وقارکے تحفظ کی مہم ہے اور انہیں ان کے حقوق ملنے تک وہ مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ گاندھی نے مزید کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آیا یہ تحریک10دن تک چلتی ہے ، پچاس یا پھر سو دن تک چلتی ہے ، وہ ان کے ساتھ رہیں گے۔

Rahul spits fire against the Modi Government at Parliament street

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں