وزیراعظم کل اسمارٹ شہر اور مختلف پراجکٹس کا اعلان کریں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-24

وزیراعظم کل اسمارٹ شہر اور مختلف پراجکٹس کا اعلان کریں گے

نئی دہلی
یو این آئی
شہری علاقوں میں بسنے والے عوام کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اپنے خوابوں کے پراجکٹ، اسمارٹ سٹیز اٹل مشن،2022تک سب کے لئے مکان اسکیم کا25جون کو افتتاح کریں گے ۔ اس پراجکٹ پر تقریبا4لاکھ کروڑ روپے کے اخراجات کا امکان ہے ۔ یہ پروگرام25جون کو وگیان بھون میں منعقد کیاجائے گا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی100اسمارٹ شہروں کا خاکہ اور500اے ایم آر یو ٹی ( اٹل مشن) کا لائحہ عمل (روڈ میپ پلان) پیش کریں گے۔ اس کی اندرون پانچ سال تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ اس تقریب میں توقع ہے کہ وزیر اعظم اس بات کا اعلان کریں کہ کس ریاست کو کتنے اسمارٹ شہر ملیں گے اور مرکز کی طر ف سے انہیں کتنی مالی امداد دی جائے گی۔ مرکزی حکومت کے منصوبوں کے نفاذ کے لئے اس موقع پر ریاستوں کے لئے رہنمایانہ خطوط بھی پیش کریں گے ۔ شہری ترقیات کی وزارت کے حکام نے اس بابت بتایا کہ اسمارٹ سٹیز جن ریاستوں میں تعمیر کئے جائیں گے ان کے لئے علیحدہ و رہنمایانہ خطوط مدون کئے گئے ہیں تاکہ ان ریاستوں کو گرانٹ فراہم کئے جاسکیں ۔ اس منصوبہ میں مرکزی حکومت نے ریاست کے جن شہروں میں اسمارٹ سٹیز کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے اس میں وہاں کے میونسپل کمشنروں، میونسپل سکریٹریوں ، چیئرمین، میر ، غیر سرکاری تنظیمیں ، این جی اوز و دوسرے حصص داروں کو بھی شامل کیاجائے گا ۔ ان کے لئے علیحدہ علیحدہ ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئی ہیں ۔ منصوبے کے تحت پورے ملک میں100اسمارٹ سٹیز اور500اے ایم آر یوٹی شہروں کی تعمیر کی جائے گی جس پر5سال کے اندر تقریبا98ہزار کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے۔ حکومت نے فی الوقت48ہزار کروڑ روپے اسمارٹ شہرپراجکٹ کے لئے اور50ہزار کروڑ روپے اے ایم آر یو ٹی(اٹل مشن) کے لئے مختص کئے ہیں۔ مشن2022تک ہر ایک کے لئے مکان اسکیم کو حال ہی مین مرکزی کابینہ نے منظوری دی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت شہر میں رہنے والے غریبوں کے لئے حکومت دو کروڑ مکانات تیار کرے گی اور اسے ان کے حصول کے لئے آسان بنائے گی ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس اسکیم کو آئندہ سات برسوں میں پورا کیاجائے گا اور اس پر تقریبا تین لاکھ کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے ۔ ان پراجکٹوں کو بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے کا بھی حکومت نے فیصلہ کیا ہے تاکہ عام لوگوں تک اس کی اطلاع پہنچ سکے ۔ اس کے لئے پرنٹ میڈیا میں اشتہارات جاری کئے جائیں گے اور اسے سیریز کی طرح مسلسل شائع کیا جاتا رہے گا۔

PM Narendra Modi to launch three ambitious schemes to develop cities and towns

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں